
کانگریس نے ملک میں بڑھتی ہوئی مہنگائی پر ایک بار پھر مرکز کی مودی حکومت کو تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔ کانگریس کے جنرل سکریٹری اور راجیہ سبھا رکن جے رام رمیش نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر لکھا کہ ’’ایسا لگتا ہے کہ مودی حکومت نے عام آدمی کی رسوئی پر چوطرفہ حملہ بول دیا ہے۔ رسوئی کا بجٹ پوری طرح تباہ ہو چکا ہے۔ مودی حکومت کی عوام مخالف پالیسیوں کی وجہ سے آٹے-دال سے لے کر تیل تک، رسوئی کا بجٹ مسلسل بگڑ رہا ہے اور مہنگائی آسمان پر ہے۔‘‘
اپنی ایکس پوسٹ میں جے رام رمیش مزید لکھتے ہیں کہ ’’صرف چند دوست سرمایہ دار ہی عیش کر رہے ہیں، لیکن کروڑوں خاندان بہت پریشان ہیں۔ لیکن لیکن حکومت مہنگائی پر قابو پانے کے بجائے صرف سچائی چھپانے میں مصروف ہے۔‘‘ ساتھ ہی انہوں نے لکھا کہ ’’عام آدمی کی تھالی مہنگی ہوتی جا رہی ہے، لیکن حکومت اعداد و شمار کی بازیگری سے مہنگائی پر قابو پانے کا دعویٰ کرنا چاہتی ہے۔‘‘ پوسٹ کے آخر میں انہوں نے لکھا کہ ’’مودی جی، یہ جو پبلک ہے، سب جانتی ہے۔ مہنگائی سے پریشان اتر پردیش، اتراکھنڈ، پنجاب، منی پور اور گوا کی عوام انتخابات میں آپ کو آٹے دال کا بھاؤ معلوم کرا دے گی۔‘‘
واضح رہے کہ کانگریس لیڈر جے رام رمیش نے اپنی پوسٹ میں ایک اخبار کا تراشا بھی شیئر کیا، جس کی سرخی ہے ’رسوئی کا بجٹ بگڑا: آٹا، دال سے لیموں تک کی قیمتیں آسمان پر‘۔ اس میں ذکر ہے کہ ’’مہنگائی کی مار سے عام آدمی کی رسوئی کا بجٹ بگڑ گیا ہے۔ خوردہ بازار میں روزمرہ کے راشن سے لے کر ہری سبزیوں تک کی قیمتوں میں تیزی درج کی گئی ہے۔ عالم باغ، فتح گنج اور نشات گنج کے خوردہ بازاروں میں گزشتہ 2 ہفتوں کے دوران آٹا، میدہ، مونگ دال سمیت دیگر غذائی اشیاء کی قیمتیں تیزی سے بڑھی ہیں۔ دوسری جانب سبزی بازار میں سب سے بڑا اضافہ لیموں کی قیمتوں میں ہوا ہے، جو 150 روپے سے بڑھ کر 200-220 روپے فی کلو ہو گیا ہے۔‘‘
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔