چاند گہن کے مختلف مراحل کی فائل تصویر، سوشل میڈیا
آج، یعنی 7 ستمبر (اتوار) کو ہندوستان میں رواں سال کا سب سے طویل چاند گہن نظر آئے گا۔ اس چاند گہن کا دیدار دنیا کی 85 فیصد آبادی کر سکے گی۔ یہ ہندوستان کے مختلف شہروں میں تو دیکھا ہی جائے گا، ایشیا، یورپ، افریقہ، آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ میں بھی نظر آئے گا۔ شمالی اور جنوبی امریکہ کے لوگ اسے نہیں دیکھ سکیں گے، کیونکہ وہاں چاند کے طلوع ہونے سے پہلے ہی چاند گہن ختم ہو چکا ہوگا۔
Published: undefined
قابل ذکر ہے کہ جب ’زمین‘ سورج اور چاند کے درمیان آ جاتی ہے تو سورج کی روشنی چاند تک نہیں پہنچ پاتی۔ اس کی وجہ سے زمین کا سایہ چاند پر پڑتا ہے، اور پھر چاند گہن کا نظارہ دیکھنے کو ملتا ہے۔ نہرو سنٹر پلانیٹوریم (ممبئی) کے ڈائریکٹر ارون پرانجپے کے مطابق چاند گہن 7 ستمبر کی رات تقریباً 9:58 بجے شروع ہو جائے گا۔ رات میں تقریباً 11.01 بجے مکمل چاند گہن ہوگا اور 11.42 بجے یہ اپنے عروج پر نظر آئے گا۔ اس دوران آپ کو ’بلڈ مون‘ یعنی سرخ رنگ کا چاند دیکھنے کو ملے گا۔ 7 ستمبر کی دیر شب یعنی 8 ستمبر کو 1:26 بجے یہ چاند گہن ختم ہو جائے گا۔
Published: undefined
واضح ہو کہ چاند گہن سب سے خوبصورت فلکیاتی مظاہر میں سے ایک ہے۔ اگر ہندوستان میں موسم صاف رہا تو 82 منٹ کا یہ حیرت انگیز واقعہ ملک کے بیشتر حصوں میں بہ آسانی دیکھا جا سکے گا۔ قدیم زمانے میں جب لوگوں کو اس کے بارے میں جانکاری نہیں تھی، تو اسے لے کر کئی طرح کے توہمات رائج ہو گئے تھے۔ ہندوستانی ریاضی داں اور ماہر فلکیات آریہ بھٹ نے گہن کو لے کر سائنسی نقطۂ نظر لوگوں کے سامنے رکھا تھا اور بعد میں ان کے دلائل نے لوگوں کے خوف اور توہم پرستی کو دور کرنے میں مدد کی تھی۔ حالانکہ اب بھی کئی لوگ گہن کے دوران گھر کے باہر جانے یا کچھ کھانے سے بچتے ہیں۔ لیکن اس کا کوئی سائنسی ثبوت نہیں ہے۔ کئی لوگ یہ بھی مانتے ہیں کہ گہن کو ننگی آنکھوں سے نہیں دیکھنا چاہیے۔ سورج گہن کے معاملے میں یہ بات ٹھیک ہے، لیکن چاند گہن کے ساتھ ایسا نہیں ہے۔ چاند گہن کو دیکھنا مکمل طور سے محفوظ ہے اور اس طرح حیرت انگیز فلکیاتی واقعہ کا گواہ بننا اپنے آپ میں نہایت ہی دلچسپ ہے۔
Published: undefined
چاند گہن کو بہتر طریقے سے دیکھنے کے لیے ایک لمبی فوکل کے ساتھ دوربین کا بھی استعمال کیا جا سکتا ہے۔ چاند گہن کے لیے آپ شہر کی روشنی سے دور کسی چھت، پارک یا کھیت جیسے کھلے علاقوں میں جا سکتے ہیں۔ یہ آپ کے تجربہ کو مزید بہتر بنا دے گا۔ کئی مقامات یا سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر اسے براہ راست نشر بھی کیا جاتا ہے۔ بہرحال، یہ چاند گہن رواں سال کا آخری چاند گہن ہے۔ چونکہ اس طویل اور سرخ رنگ والے چاند گہن کا سبھی دیدار کرنا چاہیں گے، اس لیے ضروری ہے کہ آپ بھی پہلے سے تیاری کر لیں۔ یعنی اس کھلی جگہ کا انتخاب کر لیں، جہاں سے یہ چاند گہن دیکھنا دلچسپ اور سحر انگیز معلوم پڑے۔
Published: undefined
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: undefined