طلبا سے گفتگو کرتے راہل گاندھی / ویڈیو گریب
کانگریس کے رہنما اور لوک سبھا میں قائد حزب اختلاف راہل گاندھی نے ’ووٹر ادھیکار یاترا‘ کے دوران حال ہی میں بہار کے اونگ آباد میں طلبا اور نوجوانوں سے ملاقات کی، جس میں نوجوانوں نے اپنے مسائل کھل کر بیان کیے اور حکومت پر سنگین سوالات اٹھائے۔ راہل گاندھی نے آج اس ملاقات کی ویڈیو جاری کی ہے، جس میں انہوں نے طلبا کی شکایات سننے کے دوران بی جے پی-جے ڈی یو حکومت پر الزام عائد کیا کہ وہ عوامی مسائل کو نظرانداز کر کے صرف ووٹ چوری پر توجہ دی جا رہی ہے۔
راہل گاندھی نے اپنی ایکس پوسٹ میں لکھا، ’’جو حکومت ووٹ چوری سے بنی ہو، کیا اس کا مقصد عوام کی خدمت ہو سکتا ہے؟ نہیں!‘‘ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت کو عوام کے ووٹ کی ضرورت ہی نہیں رہی، اسی لیے وہ نوجوانوں، کسانوں اور عام شہریوں کی مشکلات پر کوئی توجہ نہیں دیتی۔ ان کا کہنا تھا کہ صاف اور درست ووٹر لسٹ آزادانہ اور منصفانہ انتخابات کی بنیاد ہے، لہٰذا عوام کو اپنے حقِ رائے دہی کو ہر حال میں محفوظ رکھنا ہوگا۔
Published: undefined
یوٹیوب پر جاری اس ویڈیو میں طلبا اور نوجوانوں نے راہل گاندھی کو بتایا کہ بہار میں لاکھوں غریبوں کے ووٹ کاٹے جا رہے ہیں۔ کئی ایسے لوگ بھی ہیں جو برسوں سے ووٹ ڈال رہے تھے، لیکن ان کے نام ووٹر لسٹ سے غائب کر دیے گئے۔ ایک نوجوان نے کہا، ’’جس کے پاس یومیہ 400 روپے کی مزدوری ہے، وہ دن چھوڑ کر دستاویز کیسے بنوائے؟‘‘ ان کے مطابق ووٹر لسٹ سے نام مٹانے کا عمل خاص طور پر غریب طبقے کو نشانہ بنا رہا ہے۔
اسی دوران ایک طالب علم نے بتایا کہ فارم بھرنے پر بھی جی ایس ٹی وصول کیا جا رہا ہے۔ ’’500 روپے کے فارم پر بھی جی ایس ٹی لگایا جا رہا ہے، یہاں تک کہ کاپی اور قلم تک پر ٹیکس ہے، ایسے میں طالب علم کیسے آگے بڑھیں؟‘‘ ایک اور نوجوان نے کہا کہ یہ سب صرف امیروں کو فائدہ دینے کے لیے کیا جا رہا ہے، جبکہ غریب مزید دباؤ میں ہیں۔
Published: undefined
گفتگو کے دوران طلبا نے یہ بھی شکایت کی کہ مقابلہ جاتی امتحانات میں پیپر لیک ہونا عام بات بن گئی ہے۔ ایک نوجوان نے کہا، ’’ہم محنت سے امتحان کی تیاری کرتے ہیں لیکن پیپر بازار میں پہلے ہی بکنے لگتا ہے۔‘‘ راہل گاندھی نے اس پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ یہی بدعنوانی نوجوانوں کے خوابوں کو تباہ کر رہی ہے۔
اسی طرح ایک اور نوجوان نے کہا کہ بہار میں تعلیم یافتہ نوجوان بھی مزدوری کرنے پر مجبور ہیں۔ وہ خود گجرات کے سورت شہر میں مزدوری کرتے ہیں کیونکہ بہار میں نوکری اور صنعتوں کی کمی ہے۔ نوجوانوں نے کہا، ’’یہاں پیسہ ہے لیکن پیسہ صرف امیروں تک محدود ہے، غریب کے حصے میں کچھ نہیں آتا۔‘‘
Published: undefined
ایک نوجوان نے اپنی بات رکھتے ہوئے بتایا کہ اس نے 2020 میں فوج کا امتحان کلیئر کیا تھا، لیکن اچانک ’اگنی ویر‘ اسکیم آنے کے بعد اس کا مستقبل برباد ہو گیا۔ اس نے کہا، ’’یہ اسکیم نوجوانوں کی زندگی چار سال میں ختم کر دیتی ہے۔ نہ پنشن ہے، نہ مستقبل۔‘‘ دوسرے نوجوانوں نے بھی اس پر اتفاق کیا اور کہا کہ یہ پالیسی لاکھوں امیدواروں کے خوابوں پر پانی پھیر رہی ہے۔
گفتگو کے دوران کئی نوجوانوں نے کہا کہ انتخابات آتے ہی حکومت مذہب کے نام پر لوگوں کو بانٹنے لگتی ہے۔ ایک طالب علم نے کہا، ’’مندر-مسجد کے نام پر بھائی چارہ ختم کرنے کی کوشش کی جاتی ہے، لیکن عوامی مسائل پر بات ہی نہیں ہوتی۔ روزگار، تعلیم اور ترقی جیسے مسائل کو پس پشت ڈال کر صرف نفرت کی سیاست بڑھائی جاتی ہے۔‘‘
Published: undefined
راہل گاندھی نے اس ویڈیو کے ذریعے نوجوانوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کو کوئی فرق نہیں پڑتا کہ عوام جئیں یا مریں، کیونکہ اسے یقین ہے کہ وہ ووٹ چوری سے پھر بھی اقتدار میں آ جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ نوجوان اپنی طاقت کو پہچانیں اور ووٹ کے ذریعے اپنی حکومت چنیں، کیونکہ ووٹ ہی وہ بنیاد ہے جس پر باقی تمام حقوق قائم ہیں۔
انہوں نے زور دیا کہ عوام ایسی حکومت لائیں جو حقیقت میں ان کی ہو، ان کے مسائل کو سمجھے اور ان کے تئیں جوابدہ ہو۔ ان کے بقول، ’’بھارت مادر ہند اور آئین کی حفاظت آپ کے ووٹ سے ہی ممکن ہے۔‘‘
Published: undefined
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: undefined