قومی خبریں

امرتسر میں سوشل میڈیا انفلوئنسر کا قتل، برطانیہ میں مقیم گینگسٹر نے لی ذمہ داری

کانگریس کے سینئر لیڈر ڈاکٹر راج کمار ویرکا نے کہا کہ امرتسر میں کھلے عام گولیاں چل رہی ہیں اور لوگ اپنی جانیں گنوا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب میں خوف اور عدم تحفظ کا ماحول بنا ہوا ہے۔

<div class="paragraphs"><p>میڈ سندھو، تصویر سوشل میڈیا</p></div>

میڈ سندھو، تصویر سوشل میڈیا

 

امرتسر میں سوشل میڈیا انفلوئنسر میڈ سندھو کو گولی مار کر قتل کر دیا گیا۔ لوہارکا روڈ علاقے میں موٹر سائیکل سوار دو نامعلوم حملہ آوروں نے ان پر اندھا دھند فائرنگ کی۔ واردات کے بعد علاقے میں خوف و ہراس کا ماحول پیدا ہو گیا ہے۔ گولڈی ڈھلون اور جگا ترن تارن نے سوشل میڈیا پوسٹ کے ذریعے قتل کی ذمہ داری قبول کی ہے۔ وہیں پنجاب پولیس کے ذرائع کے مطابق گولڈی ڈھلون فی الحال فرار ہے اور اس کے برطانیہ میں چھپے ہونے کی اطلاع ہے۔ معاملے کی اطلاع دیتے ہوئے پولیس افسر اے ڈی سی پی وینیلا نے بتایا کہ واردات شام تقریباً 6 بجے لوہارکا روڈ پر انجام دی گئی۔ انہوں نے کہا کہ موٹر سائیکل پر سوار ہو کر آئے 2 نامعلوم حملہ آوروں نے میڈ سندھو پر اچانک گولیاں چلائیں اور واردات کو انجام دینے کے بعد موقع سے فرار ہو گئے۔

گولی لگنے کے بعد میڈ سندھو کو انتہائی نازک حالت میں فوری قریبی اسپتال لے جایا گیا، لیکن ڈاکٹروں نے انہیں مردہ قرار دے دیا۔ پولیس آفیسر نے بتایا کہ پولیس کی کئی ٹیمیں معاملے کی تحقیقات میں مصروف ہیں۔ پولیس کو ملزمین سے متعلق کچھ اہم سراغ ملے ہیں۔ پولیس کا کہنا ہے کہ حملہ آوروں کو جلد گرفتار کر لیا جائے گا۔ اس واردات کے بعد ریاست میں سیاست بھی تیز ہو گئی ہے۔ کانگریس کے سینئر لیڈر ڈاکٹر راج کمار ویرکا نے واردات پر غم و غصے کا اظہار کرتے ہوئے عام آدمی پارٹی کی حکومت پر سخت تنقید کی ہے۔ ڈاکٹر ویرکا نے کہا کہ امرتسر میں کھلے عام گولیاں چل رہی ہیں اور لوگ اپنی جانیں گنوا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب میں خوف اور عدم تحفظ کا ماحول بنا ہوا ہے۔

حکومت پر تنقید کرتے ہوئے ویرکا نے الزام عائد کیا کہ پنجاب میں قانونی نظم و نسق کی حالت بدتر ہو چکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایک طرف نوجوان منشیات کی وجہ سے مر رہے ہیں اور دوسری طرف سرعام قتل ہو رہے ہیں، لیکن حکومت بڑے بڑے اشتہارات اور ہورڈنگز کے ذریعے سب کچھ ٹھیک ہونے کا جھوٹا دعویٰ کر رہی ہے۔ ویرکا نے کہا کہ پنجاب کے عوام خوف زدہ ہیں۔ انہوں نے بھگونت مان اور اروند کیجریوال سے ریاست کی صورتحال کی ذمہ داری لیتے ہوئے پنجاب کے عوام سے معافی مانگنے کا مطالبہ کیا۔ فی الحال پولیس حملہ آوروں کی شناخت کے لیے آس پاس کے سی سی ٹی وی فوٹیج کھنگال رہی ہے۔

پنجاب پولیس ذرائع کے مطابق اسپین میں ایک گولڈی ڈھلون کو گرفتار کیا گیا تھا۔ حالانکہ جب پنجاب پولیس نے اس کی تصویر میڈرڈ پولیس کو بھیجی تو پتہ چلا کہ گرفتار کیا گیا شخص وہ گینگسٹر نہیں تھا، جس کی پولیس کو تلاش تھی۔ اس کے بعد اصل گولڈی ڈھلون فرار ہے۔ گولڈی ڈھلون کا پورا نام گرپریت سنگھ عرف گولڈی ڈھلون بتایا جاتا ہے۔ اسے گولڈی برار کا قریبی ساتھی بتایا جاتا ہے۔ پولیس ذرائع کے مطابق وہ کئی ماہ تک جرمنی میں رہا اور اب اس کے برطانیہ میں چھپے ہونے کی اطلاع ہے۔ گولڈی ڈھلون پر پنجاب، چنڈی گڑھ اور کناڈا میں کاروباری افراد کو نشانہ بنا کر بھتہ خوری کے نیٹ ورک چلانے کا الزام ہے۔ اس پر قتل، فائرنگ اور ہتھیاروں و منشیات کی اسمگلنگ سے متعلق معاملات میں بھی ملوث ہونے کا الزام ہے۔

پولیس کے مطابق جون 2026 میں چنڈی گڑھ کے سیکٹر-11 میں کیمسٹ کی دکان کے کیشیئر جانکی داس کے دن دہاڑے قتل کے معاملے میں بھی گولڈی ڈھلون اہم ملزمین میں شامل ہے۔ پولیس کا الزام ہے کہ اس نے بیرون ملک سے ہٹ اسکواڈ کے ذریعے اس قتل کی سازش کو انجام دیا تھا۔ اس کے علاوہ چنڈی گڑھ کے سیکٹر-5 میں 2024 میں ہوئی فائرنگ کے معاملے میں بھی اس کا نام سامنے آیا تھا۔ این آئی اے کی چارج شیٹ میں گولڈی ڈھلون کا نام گولڈی برار کے ساتھ شامل ہے۔ گولڈی ڈھلون کے خلاف این آئی اے نے ریڈ کارنر نوٹس جاری کیا ہے۔ اس کی گرفتاری کے لیے 10 لاکھ روپے کا انعام بھی مقرر کیا گیا ہے۔

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔