قومی خبریں

تمل ناڈو: ٹی وی کے اتحاد کو ملا نام، ضمنی انتخاب سے قبل وزیر اعلی وجے کی اہم پیش رفت

ٹی وی کے کی قیادت والے اتحاد کا نام ’سیکولر سوشل جسٹس وکٹری الائنس‘ رکھا گیا ہے۔ یہ نام سیکولرزم اور سماجی انصاف کے اصولوں کو ظاہر کرتا ہے۔

<div class="paragraphs"><p>تمل ناڈو کے وزیر اعلیٰ جوزف وجے، تصویر/آئی اے این ایس</p></div>

تمل ناڈو کے وزیر اعلیٰ جوزف وجے، تصویر/آئی اے این ایس

 

تمل ناڈو کے وزیر اعلی وجے نے بتایا کہ ان کی پارٹی ’تملگا ویتری کزگم‘ (ٹی وی کے) کی قیادت والے اتحاد کا نیا نام ’سیکولر سوشل جسٹس وکٹری الائنس‘ (جمہوری سماجی انصاف فتح اتحاد) رکھا گیا ہے۔ یہ نام سیکولرزم اور سماجی انصاف کے اصولوں کو ظاہر کرتا ہے۔ اس اتحاد میں ٹی وی کے اور کانگریس کے علاوہ ایم ڈی ایم کے، آئی یو ایم ایل اور وی سی کے بھی شامل ہے۔ اس اتحاد کی قیادت ٹی وی کے کرے گی۔ یہ اتحاد آئندہ ضمنی انتخاب میں پہلی بار الیکشن لڑے گا۔

وی سی کے لیڈر ایس ایس بالاجی نے کہا ہے کہ اتحاد کا یہ نام وزیر اعلی کا اپنا خیال تھا۔ انہوں نے بتایا کہ اس نام سے سبھی کو پیغام پہنچے گا کہ یہ اتحاد بی جے پی اور فاشسٹ طاقتوں کی مخالفت کرتا ہے۔ لوگ کہتے رہے ہیں کہ بی جے پی کے تئیں ٹی وی کے نرم ہے، لیکن اب سب کے سامنے صورتحال صاف ہو جائے گی۔ اس اتحاد سے متعلق تمل ناڈو کانگریس کمیٹی کے صدر منیکم ٹیگور نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ تمل ناڈو میں ٹی وی کے اور کانگریس کے درمیان کوئی اختلاف نہیں ہے اور تمل ناڈو مناسب وقت پر اتحاد کی طرف سے وزیر اعظم کے امیدوار کا اعلان کرے گا۔

جب وی سی کے لیڈر بالاجی سے پوچھا گیا کہ کیا ٹی وی کے اپوزیشن اتحاد ’انڈیا‘ میں شامل ہوگی، تو انہوں نے کہا کہ ایسا تبھی ہوگا جب ٹی وی کے کے پاس رکن پارلیمنٹ ہوں۔ فی الحال ٹی وی کے کے پاس کوئی رکن پارلیمنٹ نہیں ہے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ اتحاد کا نام اتفاق رائے سے رکھا گیا ہے اور یہ جمہوری سماجی انصاف کے اصولوں پر مبنی ہے۔

قابل ذکر ہے کہ تمل ناڈو میں ٹی وی کے اتحاد کا نام طے کرنے کے لیے 9 ستمبر کو میٹنگ ہوئی تھی۔ چنئی کے پنایور واقع ٹی وی کے ہیڈکوارٹر میں ہوئی اس میٹنگ میں کانگریس، وی سی کے، ایم ڈی ایم کے اور آئی یو ایم ایل کے سرکردہ لیڈران شامل ہوئے۔ میٹنگ میں اتحاد کی آئندہ کی حکمت عملیوں اور انتخابی تال میل سے متعلق تبادلہ خیال ہوا۔ کانگریس کی طرف سے منکم ٹیگور، تھاراگائی کتھبرٹ اور پروین چکرورتی میٹنگ میں موجود رہے، جبکہ وی سی کے کی طرف سے پارٹی چیف تھول تھروماولون کے ساتھ ونی ارسو، روی کمار اور سنتھنئی سیلون کی شرکت ہوئی۔ ایم ڈی ایم کے کی طرف سے پارٹی چیف وائیکو اور دورئی وائیکو نے میٹنگ میں حصہ لیا، جبکہ آئی یو ایم ایل کی جانب سے کے ایم قادر محی الدین اور شاہجہاں موجود تھے۔ سی پی ایم اور سی پی آئی اس میٹنگ میں شامل نہیں ہوئے۔

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔