
ویڈیو گریب
’ووٹ چوری‘ کے خلاف اپوزیشن کی مہم نے چیف الیکشن کمشنر گیانیش کمار کو مشکل میں ڈال رکھا ہے۔ لگاتار ایسے انکشافات ہو رہے ہیں جو الیکشن کمیشن کو کٹہرے میں کھڑا کر رہے ہیں۔ تازہ معاملہ دہلی کے مصطفیٰ آباد کا ہے جہاں کئی زندہ لوگوں کو مبینہ طور پر سازش کے تحت ’مردہ‘ بتا دیا گیا ہے۔ ایک میڈیا ادارہ کی ویڈیو رپورٹ میں یہ حقیقت سامنے آئی ہے، جس میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ بی جے پی کے ’بی ایل اے‘ (بلاک لیول ایجنٹ) نے ’فارم-7‘ بھر کر کئی ایسے نام حذف کرنے کی کوشش ہے، جو ڈرافٹ ووٹر لسٹ میں شامل ہیں۔ غور کرنے والی بات یہ ہے کہ مبینہ سازش کا شکار بننے والے بیشتر افراد مسلم ہیں۔
یہ رپورٹ مشہور یوٹیوب چینل ’دی ریڈ مائک‘ کی ہے، جسے کانگریس نے اپنے آفیشیل ’ایکس‘ ہینڈل پر شیئر کی ہے۔ اس میں ’دی ریڈ مائک‘ کے رپورٹر سوربھ شکلا نام نہاد ’مردہ‘ ووٹرس سے بات کرتے دکھائی دے رہے ہیں اور کئی مواقع پر وہ طنزیہ انداز میں یہ کہتے ہوئے بھی دکھائی دیے ہیں کہ انھیں پہلی بار ’مردہ‘ لوگوں سے بات کرنے کا موقع ملا ہے۔ اس ویڈیو کو شیئر کرتے ہوئے کانگریس نے لکھا ہے کہ ’’دہلی کے مصطفیٰ آباد میں ’ووٹ چوری‘ کے لیے بی جے پی کے بی ایل اے نے زندہ لوگوں کو مرا ہوا بتا کر فارم-7 بھر دیے۔ لیکن حیرانی کی بات ہے کہ جن لوگوں کے نام کاٹنے کے لیے فارم-7 بھرے گئے، وہ زندہ ہیں۔ ان میں بیشتر مسلم ووٹرز ہیں۔‘‘
کانگریس نے اپنی سوشل میڈیا پوسٹ میں یہ جانکاری بھی دی ہے کہ ان ووٹرز کا نام ڈرافٹ لسٹ میں تھا، لیکن الیکشن کمیشن کی طرف سے کوئی بھی جانچ کرنے نہیں آیا کہ یہ لوگ زندہ ہیں یا نہیں۔ ویڈیو میں رپورٹرز کے ساتھ زرینہ، جمیل احمد اور حاجی اقبال علی بات کرتے ہوئے دیکھے جا سکتے ہیں، جنھیں ’فارم-7‘ کے ذریعہ ’مردہ‘ بتانے کی کوشش کی گئی ہے۔ یہ سبھی زندہ ووٹرز دعویٰ کر رہے ہیں کہ انھیں اس بارے میں کچھ بھی جانکاری نہیں ہے، کیونکہ ان سے حقیقت کا پتہ لگانے کوئی افسر یا سرکاری اہلکار نہیں پہنچا۔ رپورٹر سوربھ شکلا نے اپنی رپورٹ میں بتایا ہے کہ مصطفیٰ آباد کے تقریباً 70 مسلم ووٹرز ایسے ہیں، جنھیں مردہ بتانے کے لیے بی جے پی کے بلاک لیول ایجنٹ نے ’فارم-7‘ بھرا ہے۔ مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ یہ بی جے پی کی خطرناک سازش ہے، جس کے ذریعہ وہ اقلیتی ووٹرز کا نام حذف کر سیکولر پارٹیوں کا ووٹ بینک کم کرنا چاہتی ہے۔