کانگریس لیڈر پرینکا گاندھی / آئی اے این ایس
کانگریس کی جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی نے وزیر اعظم نریندر مودی کو ایک خط لکھ کر وائناڈ کے لینڈسلائیڈ متاثرین کے قرض معاف کرنے کی اپیل کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ قدرتی آفت میں کسانوں، چھوٹے کاروباریوں اور خدمات فراہم کرنے والوں کی زندگی بری طرح متاثر ہوئی ہے اور اب ان کے مالی بوجھ کو کم کرنا حکومت کی انسانی ذمہ داری ہے۔
پرینکا گاندھی نے وزیراعظم کو دوسری مرتبہ خط لکھ کر وائناڈ کے ان لوگوں کی مشکلات سے آگاہ کیا ہے جن کی زندگی 2024 میں آئے تباہ کن لینڈسلائیڈ کے بعد اب تک معمول پر نہیں لوٹ سکی۔ انہوں نے کہا کہ سینکڑوں خاندان آج بھی قرض کے بوجھ تلے دبے ہوئے ہیں اور ان کے پاس اپنی زمین یا کاروبار کو دوبارہ کھڑا کرنے کے وسائل موجود نہیں ہیں۔
Published: undefined
پرینکا گاندھی نے اپنے خط میں لکھا کہ قدرتی آفت کے دوران نہ صرف کھیت اور مکانات تباہ ہوئے بلکہ سینکڑوں ایکڑ زرعی زمین اب کھیتی کے لائق نہیں رہ گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وائناڈ کے کئی علاقوں میں چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروبار مکمل طور پر برباد ہو گئے اور روزگار کے مواقع ختم ہو گئے۔
انہوں نے یاد دلایا کہ قومی آفت مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کے 2005 کے قانون کی دفعہ 13 کے تحت پہلے حکومت یا بینک متاثرین کے قرض معاف کرنے کی ہدایت دے سکتے تھے لیکن مارچ 2025 میں اس شق کو ہٹا دیا گیا۔ پرینکا کے مطابق اس ترمیم نے آفت زدہ عوام کے زخموں پر نمک چھڑکنے کا کام کیا ہے۔
Published: undefined
کانگریس لیڈر نے یہ بھی بتایا کہ کیرالہ ہائی کورٹ نے جون 2025 میں اپنے فیصلے میں کہا تھا کہ اگرچہ این ڈی ایم اے کی دفعہ 13 کو منسوخ کر دیا گیا ہے، پھر بھی مرکز کے پاس آئین کے تحت قرض معاف کرنے کا اختیار موجود ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ اس اختیار کو انسانیت کی بنیاد پر استعمال کیا جانا چاہیے تاکہ متاثرہ خاندانوں کو دوبارہ زندگی شروع کرنے کا موقع ملے۔
پرینکا گاندھی کے مطابق، وائناڈ ضلع انتظامیہ کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ چورلمالا-منڈکئی علاقے کے لینڈسلائیڈ متاثرین پر فروری 2025 تک 30.78 کروڑ روپے کا قرض باقی ہے۔ انہوں نے خط میں یہ بھی ذکر کیا کہ کیرالہ بینک نے 4.98 کروڑ روپے کے قرض کو پہلے ہی مکمل طور پر معاف کر دیا ہے، جو اس بات کا ثبوت ہے کہ دیگر بینک بھی ایسا قدم اٹھا سکتے ہیں۔
Published: undefined
کانگریس کے بیان میں کہا گیا ہے کہ پرینکا گاندھی نے وزیراعظم مودی سے متاثرین کی ’جائز اور انسانی بنیادوں پر‘ مانگوں پر ہمدردانہ غور کرنے کی اپیل کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت اگر اس مشکل گھڑی میں قرض معافی کا فیصلہ کرتی ہے تو یہ نہ صرف متاثرہ خاندانوں کو راحت دے گا بلکہ حکومت کے تئیں عوام کا اعتماد بھی مضبوط کرے گا۔
پرینکا گاندھی نے اپنے خط میں یہ امید ظاہر کی کہ وزیر اعظم اس مسئلے کو انسانی نقطہ نظر سے دیکھیں گے اور فوری طور پر وائناڈ کے متاثرہ کسانوں اور چھوٹے کاروباریوں کے قرض معاف کرنے کے احکامات جاری کریں گے۔
Published: undefined
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: undefined