قومی خبریں

کشمیر میں خونریز مسلح تصادم اور جھڑپیں، 3 ملی ٹینٹ، 7 عام شہری اور ایک فوجی ہلاک

مسلح تصادم کے بعد ملی ٹینٹوں کی حمایت میں سامنے آنے والے عام شہریوں پر سیکورٹی فورسز نے مبینہ طور پر اپنی بندوقوں کے دھانے کھول دیے جس کے نتیجے میں 7 عام شہری ہلاک جبکہ درجنوں دیگر زخمی ہوگئے۔

علامتی تصویر
علامتی تصویر 

سرینگر: جنوبی کشمیر کے ضلع پلوامہ کے خارپورہ سرنو میں ہفتہ کی علی الصباح ہونے والے ایک مسلح تصادم میں حزب المجاہدین سے وابستہ تین مقامی ملی ٹینٹ مارے گئے۔ تصادم کے دوران ایک فوجی اہلکار ہلاک جبکہ دو دیگر زخمی ہوگئے۔

مسلح تصادم کے دوران اور اس کے بعد ملی ٹینٹوں کی حمایت میں سامنے آنے والے عام شہریوں پر سیکورٹی فورسز نے مبینہ طور پر اپنی بندوقوں کے دھانے کھول دیے جس کے نتیجے میں 7 عام شہری ہلاک جبکہ درجنوں دیگر زخمی ہوگئے۔ ملی ٹینٹوں اور عام شہریوں کی ہلاکت کی وجہ سے جنوبی کشمیر کی صورتحال انتہائی تشویشناک رخ اختیار کرگئی ہے۔

جنوبی کشمیر کے بیشتر حصوں میں موبائیل انٹرنیٹ خدمات منقطع کی گئی ہیں، جبکہ ریلوے انتظامیہ نے پولس کے مشورے پر ریل خدمات روک دی ہیں۔

سرکاری ذرائع نے بتایا کہ مہلوک ملی ٹینوں میں ٹیریٹوریل آرمی اہلکار سے ملی ٹینٹ بننے والا ظہور احمد ٹھوکر بھی شامل ہے۔ مہلوک عام شہریوں میں انڈونیشیا میں ایم بی اے کی ڈگری حاصل کرچکے عابد حسین لون بھی شامل ہیں۔

Published: 15 Dec 2018, 3:05 PM IST

سرکاری ذرائع نے بتایا کہ پلوامہ کے خارپورہ سرنو میں ملی ٹینٹوں کی موجودگی سے متعلق خفیہ اطلاع ملنے پر سیکورٹی فورسز اور ریاستی پولس کے اسپیشل آپریشن گروپ (ایس او جی) نے مذکورہ علاقہ میں گزشتہ رات دیر گئے کارڈن اینڈ سرچ آپریشن شروع کیا۔
انہوں نے بتایا کہ تلاشی آپریشن کے دوران ملی ٹینٹوں اور سیکورٹی فورسز کے درمیان مسلح تصادم چھڑ گیا جو ہفتہ کی علی الصباح تین ملی ٹینٹوں کی ہلاکت پر ختم ہوگیا۔

ذرائع نے بتایا کہ مسلح تصادم کے دوران مقامی شہریوں کی ایک بڑی تعداد ملی ٹینٹوں کی حمایت میں سڑکوں پر نکل آئی اور مسلح تصادم کی جگہ پر جانے کی کوششیں کیں۔ انہوں نے بتایا کہ سیکورٹی فورسز نے ان احتجاجی شہریوں کو منتشر کرنے کے لئے مبینہ طور پر براہ راست فائرنگ کی جس کے نتیجے میں 7 عام شہری جاں بحق جبکہ درجنوں دیگر زخمی ہوگئے ہیں۔

خمیوں کو جنوبی کشمیر اور سری نگر کے مختلف اسپتالوں میں داخل کرایا گیا ہے۔ ان میں متعدد زخمیوں کی حالت تشویشناک بتائی جارہی ہے۔

مہلوک شہریوں کی شناخت عامر احمد پال ، عابد حسین لون، لیاقت احمد ڈار، سہیل احمد اور شہباز علی کے طور پر ہوئی ہے۔ دو مہلوک شہریوں کی شناخت ہونا باقی ہے۔ بیشتر مہلوک شہریوں کی عمر 20 سے 30 سال کے درمیان ہے۔ مسلح تصادم کے دوران ایک فوجی اہلکار ہلاک جبکہ دو دیگر زخمی ہوگئے ہیں۔

(یو این آئی)

Published: 15 Dec 2018, 3:05 PM IST

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔

Published: 15 Dec 2018, 3:05 PM IST