قومی خبریں

بہار میں ووٹر لسٹ سے نام ہٹانا جمہوریت کا دم گھونٹنے کے مترادف: منوج جھا

بہار میں ایس آئی آر کے پہلے مرحلے کے اختتام کے بعد سیاسی ہلچل تیز ہو گئی ہے۔ اس عمل پر آر جے ڈی کے سینئر رہنما اور رکن پارلیمان منوج جھا نے شدید اعتراضات کیے ہیں

منوج جھا، تصویر آئی اے این ایس
منوج جھا، تصویر آئی اے این ایس 

نئی دہلی: بہار میں ووٹر لسٹ کی خصوصی گہری نظرثانی (ایس آئی آر) کے پہلے مرحلے کے اختتام کے بعد سیاسی ہلچل تیز ہو گئی ہے۔ اس عمل پر راشٹریہ جنتا دل (آر جے ڈی) کے سینئر رہنما اور رکن پارلیمان منوج جھا نے شدید اعتراضات کیے ہیں۔

منوج جھا نے کہا کہ کسی بھی ووٹر، خواہ وہ کسی بھی پارٹی کا حامی ہو، کا نام ووٹر لسٹ سے ہٹانا جمہوری عمل کے لیے انتہائی نقصان دہ ہے۔ انہوں نے اس اقدام کو ’جمہوریت پر سیاہ داغ‘ قرار دیتے ہوئے خبردار کیا کہ اس سے جمہوریت کا دم گھٹ سکتا ہے۔

Published: undefined

آر جے ڈی رہنما نے ایک نیوز ایجنسی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وہ ووٹر لسٹ کے مکمل اپلوڈ ہونے کے بعد ہر پہلو کی گہرائی سے جانچ کریں گے۔ منوج جھا نے 28 جولائی کو سپریم کورٹ میں ہونے والی سماعت کا بھی حوالہ دیا، جس میں ووٹر ویری فکیشن کے عمل کی شفافیت اور قانونی حیثیت پر بات ہوگی۔ ان کا کہنا تھا کہ انہیں سپریم کورٹ سے انصاف کی امید ہے۔

انہوں نے یہ بھی الزام لگایا کہ الیکشن کمیشن کی موجودہ کارروائیوں کا انداز ایسا ہے جیسے وہ ’بے دخلی کی مہم‘ چلا رہا ہو، جس سے بہت سے مستحق ووٹرز کے نام فہرست سے غائب ہو سکتے ہیں۔

Published: undefined

واضح رہے کہ بہار میں ووٹر لسٹ کی خصوصی جانچ کا پہلا مرحلہ مکمل ہو چکا ہے لیکن اپوزیشن کی طرف سے بار بار یہ الزام لگایا جا رہا ہے کہ حکومت جان بوجھ کر حقیقی ووٹروں کے نام حذف کر رہی ہے تاکہ انتخابی نتائج پر اثر ڈالا جا سکے۔

دوسری جانب الیکشن کمیشن نے ان الزامات کو یکسر مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ کسی بھی اہل ووٹر کا نام ووٹر لسٹ سے نہیں ہٹایا جائے گا۔

Published: undefined

کمیشن نے اعلان کیا ہے کہ یکم اگست سے یکم ستمبر تک ہر ووٹر اور سیاسی پارٹی کو موقع دیا جائے گا کہ وہ بی ایل او یا بی ایل اے سے ہوئی کسی بھی ممکنہ غلطی کی اصلاح کے لیے درخواست دے سکیں۔ اگر کسی مستحق شخص کا نام چھوٹ گیا ہو یا کسی غیر مستحق کا نام شامل ہو گیا ہو، تو وہ درستگی کے لیے معلومات دے سکتا ہے۔

الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ اس پورے عمل کا مقصد ووٹر لسٹ کو زیادہ شفاف، درست اور قابل بھروسا بنانا ہے، نہ کہ کسی خاص طبقے کو نشانہ بنانا۔ اس کے باوجود، منوج جھا سمیت کئی اپوزیشن لیڈران اسے شک کی نظر سے دیکھ رہے ہیں۔

Published: undefined

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔

Published: undefined