وزیر اعلیٰ نتیش کمار اور تیجسوی یادو / سوشل میڈیا
پٹنہ: بہار میں جرائم کا سلسلہ تھمنے کا نام نہیں لے رہا۔ پٹنہ، سیوان اور نالندہ کے بعد اب ضلع پورنیہ میں جادو ٹونے کے شبہ میں ایک ہی خاندان کے پانچ افراد کو زندہ جلا کر قتل کرنے کی لرزہ خیز واردات سامنے آئی ہے۔ اس واقعے کے بعد ریاست میں نظم و قانون پر مزید شدت سے سوالات اٹھائے جا رہے ہیں۔
Published: undefined
یہ اندوہناک واقعہ پورنیہ کے مضافاتی تھانہ علاقے کے ٹیٹگاما گاؤں میں پیش آیا، جہاں مقامی لوگوں نے ایک ہی خاندان کے پانچ افراد کو ‘ڈائن’ اور جادو ٹونا کے ذریعے نقصان پہنچانے والے قرار دے کر پہلے بے رحمی سے پیٹا اور پھر ان کے جسم پر تیل ڈال کر آگ لگا دی۔ پولیس کے مطابق تمام لاشیں جھاڑیوں سے برآمد کی گئی ہیں اور دو ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ دیگر افراد کی تلاش جاری ہے۔
آر جے ڈی لیڈر اور سابق نائب وزیر اعلیٰ تیجسوی یادو نے اس واقعہ پر شدید ردعمل ظاہر کرتے ہوئے ریاست کی نتیش حکومت کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا۔ انہوں نے الزام لگایا کہ ’ڈی کے ٹیکس‘ کے نام پر ریاست میں انارکی اپنی انتہا کو پہنچ چکی ہے۔ ڈی جی پی اور چیف سکریٹری بے بس ہیں، جبکہ وزیر اعلیٰ خود غافل ہیں۔
Published: undefined
تیجسوی نے حالیہ دنوں میں ہونے والے دیگر قتل کے واقعات کا بھی حوالہ دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ سیوان، بکسر اور بھوجپور میں بھی تین تین افراد کے قتل کے واقعات ہوئے لیکن حکومت نے کوئی سبق نہیں سیکھا۔ انہوں نے ایکس (سابق ٹوئٹر) پر لکھا، ’’ڈی کے ہی اصل باس ہے، اس کی ہی موج ہے، مجرم مست، پولیس پست، وزیر اعلیٰ بے حس۔‘‘
پولیس کی ابتدائی تفتیش کے مطابق گاؤں کے رہائشی رام دیو اوراؤں کے بیٹے کی موت جھاڑ پھونک کے دوران ہوئی تھی اور دوسرے بیٹے کی طبیعت بگڑ رہی تھی۔ اس کے بعد گاؤں والوں نے موت کا ذمہ دار ایک مخصوص خاندان کو قرار دیا اور بدلہ لینے کے لیے رات کے وقت 50 سے زائد افراد نے ان کے گھر پر دھاوا بول دیا۔
Published: undefined
عینی شاہد اور خاندان کے واحد بچ جانے والے رکن سونو کے مطابق گاؤں کے لوگ لاٹھی ڈنڈوں سے لیس ہوکر گھر میں گھس آئے اور سب کو پیٹنا شروع کر دیا۔ بعد میں ان پانچ افراد، بابو لال اوراؤں، منجیت اوراؤں، رنیا دیوی، سیما دیوی اور مسمات تبتو، کو زندہ جلا دیا گیا۔
واقعے کے بعد علاقے میں شدید خوف و ہراس ہے۔ ڈی آئی جی پرمود کمار منڈل نے بتایا کہ ابتدائی تحقیقات سے یہی لگتا ہے کہ جادو ٹونے کے شبہے میں قتل کے بعد لاشوں کو جھاڑیوں میں لے جا کر جلایا گیا۔ جائے وقوعہ پر فرانزک ٹیم اور ڈاگ اسکواڈ کو بھی تعینات کیا گیا ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ متاثرہ خاندان کا تعلق مقامی آدیواسی برادری سے ہے اور واقعہ تَنتر منتر کے پس منظر میں پیش آیا ہے۔
Published: undefined
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: undefined