
مکھرجی نگر میں طلبا کے ساتھ چائے پیتے راہل گاندھی
@INCIndia
کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی نے جمعرات کو دہلی کے مکھرجی نگر علاقہ میں پہنچ کر یو پی ایس سی اور ایس ایس سی کی تیاری کرنے والے طلبا و طالبات سے ملاقات کی۔ راہل گاندھی سڑک کنارے ہی ان نوجوانوں کے ساتھ بیٹھ گئے۔ کافی دیر کی بات چیت میں طلبا نے راہل گاندھی کے ساتھ اپنے امتحان کی تیاری سے جڑے تجربات شیئر کیے۔ اس درمیان راہل گاندھی نے طلبا سے اور طلبا نے راہل گاندھی سے کئی سوال پوچھے۔ راہل گاندھی جب مکھرجی نگر پہنچے تو ان کے ساتھ پرینکا گاندھی کے بیٹے ریحان واڈرا بھی موجود تھے۔
قابل ذکر ہے کہ راہل گاندھی کا اچانک لوگوں کے درمیان پہنچنا سرخیوں میں ہے۔ راہل گاندھی حال ہی میں کرناٹک اسمبلی انتخاب کی تشہیر کے بعد دہلی لوٹے ہیں۔ کرناٹک میں کانگریس پورے زور و شور سے انتخاب لڑ رہی ہے۔ پارٹی لیڈران کا دعویٰ ہے کہ وہ کرناٹک مین حکومت بنانے جا رہی ہے۔ کرناٹک میں راہل گاندھی نے سماجی انصاف کی بات کرتے ہوئے ذات پر مبنی مردم شماری کا مطالبہ کیا ہے۔
واضح رہے کہ بھارت جوڑو یاترا کے بعد سے ہی راہل گاندھی کئی مواقع پر عام لوگوں، نوجوانوں، طلبا اور سماج کے دیگر طبقات کے ساتھ لگاتار رابطے میں ہیں۔ منگل کی شام کو ہی راہل گاندھی اچانک دہلی کے بنگالی مارکیٹ اور پرانی دہلی کے جامع مسجد علاقے میں پہنچے تھے۔ انھوں نے بنگالی مارکیٹ میں گول گپے کا لطف اٹھایا تھا اور جامع مسجد علاقہ میں تربوز کا شربت پیا تھا۔ ان سے ملاقات کے لیے لوگوں میں زبردست جوش دیکھنے کو ملا تھا۔
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔