
تمل ناڈو میں توتیکورن تشدد کے دوران پولس کی طرف سے کی گئی فائرنگ کے مدے پر وزیر اعلیٰ ای کے پلانیسوامی نے پولس اہلکاروں کا بچاؤ کیا ہے۔ انہوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا، ’’اگر کسی پر حملہ ہوگا تو قدرتی سی بات ہے کہ وہ اپنا بچاؤ کرے گا۔ توتیکورن میں بھی پولس نے ایسا ہی کیا۔‘‘
ایم کے اسٹالن حراست میں
تمل ناڈو میں سیکریٹریٹ کے باہر مظاہرہ کر رہے ڈی ایم کے کے کارگزار صدر ایم کے اسٹالن کو پول نے حراس میں لے لیا ہے۔ پولس نے ان کے حامیوں کو بھی حراست میں لیا ہے۔ اسٹالن توتیکورن تشدد میں 13 افراد کی ہلاکت کی مخلافت میں سیکریٹریٹ کے باہر دھرنا دے رہے تھے۔
تمل ناڈو کے توتیکورن علاقہ میں اسٹرلائٹ کاپر پلانٹ کے خلاف احتجاجی مظاہرے ہو رہے ہیں پولس فائرنگ کے دوران ہلاک ہونے والے لوگوں کی تعداد 13 تک پہنچ گئی ہے جبکہ 70 سے زیادہ زخمی لوگوں کا علاج چل رہا ہے۔ ساحلی علاقوں میں بھاری تعداد میں پولس فورس کی تعیناتی کی گئی ہے اور اگلے 5 دنوں کے لئے انٹرنیٹ خدمات پر روک لگا دی گئی ہے۔
کانگریس صدر راہل گاندھی اسٹرلائٹ کاپر پلانٹ کے خلاف احتجاجی مظاہروں کے دوران پولس فائرنگ میں مارے گئے 13 لوگوں کے اہل خانہ سے ملنے توتیکورن جا سکتے ہیں۔ کانگریس پارٹی توتیکورن کے حالات معمول پر آنے کا انتظار کر رہی ہے۔ راہل گاندھی کا دورہ ایک یا دو دن میں طے ہو سکتا ہے۔
تمل ناڈو کے توتیکورن میں احتجاجی مظاہروں کے سبب اسٹرلائٹ کاپر پلانٹ بند ہونے سے 32500 نوکریوں پر اثر پڑے گا۔ ان میں سے 3500 لوگوں کے روزگار پر سیدھا اثر پڑے گا جبکہ 30 سے 40 ہزار نوکریوں پر بالواسطہ طور پر اثر پڑے گا۔
اسٹرلائٹ کاپر پلانٹ میں 2500 ملازمین کنٹریکٹ پر کام کرتے ہیں جنہیں کمپنی نے نوٹس جاری کر دیا ہے۔ کم از کم 30 ہزار افراد کارخانہ بند ہونے سے بیروزگار ہو گئے ہیں جوکہ سپلائی، لاجیسٹکس، ٹرانسپورٹ، کاپر وائر یونٹ و دیگر سرگرمیوں کے ذریعے کارخانہ سے بالواسطہ طور سے جڑے ہوئے تھے۔ پلانٹ بند ہو جانے کی وجہ سے ان لوگوں کے سامنے ذریعہ معاش کا بحران پیدا گیا ہے۔
تمل ناڈو آلودگی کنٹرول بورڈ نے پلانٹ کا لائسنس تجدید کرنے سے انکار کر دیا ہے، بورڈ نے اپریل کے بعد سے تین اہم التزامات کا ذکر کیا ہے۔ بورڈ نے پایا کہ اسٹرلائٹ نے گندگی ندیوں میں بہاتے ہوئے ماحولیات کے اصولوں کی خلاف ورزی کی۔ ساتھ ہی پلانٹ کے نزدیک ٹیوب ویل کے پانی کو لے کر پلانٹ نے بورڈ کو رپورٹ نہیں دی تھی۔
حالانکہ اسٹرلائٹ نے ان الزامات کو خارج کر دیا ہے۔ مقامی لوگوں میں آلودہ پانی کے چلتے کینسر ہونے کے بارے میں کمپنی کے سی ای او رام ناتھ نے کہا کہ یہ سب افواہیں ہیں جن کی تشہیر کی جا رہی ہے۔
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: 24 May 2018, 12:42 PM IST