قومی خبریں

کرناٹک اسمبلی میں ’مسلم ریزرویشن‘ معاملے پر زوردار ہنگامہ، بی جے پی کے 18 اراکین اسمبلی 6 ماہ کے لیے معطل

ایوان کی کارروائی میں رخنہ ڈالنے کا الزام عائد کرتے ہوئے اسپیکر یو ٹی قادر نے اپوزیشن بی جے پی سے تعلق رکھنے والے 18 اراکین اسمبلی کو 6 ماہ کے لیے معطل کرنے کا حکم جاری کیا ہے۔

کرناٹک اسمبلی، تصویر آئی اے این ایس
کرناٹک اسمبلی، تصویر آئی اے این ایس 

کرناٹک اسمبلی میں آج کارروائی کے دوران مسلمانوں کو ریزرویشن دینے اور ہنی ٹریپ کے تعلق سے زوردار ہنگامہ دیکھنے کو ملا۔ ہنگامہ اس قدر شدید تھا کہ ایوان کی کارروائی رخنہ انداز کرنے کے الزام میں بی جے پی کے 18 اراکین اسمبلی کو معطل کرنا پڑا۔ اسمبلی اسپیکر یو ٹی قادر نے اپوزیشن بی جے پی کے 18 اراکین اسمبلی پر کارروائی میں رکاوٹ پیدا کرنے کا الزام عائد کرتے ہوئے 6 ماہ کے لیے معطل کرنے کا حکم جاری کیا ہے۔

Published: undefined

یو ٹی قادر نے بی جے پی اراکین اسمبلی کے ذریعہ ہنگامہ کیے جانے پر شدید رد عمل ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ اسپیکر کی کرسی پر بیٹھے قادر آپ کو معاف کر سکتے ہیں، لیکن چیئر کی بے عزتی کرنے والوں کو معاف نہیں کیا جا سکتا۔ اس تبصرہ کے بعد اسمبلی اسپیکر ایوان سے معطل کیے گئے اراکین کے نام ایک ایک کر لیتے گئے اور مارشلوں نے انھیں ایک ایک کر کے اٹھایا، پھر باہر لے گئے۔

Published: undefined

بی جے پی کے معطل اراکین اسمبلی کے جو نام سامنے آئے ہیں، ان میں ڈوڈان گوڑا پاٹل، ڈاکٹر اشوتھ نارائن، برتی بسوراج، ڈاکٹر شیلندر بیلڈلے، منی رتن، دھیرج، منی راجو، بی پی ہریش، ڈاکٹر بھرت شیٹی، چندرو لمانی، اوماناتھ کوٹین، سی کے رام مورتی، بسوراج، ایس آر وشوناتھ وغیرہ شامل ہیں۔ ان سبھی کو اسمبلی کی کارروائی سے 6 ماہ کے لیے معطل کرنے کا حکم جاری کیا گیا ہے۔

Published: undefined

دراصل کرناٹک کی سیاست میں ہلچل مچانے والے ہنی ٹریپ اور مسلم ریزرویشن کے ایشوز پر جمعہ کی صبح سے ہی اسمبلی کی کارروائی میں زوردار ہنگامہ ہو رہا تھا۔ صبح ایوان کی کارروائی شروع ہوتے ہی اپوزیشن نے ہنی ٹریپ کا ایشو اٹھایا اور اعلیٰ سطحی جانچ کے مطالبہ پر زور دیا۔ بعد میں وزیر اعلیٰ نے بھی اس پر رد عمل ظاہر کرتے ہوئے اپنی ناراضگی ظاہر کی۔ اس کے بعد حکومت نے مسلم ریزرویشن بل پر بحث آگے بڑھائی۔ اس درمیان بی جے پی اراکین اسمبلی نے سخت اعتراض ظاہر کیا۔ انھوں نے بل کی کاپیاں پھاڑ کر اسپیکر کی طرف پھینک دیں، اور ’ہنی ٹریپ حکومت‘ جیسے نعرے لگائے۔ اس درمیان اسپیکر نے اراکین اسمبلی سے صبر کی تلقین کی اور کارروائی میں رخنہ پیدا نہ کرنے کی اپیل بھی کی۔ لیکن اپوزیشن اراکین اسمبلی نے اپنا ہنگامہ جاری رکھا۔ نتیجہ کار بڑی تعداد میں بی جے پی اراکین اسمبلی کو معطلی کا سامنا کرنا پڑا۔

Published: undefined

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔

Published: undefined