قومی خبریں

تیس ہزاری میں خاتون ڈی سی پی کی ’لنچنگ‘ کی کوشش ہوئی تھی، جانچ رپورٹ میں انکشاف

دہلی کی تیس ہزاری عدالت احاطہ میں وکیلوں اور پولس سے تصادم کے دوران بھیڑ نے خاتون ڈی سی پی مونیکا بھاردواج کی لنچنگ کی کوشش کی تھی۔ یہ انکشاف معاملے کی اعلیٰ سطحی جانچ میں ہوا ہے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا 

دہلی پولس کی خصوصی برانچ کی ایک ٹاپ سیکرٹ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ 2 نومبر کو تیس ہزاری کورٹ میں تقریباً 200 لوگوں کی بھیڑ نے دہلی پولس کی ڈی سی پی مونیکا بھاردواج پر حملہ کر دیا تھا اور ان کی ’لنچنگ‘ کی جا سکتی تھی۔ اسی دن عدالتی احاطہ میں وکیلوں اور پولس کے درمیان تصادم ہوا تھا۔ رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ اگر کچھ پولس والوں نے انھیں نہیں بچایا ہوتا تو ان کے ساتھ کچھ بھی ہو سکتا تھا۔ اسپیشل برانچ کی اس رپورٹ کی تصدیق ڈی سی پی کے پی ایس او کے اس آڈیو کلپ سے بھی ہوتی ہے جس میں وہ اپنے کسی ساتھی کو پورا واقعہ بتا رہے ہیں۔

Published: 08 Nov 2019, 11:11 AM IST

اس واقعہ کا ویڈیو بھی وائرل ہو رہا ہے جس میں صاف نظر آ رہا ہے کہ کس طرح وکیلوں اور دوسرے لوگوں کی بھیڑ ڈی سی پی مونیکا بھاردواج کا پیچھا کر رہی ہے۔ اس کے علاوہ دیگر ویڈیو میں نظر آ رہا ہے کہ عدالتی احاطہ میں پولس کی گاڑیوں کو آگ لگائی جا رہی ہے۔ یہ ویڈیو اب معاملے کی جانچ کا اہم حصہ ہے۔ ویڈیو سے واضح ہے کہ بھاردواج کا پی ایس او اور کچھ دیگر کانسٹیبل کو مشتعل بھیڑ نے گھیر رکھا ہے۔ اس بھیڑ میں زیادہ تر لوگ وکیلوں کی پوشاک پہنے ہوئے ہیں اور مونیکا بھاردواج اور دوسرے پولس والوں پر حملہ کر رہے ہیں۔

Published: 08 Nov 2019, 11:11 AM IST

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ خاتون ڈی سی پی اور ان کے اسٹاف کی بری طرح پٹائی کی گئی اور نزدیک کی پولس چوکی کو مدد کے لیے بھیجے گئے پیغام پر فوراً کارروائی کی گئی۔ دہلی کوتوالی کے ایس ایچ او انسپکٹر راجیو بھاردواج 12-10 پولس والوں کے ساتھ فوراً موقع پر پہنچ گئے تھے اور انھوں نے مونیکا بھاردواج اور دیگر پولس والوں کو بھیڑ سے بچایا تھا۔

Published: 08 Nov 2019, 11:11 AM IST

رپورٹ مین انکشاف کیا گیا ہے کہ اگر یہ پولس ٹیم موقع پر نہیں پہنچتا تو بھیڑ ڈی سی پی مونیکا بھاردواج اور ان کے ساتھیوں کی لنچنگ کر سکتی تھی۔ ڈی سی پی کو بچانے کی قواعد میں انسپکٹر بھاردواج کو بھی سر میں چوٹ لگی تھی اور دوسرے کانسٹیبل بھی سنگین طور پر زخمی ہوئے تھے۔ ان میں سے ایک کانسٹیبل کے کان کا پردہ پھٹ گیا اور اسے سنگین حالت میں نزدیک کے اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔

Published: 08 Nov 2019, 11:11 AM IST

ویڈیو کے علاوہ تقریباً 5 منٹ کا آڈیو کلپ بھی وائرل ہو رہا ہے جس میں پولس والا کہتے سنا جا سکتا ہے کہ کس طرح موقع پر موجود ڈی سی پی مونیکا بھاردواج کے ساتھ گالی گلوچ اور مار پیٹ کی گئی۔ اتنا ہی نہیں، ان کے پی ایس او کا ریوالور بھی چھیننے کی کوشش کی گئی۔ آڈیو کلپ میں کہا جا رہا ہے کہ پی ایس او کو لوہے کی چین سے بیہوش ہونے تک پیٹا گیا اور واقعہ کے بعد عدالت سے باہر آ کر مونیکا بھاردواج کس طرح دیر تک روتی رہیں۔

Published: 08 Nov 2019, 11:11 AM IST

پولس ذرائع کا کہنا ہے کہ آڈیو کلپ ڈی سی پی کے پی ایس او اور اس کے ایک معاون کے درمیان بات چیت کا ہے۔ اس نے اپنے ساتھی کو بتایا کہ اس حملے میں اس کے کندھے کی ہڈی ٹوٹ گئی ہے اور ہاتھ و پسلیوں میں چوٹیں لگی ہیں۔ آڈیو کلپ سے پتہ چلتا ہے کہ 400-300 لوگوں نے ان پر حملہ کیا تھا اور اس کا ریوالور چھیننے کی کوشش کی گئی اور ڈی سی پی کو پیٹا گیا۔ بات چیت میں کہا گیا ہے کہ جس لوہے کی چین سے گیٹ بند کرتے ہیں، اسی سے پی ایس او کو سر پر حملہ کیا گیا تھا۔

Published: 08 Nov 2019, 11:11 AM IST

دہلی پولس ہیڈکوارٹر میں تعینات ایک ڈی سی پی نے کہا کہ اس معاملے میں ایک اعلیٰ سطحی جانچ کی جا رہی ہے اور اس واقعہ سے جڑے آڈیو و ویڈیو کلپ سے بہت سی جانکاریاں مل رہی ہیں۔ اس کے علاوہ سی سی ٹی وی فوٹیج کو بھی جانچ میں شامل کیا جا رہا ہے۔

Published: 08 Nov 2019, 11:11 AM IST

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔

Published: 08 Nov 2019, 11:11 AM IST