
علاقے میں تعینات پولیس اہلکار (فوٹو سوشل میڈیا)
بہار کے نوادہ ضلع کے روہ تھانہ علاقے کے تحت پرانی بازار میں ہفتہ کی رات رام نومی جلوس کے وقت کچھ شرپسند عناصر کے درمیان جھڑپ ہوگئی جس نے دیکھتے ہی دیکھتے بڑے تنازع کی شکل اختیار کرلی۔ اس دوران کچھ لوگوں کی طرف سے پتھربازی شروع کردی گئی جس سے علاقے میں کشیدگی پھیل گئی۔ واردات کے بعد علاقے میں بھاری پولیس نفری تعینات کردی گئی ہے۔
Published: undefined
اطلاعات کے مطابق ہفتہ کی رات روہ کے بلاک ہیڈ کوارٹر میں رام نومی کے موقع پر جلوس نکالا جا رہا تھا۔ اس دوران جلوس کا راستہ نچلی بازار سے درگا استھان تک تھا۔ جب جلوس بازار سے گزر رہا تھا تبھی جامع مسجد کے قریب ایک گلی سے شرپسند عناصر نے جلوس پر پتھراؤ کردیا جس سے افراتفری مچ گئی۔ وہاں پر موجود تھانہ انچارج راہل ابھیشیک نے صورتحال پر قابو پانے کی کوشش کی لیکن حالات بے قابو ہوگئے۔
Published: undefined
پولیس اہلکاروں کی دانشمندی سے کچھ دیر بعد حالات پرسکون ہو گئے۔ اس کے بعد پولیس اہلکار وہاں سے جلوس کو آگے بڑھانے میں مصروف ہوگئے۔ اسی دوران ایک بار پھر پتھراؤ ہونے لگا جس کی وجہ سے جلوس میں شامل کچھ لوگ زخمی ہوگئے۔ انہیں فوری طور پر روہ کے پرائمری ہیلتھ سینٹر لے جایا گیا اور ابتدائی طبی امداد کے بعد وہاں سے چھٹی دے دی گئی۔
Published: undefined
اس کے بعد دیکھتے ہی دیکھتے کچھ شرپسندوں نے سڑک کے کنارے لگے ایک ٹھیلے میں آگ لگا دی، جس سے صورتحال مزید خراب ہوگئی۔ تاہم پولیس نے فوری جوابی کارروائی کرتے ہوئے فائر بریگیڈ کو بلایا جس نے موقع پر پہنچ کر آگ پر قابو پالیا۔ واقعہ کی اطلاع ملتے ہی ایس ڈی پی او صدر-1 ہلاس کمار اور دیگر اعلیٰ افسران جائے وقوعہ پر پہنچے اور صورتحال کا جائزہ لیا۔ حکام نے علاقے کا معائنہ کیا اور حالات کو قابو میں لانے کے لیے ضروری ہدایات جاری کیں۔
Published: undefined
اس سلسلے میں پولیس اورانتظامیہ قریبی رہائشیوں سے پوچھ گچھ کر رہی ہے اور واقعے میں ملوث سماج دشمن عناصر کی شناخت کے لیے سی سی ٹی وی فوٹیج اور دیگر دستیاب ویڈیو شواہد کی جانچ کر رہی ہے۔ انتظامیہ نے واضح کیا ہے کہ شرپسندوں کو کسی صورت بخشا نہیں جائے گا اور ان کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ فی الحال علاقے میں حالات معمول پر بتائے جا رہے ہیں تاہم احتیاط کے طور پر جائے وقوعہ پر اضافی پولیس فورس تعینات کر دی گئی ہے۔ انتظامیہ عوام سے امن برقرار رکھنے اور افواہوں پر توجہ نہ دینے کی اپیل کر رہی ہے۔
Published: undefined
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: undefined