قومی خبریں

رام گڑھ سڑک حادثے پر وزیر اعظم نریندر مودی کا اظہار افسوس، معاوضے کا اعلان

وزیر اعظم مودی نے کہا کہ حادثے میں جان گنوانے والوں کے اہل خانہ کو پی ایم نیشنل ریلیف فنڈ سے 2-2 لاکھ روپے کی امدادی رقم دی جائے گی، جبکہ زخمیوں کو 50 ہزار روپے دیے جائیں گے۔

<div class="paragraphs"><p>وزیر اعظم نریندر مودی (ویڈیو گریپ)</p></div>

وزیر اعظم نریندر مودی (ویڈیو گریپ)

 

جھارکھنڈ کے رام گڑھ ضلع میں رانچی-پٹنہ ہائی وے پر ہفتے کی دیر رات پیش آئے حادثے پر وزیر اعظم نریندر مودی نے افسوس کا اظہار کیا ہے۔ وزیر اعظم کے دفتر (پی ایم او) کی جانب سے معاوضے کا اعلان بھی کیا گیا ہے۔ پی ایم او نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر پوسٹ کر کے اس کی اطلاع دی ہے۔ وزیر اعظم مودی نے کہا کہ جھارکھنڈ کے رام گڑھ ضلع میں پیش آئے افسوسناک حادثے پر بہت دکھ ہوا ہے۔ دکھ کی اس گھڑی میں وہ سوگوار خاندانوں سے تعزیت کا اظہار کرتے ہیں۔ انہوں نے زخمیوں کی جلد صحت یابی کی کامنا بھی کی۔ وزیر اعظم مودی نے مزید کہا کہ حادثے میں جان گنوانے والوں کے اہل خانہ کو پی ایم نیشنل ریلیف فنڈ (پی ایم این آر ایف) سے 2-2 لاکھ روپے کی امدادی رقم دی جائے گی، جبکہ زخمیوں کو 50 ہزار روپے دیے جائیں گے۔ رام گڑھ ضلع میں رانچی-پٹنہ ہائی وے پر ہفتے کی رات تقریباً 2 بجے این ایچ-33 پر پینکی علاقے میں اسکارپیو کی ایک دوسری گاڑی سے ٹکر ہو گئی، جس کے نتیجے میں 13 لوگوں کی موت ہو گئی۔

اطلاع کے مطابق بہار کے نالندہ ضلع کے جھنگھارو گاؤں کے 14 افراد اسکارپیو میں سوار ہو کر رام گڑھ ضلع کے رجراپا مندر میں پوجا کرنے کے لیے آرہے تھے۔ اسی دوران رام گڑھ کے پینکی کے قریب اسکارپیو کی ایک نامعلوم گاڑی سے زوردار ٹکر ہو گئی۔ ٹکر اتنی شدید تھی کہ موقع پر چیخ و پکار اور افراتفری کا ماحول پیدا ہو گیا۔ پولیس بھی جائے حادثہ پر پہنچ گئی۔ مرنے والوں میں 4 بچے، 4 خواتین اور 5 مرد شامل ہیں۔ حادثے میں زخمی ایک شخص کا علاج صدر اسپتال میں جاری ہے۔ زخمی کی حالت بھی تشویش ناک بتائی جا رہی ہے۔ رام گڑھ پولیس نے 13 اموات کی تصدیق کی ہے۔ رام گڑھ کے ایس ڈی پی او آلوک رنجن نے بتایا کہ مہلوکین کا تعلق نالندہ ضلع سے تھا۔ ان کے پاس سے ملنے والے آدھار کارڈ کی مدد سے کچھ لوگوں کی شناخت کر لی گئی ہے۔

دوسری جانب آندھرا پردیش کے پرکاشم ضلع میں تنگوتورو ٹول گیٹ کے قریب آج صبح ایک لاری کی کار سے ٹکر ہو گئی۔ اس حادثے میں 4 افراد کی موت ہو گئی، جبکہ ایک شخص کی حالت نازک ہے۔ بتایا جا رہا ہے کہ یہ لوگ پنچایت انتخابات میں ووٹ ڈالنے کے لیے کرناٹک سے اپنے آبائی گاؤں جا رہے تھے، اسی دوران یہ حادثہ پیش آیا۔ اتر پردیش کے مرزا پور ضلع میں بھی ہفتے کی دیر رات ایک خوفناک سڑک حادثہ پیش آیا۔ یہ حادثہ ضلع کے عدل ہاٹ تھانہ علاقے میں سکیا تراہے کے قریب ہوا۔ اس میں 3 افراد کی موت ہو گئی، جبکہ 3 افراد زخمی ہوگئے۔ ایڈیشنل سپرنٹنڈنٹ آف پولیس راج کمار مینا نے بتایا کہ ہفتے کی رات تقریباً 8 بجے اطلاع ملی کہ سون بھدر کی جانب سے آنے والا ایک ٹرک، قریب کھڑے ایک مسافر آٹو پر پلٹ گیا۔ اس وقت آٹو میں مسافر سوار ہو رہے تھے۔

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔