قومی خبریں

مودی حکومت کسانوں-غریبوں کو لگاتار پہنچا رہی نقصان، صرف 'چند دوستوں' کی فکر: راہل گاندھی

راہل گاندھی نے پیر کے روز سنگرور میں ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ 6 سالوں میں مودی حکومت صرف کسانوں اور غریبوں پر ہی حملہ کر رہی ہے اور اپنے امیر دوستوں کے لیے راستے ہموار کر رہی ہے۔

راہل گاندھی، تصویر اے آئی سی دہلی
راہل گاندھی، تصویر اے آئی سی دہلی 

کانگریس لیڈر راہل گاندھی پنجاب اور ہریانہ کا دورہ کر حال ہی میں نافذ زرعی قوانین کے خلاف ٹریکٹر ریلیاں کر رہے ہیں۔ اسی سلسلہ میں راہل گاندھی نے پیر کے روز سنگرور میں ریلی کو خطاب کیا۔ انھوں نے اس دوران کہا کہ گزشتہ 6 سالوں سے مودی حکومت صرف کسانوں اور غریبوں پر ہی حملہ کر رہی ہے۔

Published: undefined

راہل گاندھی کا کہنا ہے کہ "مودی حکومت کو غریبوں سے کوئی سروکار نہیں ہے، اس کی ہر پالیسی صرف دو چار دوستوں کے لیے بنائی جاتی ہے۔ پہلے نوٹ بندی کر دی، پھر جی ایس ٹی نافذ کر دیا۔ نوٹ بندی سے پورا ملک سڑکوں پر آ گیا۔" انھوں نے نئے زرعی قوانین کو لے کر مودی حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ "ابھی کسان منڈی میں جا کر بات کر سکتا ہے، لیکن ان نئے قوانین کے بعد کسان کے پاس وہ راستہ ہی نہیں بچے گا۔"

Published: undefined

راہل گاندھی نے کہا کہ منڈی سسٹم میں خامیاں ہیں، لیکن اسے مضبوط کرنے کی ضرورت ہے۔ کسانوں کے لیے کام کرنے کی ضرورت ہے، لیکن مودی جی وہ نہیں کر رہے ہیں۔ وہ اس پورے سسٹم کو ختم کر رہے ہیں۔ جیسے نوٹ بندی سے غریبوں کو چوٹ پہنچی، ویسے ہی ان قوانین سے کسانوں کو نقصان پہنچایا جا رہا ہے۔ کانگریس لیڈر نے مزید کہا کہ مودی حکومت کو لگا تھا کہ کورونا کی وجہ سے کسان مخالفت نہیں کرے گا، لیکن کسان اس قانون کے خلاف سڑکوں پر اترے گا اور کانگریس پارٹی کسانوں کے ساتھ رہے گی۔

Published: undefined

جی ایس ٹی اور نوٹ بندی کا تذکرہ کرتے ہوئے راہل گاندھی نے کہا کہ مودی حکومت کے جی ایس ٹی سے صرف امیروں کا فائدہ ہوا، چھوٹا دکاندار اسے آج تک نہیں سمجھ پایا ہے۔ کسانوں کے تعلق سے مودی حکومت نے کچھ نہیں کیا، کسانوں کا کوئی قرض معاف نہیں ہوا، لیکن مودی حکومت نے عام لوگوں کے پیسوں سے اڈانی-امبانی کا قرض معاف کر دیا۔

Published: undefined

کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی نے کہا کہ کورونا بحران آیا تو ہم نے کہا کہ غریبوں کو پیسہ دیجیے، لیکن حکومت نے نہیں سنا۔ لیکن امیر لوگوں کا قرض معاف کر دیا۔ روزگار صرف اڈانی-امبانی نہیں پیدا کرتے ہیں، بلکہ چھوٹے دکاندار بھی پیدا کرتے ہیں۔

Published: undefined

کانگریس لیڈر نے کہا کہ آنے والے وقت میں ملک میں نوجوانوں کو روزگار مل نہیں پائیں گے، کیونکہ اب وہ سسٹم ہی ختم کر دیا گیا ہے۔ اب مودی حکومت کھانے کے سسٹم کو ختم کر رہی ہے۔ انھوں نے مزید کہا کہ "جب ابھی کورونا بحران ہے تو پھر یہ زرعی قانون لانے کی ضرورت کیا تھی۔ مودی حکومت سے پوچھنا چاہتا ہوں کہ آخر زرعی قانون کو لانے میں اتنی جلد بازی کیا تھی؟"

Published: undefined

اس سے قبل اجلاس کو خطاب کرتے ہوئے پنجاب کے وزیر اعلیٰ کیپٹن امرندر سنگھ نے کہا کہ "قانون بنا ہے۔ پارلیمنٹ میں بل پاس ہو چکا ہے۔ لیکن کون کہتا ہے کہ ان قوانین میں ترمیم نہیں کی جا سکتی۔ میں راہل جی سے گزارش کرتا ہوں کہ جب وہ لوک سبھا میں اکثریت کے ساتھ وزیر اعظم بنیں تو ان سیاہ قوانین کو ختم کر دیں۔"

Published: undefined

واضح رہے کہ زرعی قوانین کے خلاف کانگریس کا احتجاجی مظاہرہ ملک گیر سطح پر جاری ہے۔ کانگریس لیڈر راہل گاندھی اس وقت پنجاب میں 'کھیتی بچاؤ یاترا' کی قیادت کر رہے ہیں۔ دوسری طرف ہندوستان کے کئی شہروں میں کسان نئے زرعی قوانین کے خلاف سڑک پر اتر کر احتجاجی مظاہرہ کر رہے ہیں۔

Published: undefined

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔

Published: undefined