کانگریس ورکنگ کمیٹی کی میٹنگ میں ملکارجن کھڑگے اور راہل گاندھی
مغربی بنگال اور سکم میں شدید بارش اور لینڈ سلائیڈ کے سبب بڑے پیمانے پر ہونے والے جانی و مالی نقصان پر کانگریس کی اعلیٰ قیادت نے گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے مرکز سے فوری امداد فراہم کرنے کی اپیل کی ہے۔ پارٹی کے سینئر رہنما اور لوک سبھا میں قائدِ حزبِ اختلاف راہل گاندھی اور راجیہ سبھا میں اپوزیشن لیڈر و کانگریس صدر ملکارجن کھڑگے نے اتوار کو الگ الگ بیانات میں متاثرہ عوام کے ساتھ ہمدردی ظاہر کی اور بچاؤ کارروائیوں میں تیزی لانے پر زور دیا۔
راہل گاندھی نے ایکس پر اپنے پیغام میں کہا، ’’مغربی بنگال اور سکم کے مختلف حصوں میں بھاری بارش اور زمینی کھسکاؤ کے باعث کئی افراد کی ہلاکت اور درجنوں کے لاپتہ ہونے کی خبر نہایت افسوسناک ہے۔ میں متاثرہ خاندانوں کے ساتھ دلی ہمدردی کا اظہار کرتا ہوں اور دعا گو ہوں کہ لاپتہ افراد جلد محفوظ مل جائیں۔‘‘
Published: undefined
انہوں نے انتظامیہ سے اپیل کی کہ راحت و بچاؤ کارروائیوں میں مزید تیزی لائی جائے اور مرکز حکومت سے کہا کہ صورتِ حال کی سنگینی دیکھتے ہوئے فوری امداد اور ضروری وسائل فراہم کرے۔ راہل گاندھی نے کانگریس کارکنان سے بھی اپیل کی کہ وہ مقامی انتظامیہ کے ساتھ بھرپور تعاون کریں اور متاثرہ علاقوں میں پھنسے لوگوں کو ہر ممکن مدد فراہم کریں۔ ان کا کہنا تھا کہ ایسے وقت میں انسانی ہمدردی سب سے بڑی خدمت ہے۔
اسی طرح کانگریس صدر اور راجیہ سبھا میں قائدِ حزبِ اختلاف ملکارجن کھڑگے نے اپنی ایکس پوسٹ میں کہا، ’’میں مغربی بنگال اور سکم، خاص طور پر دارجلنگ اور شمالی بنگال کے علاقوں میں آئی تباہ کن بارش اور زمینی کھسکاؤ سے شدید پریشان ہوں، جہاں کئی افراد کی جانیں جا چکی ہیں اور ایک اہم پل کے منہدم ہونے سے نقل و حمل رک گیا ہے۔‘‘
Published: undefined
کھڑگے نے مرکزی حکومت سے درخواست کی کہ متاثرہ ریاستوں کو این ڈی آر ایف کی اضافی ٹیمیں، مالی امداد اور دیگر ضروری وسائل فوری طور پر فراہم کیے جائیں۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ متاثرین کو جلد از جلد معاوضہ دیا جائے گا تاکہ ان کے نقصانات کا کسی حد تک ازالہ ہو سکے۔
کھڑگے نے اپنی پارٹی کے کارکنان کو ہدایت دی کہ وہ متاثرہ علاقوں میں فوری طور پر پہنچیں اور مقامی انتظامیہ کے ساتھ مل کر راحت و امداد کے کاموں میں مدد کریں۔ ان کا کہنا تھا، ’’یہ وقت سیاست کا نہیں بلکہ انسانی فریضہ نبھانے کا ہے۔‘‘
Published: undefined
خیال رہے کہ دارجلنگ، کالیمپونگ اور کرسیانگ اضلاع میں ہفتے کی رات ہوئی طوفانی بارشوں کے نتیجے میں زمین کے کھسکنے اور ندیوں کی طغیانی کے سبب اب تک کم از کم 20 افراد کی موت اور درجنوں کے لاپتہ ہونے کی اطلاع ہے۔ تیستا ندی پر ایک پل کے ٹوٹ جانے سے سِکم اور شمالی بنگال کا رابطہ منقطع ہو گیا ہے، جبکہ ریاستی حکومت نے 24 گھنٹے فعال کنٹرول روم قائم کرتے ہوئے راحت کارروائیاں شروع کر دی ہیں۔
وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی نے پیر کو متاثرہ علاقوں کے دورے کا اعلان کیا ہے، جب کہ محکمہ موسمیات نے اگلے دو دنوں تک مزید بارش کی پیش گوئی کی ہے۔
Published: undefined
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: undefined