
کانگریس صدر کھڑگے، تصویر ’ایکس‘ @INCIndia
پارلیمنٹ کا مانسون اجلاس 20 جولائی سے شروع ہونے جا رہا ہے۔ اس دوران مرکز کی مودی حکومت ایک بار پھر خواتین کے ریزرویشن اور لوک سبھا کی نشستوں میں اضافہ کرنے والے حد بندی بل کو پیش کر سکتی ہے۔ اس خبر پر کانگریس صدر اور راجیہ سبھا میں اپوزیشن لیڈر ملکارجن کھڑگے نے اپنا سخت رد عمل ظاہر کیا ہے۔ انھوں نے اس تعلق سے نہ صرف افسوس ظاہر کیا ہے، بلکہ وزیر اعظم نریندر مودی کو خط بھی لکھا ہے۔ کانگریس صدر نے ترمیم شدہ 131ویں آئینی ترمیمی بل کے سلسلے میں وزیر اعظم مودی کو خط لکھ کر کل جماعتی اجلاس بلانے کا مطالبہ بھی کیا ہے۔
کانگریس صدر کھڑگے نے اپنے خط میں لکھا ہے کہ ’’میں معزز وزیر پارلیمانی امور کو خط لکھ کر مسلسل درخواست کرتا رہا ہوں کہ مرکزی حکومت حد بندی وغیرہ کے سلسلے میں اپنی تجاویز پر تبادلۂ خیال کے لیے ایک کل جماعتی اجلاس بلائے۔ ہماری ان درخواستوں کو قبول نہیں کیا گیا۔ اس کے بعد آئین (131ویں ترمیم) بل، 2026، 17 اپریل کو لوک سبھا میں مطلوبہ دو تہائی اکثریت حاصل کرنے میں واضح فرق سے ناکام رہا۔‘‘ انہوں نے مزید لکھا کہ ’’میں میڈیا رپورٹس میں پڑھ رہا ہوں کہ مرکزی حکومت اب پارلیمنٹ کے آئندہ مانسون اجلاس کے دوران 131ویں آئینی ترمیمی بل، 2026 کو دوبارہ پیش کرنے کی تجویز رکھتی ہے۔ میں ایک بار پھر درخواست کرتا ہوں کہ حد بندی وغیرہ پر حکومت کی ترمیم شدہ تجاویز پر بحث کے لیے ایک کل جماعتی اجلاس بلایا جائے۔ اسے پارلیمنٹ میں پیش کیے جانے سے پہلے ہمیں ان کا تفصیل سے مطالعہ کرنے کے لیے کافی وقت دیا جائے۔‘‘
قابل ذکر ہے کہ کانگریس نے اس بارے میں پہلے ہی اپنے فیصلہ سے مطلع کر دیا ہے کہ پارلیمنٹ کے مانسون اجلاس میں حد بندی بل اور کئی دیگر ممکنہ بلوں کی بھرپور مخالفت کرے گی۔ کانگریس رام مندر کے نذرانوں کی مبینہ چوری، پیپر لیک، ایتھنول اور خارجہ پالیسی کے معاملات پر بھی حکومت سے بحث اور جواب کا مطالبہ کرے گی۔ پارٹی نے کہا کہ لوک سبھا میں حکمراں پارٹی کو دو تہائی اکثریت ملنے کا امکان نہیں ہے، اس کے باوجود وہ مضبوطی کے ساتھ اپوزیشن کا اتحاد برقرار رکھنے کے لیے مختلف پارٹیوں سے رابطے میں ہے۔
پارٹی کی پارلیمانی حکمت عملی کو حتمی شکل دینے کے لیے کانگریس پارلیمانی پارٹی (سی پی پی) کی چیئرپرسن سونیا گاندھی کی رہائش گاہ ’10، جن پتھ‘ پر آج ایک اجلاس بھی منعقد ہوا۔ اس میں کانگریس صدر کھڑگے، لوک سبھا میں اپوزیشن لیڈر راہل گاندھی، تنظیم کے جنرل سکریٹری کے سی وینوگوپال، راجیہ سبھا میں کانگریس کے چیف وہپ جئے رام رمیش سمیت کئی سینئر لیڈران موجود تھے۔
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔