قومی خبریں

تلنگانہ: حیدرآباد و دیگر اضلاع میں تیز آندھی کے ساتھ بارش، سڑکوں پر بھرا پانی

اس بے موسمی بارش کے سبب گزشتہ چند ہفتوں سے شدید گرمی کا سامنا کرنے والے شہریوں کو قدرے راحت نصیب ہوئی۔ تلنگانہ کے دارالحکومت حیدرآباد کے علاوہ میڑچل، رنگاریڈی، ناگرکرنول اضلاع میں بھی بارش ہوئی۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا 

حیدرآباد: شہر حیدرآباد کے کئی علاقوں میں ہفتہ کی دوپہر اچانک طوفانی ہواؤں کے ساتھ بارش ہوئی جس کے نتیجہ میں لوگوں کو گرمی سے راحت نصیب ہوئی اور درجہ حرارت میں کمی واقع ہوئی۔ بارش کے سبب سڑکوں پرپانی جمع ہوگیا۔

Published: 16 May 2020, 10:11 PM IST

شہر کے خیریت آباد، سوماجی گوڑہ، پنجہ گٹہ، کوٹھی، بیگم بازار، عابڈز، حمایت ساگر، بشیر باغ، نامپلی، عنبر پیٹ، کاچی گوڑہ، نلہ کنٹہ، مہدی پٹنم، لنگرحوض، چمپاپیٹ، سرورنگر، ملک پیٹ، کوتہ پیٹ اور پرانا شہر حیدرآباد کے کئی علاقوں میں بارش ہوئی۔ صبح میں شہر میں شدید گرمی دیکھی گئی تھی تاہم دوپہر میں اچانک گرج وچمک کے ساتھ کچھ دیر کیلئے بارش ہوئی۔

Published: 16 May 2020, 10:11 PM IST

اس بے موسمی بارش کے سبب گزشتہ چند ہفتوں سے شدید گرمی کا سامنا کرنے والے شہریوں کو قدرے راحت نصیب ہوئی۔ تلنگانہ کے دارالحکومت حیدرآباد کے علاوہ میڑچل، رنگاریڈی، ناگرکرنول اضلاع میں بھی بارش ہوئی۔ حیدرآباد کے محکمہ موسمیات کے مرکز نے کہا ہے کہ حیدرآباد میں طوفان کے کوئی اثرات نہیں ہیں۔

Published: 16 May 2020, 10:11 PM IST

بارش کے سبب حیدرآباد کے وینگل راو پارک، کے بی آر پارک، رام گوپال پیٹ، این ٹی آر ٹرسٹ بھون اور دیگر علاقوں میں درخت سڑکوں پر گر گئے جس سے گاڑیوں کی آمد ورفت متاثر ہوئی۔ اطلاع ملتے ہی گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن (جی ایچ ایم سی) کے اہلکار وہاں پہنچے اور درختوں کو سڑکوں سے ہٹاکر ٹریفک کے لئے سڑک کو بحال کرنے کا کام انجام دیا۔

Published: 16 May 2020, 10:11 PM IST

بعض مقامات پر سڑکیں جھیل کا منظر پیش کر رہی تھیں۔ طوفانی ہواؤں کے ساتھ ہوئی بارش کے نتیجہ میں سیتارام باغ کے دتاتریہ پہاڑ علاقہ میں مندر کا شیڈ گرپڑا۔ اس واقعہ میں کسی کے زخمی ہونے کی کوئی اطلاع نہیں ملی ہے۔ بارش کے نتیجہ میں بجلی کی سپلائی بھی متاثر رہی۔

Published: 16 May 2020, 10:11 PM IST

موٹرسائیکل سواروں کو پنجہ گٹہ اور شہر حیدرآباد کے دیگر علاقوں میں گھٹنے تک پانی میں گاڑیاں چلانا پڑا۔ نٹراج نگر، راجیو نگر اور دیگر علاقوں میں بھی سڑکوں پر پانی جمع ہونے کی اطلاعات ملی ہیں۔تلنگانہ اسٹیٹ ڈیولپمنٹ پلاننگ بورڈ سوسائٹی کے آٹومیٹک ویدر اسٹیشن نے شیخ پیٹ علاقہ میں ساڑھے تین بجے دن تک 55.33 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی۔ امیر پیٹ میں 54.3، خیریت آباد میں 41.8، بالانگر میں 41.3 اور کوکٹ پلی علاقہ میں 27.3 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔

Published: 16 May 2020, 10:11 PM IST

اسی دوران محکمہ موسمیات نے کہا ہے کہ شمالی ساحلی اے پی، یانم، رائل سیما کے بعض مقامات پر اتوار سے آئندہ چار دنوں تک گرج وچمک کے ساتھ بارش اور 40 تا 50 کیلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چلیں گی۔ اپنے بلیٹن میں محکمہ نے کہا کہ آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران تلنگانہ کے بعض مقامات پر بھی بارش کا امکان ہے۔ آئندہ 48 گھنٹوں کے دوران تلنگانہ،رائل سیما میں بعض مقامات پر درجہ حرارت کے 41 تا 43 ڈگری کے درمیان درج ہونے کا امکان ہے۔ اعظم ترین درجہ حرارت42.8 ڈگری سلسیس تلنگانہ کے ضلع میدک میں درج کیا گیا جبکہ 41.7 ڈگری سلسیس اے پی کے کرنول ضلع میں درج کیا گیا۔ دریں اثنا محبوب نگر ضلع میں طوفانی ہواوں کے نتیجہ میں زیر تعمیر ٹول گیٹ کے گرپڑنے کے نتیجہ میں ایک جوڑا ہلاک ہوگیا۔ ضلع کے میڑچل منڈل کے منانورم علاقہ میں یہ واقعہ پیش آیا۔ یہ ریک اتنا وزنی تھا کہ جوڑا موقع پر ہی ہلاک ہوگیا۔ یہ واقعہ کل شب پیش آیا۔ مرنے والوں کی شناخت کرشنیا اور پُشپا کے طور پر کی گئی ہے۔

Published: 16 May 2020, 10:11 PM IST

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔

Published: 16 May 2020, 10:11 PM IST