قومی خبریں

عوام کو لگا مہنگائی کا ڈبل جھٹکا، سی این جی اور پی این جی کی قیمتوں میں اضافہ

لکھنؤ اور آگرہ میں سی این جی کی قیمت 110 روپے فی کلوگرام ہونے کے ساتھ ہی چند ہفتوں کے اندر یہ دوسری بار ہے جب قیمتوں میں اضافہ کیا گیا ہے۔ اس سے مسافروں پر اضافی بوجھ پڑنا لازمی ہے۔

سی این جی، تصویر آئی اے این ایس
سی این جی، تصویر آئی اے این ایس 

عام آدمی کو ایک بار پھر مہنگائی کا بڑا جھٹکا لگا ہے۔ اس بار مہنگائی کی مار باورچی خانے اور سفر دونوں پر پڑی ہے، یعنی ڈبل جھٹکا دیا گیا ہے۔ دراصل اتر پردیش میں سی این جی اور پی این جی کی قیمتوں میں اضافہ کر دیا گیا ہے۔ گرین گیس لمیٹڈ (جی جی ایل) نے لکھنؤ اور آگرہ سمیت 5 شہروں میں کمپریسڈ نیچرل گیس (سی این جی) اور گھریلو پائپڈ نیچرل گیس (پی این جی) کی قیمتوں میں اضافہ کا اعلان کیا ہے۔ سامنے آئی جانکاری کے مطابق کمپنی نے سی این جی کی قیمت میں 2 روپے فی کلوگرام اور گھریلو پی این جی کی قیمت میں 1 روپے فی اسٹینڈرڈ کیوبک میٹر (ایس سی ایم) کا اضافہ کیا ہے۔ نئی قیمتیں نافذ ہو چکی ہیں، جس کا براہ راست اثر لاکھوں گھریلو صارفین اور گاڑی چلانے والوں کی جیبوں پر پڑے گا۔

جی جی ایل نے لکھنؤ، آگرہ، اناؤ، ایودھیا اور سلطان پور میں سی این جی کی قیمتوں میں 2 روپے فی کلوگرام کا اضافہ کیا ہے۔ لکھنؤ اور آگرہ میں اب سی این جی کی قیمت 110 روپے فی کلوگرام ہو گئی ہے، جو پہلے 108 روپے تھی۔ اناؤ میں قیمت 105 روپے سے بڑھ کر 107 روپے فی کلوگرام ہو گئی ہے، جبکہ ایودھیا اور سلطان پور میں صارفین کو اب 106 روپے کے بجائے 108 روپے فی کلوگرام ادا کرنے ہوں گے۔ لکھنؤ اور آگرہ میں سی این جی کی قیمت 110 روپے فی کلوگرام ہونے کے ساتھ ہی چند ہفتوں کے اندر یہ دوسری بار ہے جب قیمتوں میں اضافہ کیا گیا ہے۔ اس سے مسافروں، ٹیکسی ڈرائیوروں اور آٹو رکشہ چلانے والوں پر اضافی بوجھ پڑ گیا ہے۔

باورچی خانہ میں گیس استعمال کرنے والے گھریلو پی این جی صارفین کو بھی اب زیادہ ادائیگی کرنی ہوگی۔ کمپنی نے پانچوں شہروں میں پائپڈ نیچرل گیس (پی این جی) کی قیمتوں میں 1 روپے فی اسٹینڈرڈ کیوبک میٹر (ایس سی ایم) کا اضافہ کیا ہے۔ لکھنؤ اور آگرہ میں گھریلو پی این جی کی قیمت اب 57.50 روپے فی ایس سی ایم ہو گئی ہے، جو پہلے 56.50 روپے فی ایس سی ایم تھی۔ اناؤ میں پی این جی کی نئی قیمت 57 روپے فی ایس سی ایم مقرر کی گئی ہے، جو پہلے 56 روپے تھی۔ ایودھیا اور سلطان پور میں اب گھریلو گیس کے لیے 58.50 روپے فی ایس سی ایم ادا کرنے ہوں گے، جبکہ پہلے اس کے لیے 57.50 روپے ادا کرنے پڑتے تھے۔

جی جی ایل نے اس اضافہ کی بنیادی وجہ ری گیسیفائیڈ لیکویفائیڈ نیچرل گیس (آر ایل این جی) کی خریداری کی لاگت میں اضافے کو بتایا ہے۔ کمپنی کے مطابق سردیوں کے دوران بڑھنے والی موسمی طلب اور عالمی گیس کی سپلائی میں برقرار غیر یقینی صورتحال کی وجہ سے خام مال کی لاگت بڑھ گئی ہے۔ اسی بڑھے ہوئے خرچ کی تلافی کے لیے خوردہ قیمتوں میں تبدیلی کرنی پڑی ہے۔

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔