
تمل ناڈو کے گورنر راجندر وشوناتھ سے ملاقات کر حکومت سازی کا دعویٰ پیش کرتے ہوئے تھلاپتی وجئے
تصویر: سوشل میڈیا
3 سال قبل بنی پارٹی تمل ناڈو میں حکومت سنبھالنے کے لیے پوری طرح تیار ہے۔ تملگا ویتری کژگم (ٹی وی کے) کے سربراہ تھلاپتی وجئے کو وزیر اعلیٰ کا حلف لینے کی منظوری گورنر نے دے دی ہے۔ ہفتہ (9 مئی) کو وجئے نے لوک بھون میں گورنر راجندر وشوناتھ آرلیکر سے ملاقات کر حکومت سازی کا دعویٰ پیش کیا۔ انھوں نے گورنر کو دیگر پارٹیوں سے ملی حمایت کا خط بھی سونپا، جس کے بعد انھیں حلف برداری کی اجازت مل گئی۔ وزیر اعلیٰ تھلاپتی وجئے ہی ہوں گے، جبکہ کل کابینہ کے 9 وزراء بھی حلف اٹھائیں گے۔ ان میں 6 ٹی وی کے سے اور 3 کانگریس سے ہو سکتے ہیں۔
Published: undefined
قابل ذکر ہے کہ ٹی وی کے نے 108 اسمبلی سیٹوں پر کامیابی حاصل کی ہے، جن میں سے 2 سیٹیں تھلاپتی وجئے نے جیتی ہیں۔ اس طرح ٹی وی کے اراکین اسمبلی کی تعداد 107 ہوتی ہے۔ کانگریس کے 5 اراکین اسمبلی، بایاں محاذ کے 4 اراکین اسمبلی اور وی سی کے و آئی یو ایم ایل کے 2-2 اراکین اسمبلی کی حمایت سے مجموعی تعداد 120 ہو جاتی ہے، جو ضروری 118 اراکین اسمبلی سے زیادہ ہے۔ تمل ناڈو لوک بھون سے جاری پریس ریلیز کے مطابق 10 مئی (اتوار) کی صبح 10 بجے نہرو اسٹیڈیم میں حلف برداری تقریب منعقد کی جائے گی۔ پریس ریلیز میں یہ بھی مطلع کیا گیا ہے کہ اسمبلی میں اکثریت 13 مئی یا اس سے قبل ثابت کرنی ہوگی۔
Published: undefined
واضح رہے کہ پہلے حلف برداری تقریب کے لیے 3.15 بجے کا وقت مقرر کیا گیا تھا، لیکن بعد میں تبدیلی کی گئی اور صبح 10 بجے کا وقت طے کیا گیا۔ وجئے اس سے قبل 3 دنوں تک گورنر سے ملاقات کر حکومت سازی کا دعویٰ پیش کرتے رہے تھے، لیکن انھیں ضروری نمبر ثابت کرنے اور پارٹیوں کی حمایت کا خط پیش کرنے کے لیے کہا گیا تھا۔ آج وی سی کے اور آئی یو ایم ایل کے ذریعہ باضابطہ حمایت کا خط دینے کے بعد حلف برداری کا راستہ ہموار ہو سکا۔
Published: undefined
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: undefined