قومی خبریں

’بی جے پی ووٹ چوری کے ذریعے جمہوریت کمزور کر رہی ہے، بہار کے عوام اسے ناکام بنائیں گے‘، بانکا میں جلسہ سے راہل گاندھی کا خطاب

راہل گاندھی نے بانکا میں انتخابی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے بی جے پی پر ووٹ چوری کا الزام لگایا۔ کہا کہ ہر ریاست میں جعلی ووٹر لسٹ تیار کی جا رہی ہے مگر بہار کے عوام اسے کامیاب نہیں ہونے دیں گے

<div class="paragraphs"><p>راہل گاندھی / ویڈیو گریب</p></div>

راہل گاندھی / ویڈیو گریب

 

پٹنہ: بہار کے بانکا ضلع میں انتخابی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کانگریس کے رہنما راہل گاندھی نے وزیر اعظم نریندر مودی اور وزیر داخلہ امت شاہ پر سخت حملہ کیا۔ انہوں نے الزام لگایا کہ بی جے پی ووٹ چوری کے منظم منصوبے کے ذریعے جمہوریت کو کمزور کر رہی ہے۔ راہل گاندھی نے کہا کہ ’’ہر ریاست میں جعلی ووٹر لسٹ تیار کی جا رہی ہے، ووٹرز کے نام بدل دیے جا رہے ہیں، ایک ہی شخص کے نام پر کئی بار ووٹ ڈالے جا رہے ہیں۔‘‘

انہوں نے دعویٰ کیا کہ ہریانہ کے انتخابات میں بی جے پی نے لاکھوں ووٹ جعلی طور پر ڈلوائے اور کئی ووٹر لسٹوں میں غیر ملکی نام شامل کیے گئے۔ راہل گاندھی کے مطابق، ’’ایک برزیل کی خاتون کا نام ووٹر لسٹ میں 22 بار درج ہے اور بعض گھروں میں 500 ووٹر دکھائے گئے۔‘‘ انہوں نے کہا کہ یہ وہی حربے ہیں جو بی جے پی نے مدھیہ پردیش، چھتیس گڑھ، مہاراشٹر اور ہریانہ میں استعمال کیے، اور اب بہار میں بھی اسی کوشش میں ہے۔

Published: undefined

راہل گاندھی نے عوام سے اپیل کی کہ وہ پولنگ کے دن چوکس رہیں اور ووٹ چوری کی ہر کوشش کو ناکام بنائیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ’’بہار کے عوام بی جے پی کے منصوبے کو جانتے ہیں، وہ ووٹ چوری نہیں ہونے دیں گے۔‘‘

انہوں نے کہا کہ آئین امبیڈکر، فلے، گاندھی اور بدھ کی فکر کا عکاس ہے، اور بی جے پی اسی آئین پر حملہ کر رہی ہے تاکہ چند صنعت کاروں کو فائدہ پہنچا سکے۔ ’’مودی حکومت عوام کا پیسہ، زمین اور وسائل اڈانی و امبانی کو دے رہی ہے،‘‘ راہل گاندھی نے کہا۔

Published: undefined

انہوں نے الزام لگایا کہ مودی حکومت نے ملک کی صنعتوں کو تباہ کر دیا، جس سے نوجوانوں کے روزگار کے مواقع ختم ہوگئے۔ ان کے مطابق، ’’آج ہر ہندوستانی شہر میں بہار کے نوجوان مزدوری کرتے دکھائی دیتے ہیں، مگر انہیں اپنے ہی صوبے میں روزگار نہیں ملتا۔‘‘

راہل گاندھی نے کہا کہ کانگریس کی حکومت آنے پر بہار میں دوبارہ تعلیمی انقلاب لایا جائے گا۔ انہوں نے وعدہ کیا کہ ’’نالنڈا یونیورسٹی کو دنیا کی بہترین یونیورسٹی بنایا جائے گا، جہاں دنیا بھر سے طلبہ تعلیم حاصل کرنے آئیں گے۔‘‘

Published: undefined

انہوں نے کہا کہ بہار میں سیاحت، کھیتی اور فوڈ پروسیسنگ انڈسٹری میں بے پناہ امکانات ہیں۔ ’’اگر حکومت کسانوں، مزدوروں اور نوجوانوں کے لیے پالیسیاں بنائے تو بہار ملک کی اقتصادی طاقت بن سکتا ہے۔‘‘ راہل گاندھی نے آخر میں کہا کہ ان کی سیاست نفرت کے خلاف محبت کی سیاست ہے۔ ’’بی جے پی جہاں جاتی ہے، نفرت پھیلاتی ہے۔ ہم جہاں جاتے ہیں، ہندوستانیوں کو جوڑنے کا کام کرتے ہیں۔‘‘

انہوں نے جلسے کے اختتام پر نعرہ دیا، ’’نفرت کے بازار میں محبت کی دکان کھولنی ہے۔‘‘ اور عوام سے کہا کہ ’’بہار کی آنے والی حکومت ہر ذات، ہر مذہب اور ہر طبقے کی آواز بنے گی۔‘‘

Published: undefined

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔

Published: undefined