
سابق وزیر اعظم آنجہانی اندرا گاندھی کے یوم پیدائش پر وزیر اعظم نریندر مودی نے خراج عقیدت پیش کیا ہے۔ انھوں نے جمعرات کو سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر ایک پوسٹ جاری کر انہیں یاد کیا۔ اپنے پیغام میں وزیر اعظم مودی نے لکھا کہ ’’سابق وزیر اعظم محترمہ اندرا گاندھی جی کے یوم پیدائش پر انہیں خراج عقیدت پیش کرتا ہوں۔‘‘ قابل ذکر ہے کہ اندرا گاندھی کی پیدائش 19 نومبر 1917 کو ہوئی، اور 31 اکتوبر 1984 کو انہیں قتل کر دیا گیا تھا۔ وہ ہندوستان کی پہلی خاتون وزیر اعظم تھیں۔ اندرا گاندھی کا پورا نام اندرا پریہ درشنی گاندھی تھا۔ شادی سے قبل ان کا نام اندرا پریہ درشنی نہرو تھا۔ وہ ہندوستانی سیاست کی ایک اہم شخصیت اور انڈین نیشنل کانگریس کی مقبول لیڈر تھیں۔
اندرا گاندھی 2 مرتبہ ملک کی وزیر اعظم رہیں۔ پہلی مرتبہ وہ 1966 سے 1977 تک اس عہدے پر فائز رہیں۔ اس کے بعد 1980 میں وہ دوبارہ وزیر اعظم بنیں اور 1984 میں اپنے قتل تک وزیر اعظم کے عہدے پر برقرار رہیں۔ وہ 1983 سے 1984 تک غیر وابستہ تحریک یعنی این اے ایم کی صدر بھی رہیں۔ اس عہدے تک پہنچنے والی وہ پہلی ہندوستانی خاتون تھیں۔ اندرا گاندھی کا خاندان بھی ملک کی سیاست سے وابستہ رہا ہے۔ وہ ملک کے پہلے وزیر اعظم جواہر لعل نہرو کی بیٹی تھیں۔ ان کے بیٹے راجیو گاندھی بھی بعد میں وزیر اعظم بنے اور اندرا گاندھی کے بعد اس عہدے پر فائز ہوئے۔ اس طرح جواہر لعل نہرو، اندرا گاندھی اور راجیو گاندھی تینوں ہی ملک کے وزیر اعظم رہے۔
کانگریس کے ایکس ہینڈل پر بھی سابق وزیر اعظم آنجہانی اندرا گاندھی کے یوم پیدائش پر انہیں یاد کرتے ہوئے خراج عقیدت پیش کیا گیا ہے۔ کانگریس نے لکھا ہے کہ ’’ایک عظیم رہنما، جن کی جرأت، دور اندیشی اور ہندوستان کی خودمختاری اور خود انحصاری کے جذبات آج بھی نسلوں کو تحریک دیتے ہیں۔ ان کی قوت ارادی اور عوامی خدمت کا جذبہ آج بھی ہماری قوم کے دلوں میں نقش ہے۔‘‘
کانگریس کے قومی صدر ملکارجن کھڑگے نے بھی سوشل میڈیا کے ذریعہ اندرا گاندھی کو خراج عقیدت پیش کیا۔ انھوں نے اپنے ’ایکس‘ ہینڈل پر لکھا ہے کہ ’’ناقابل تسخیر حوصلے، جدوجہد اور مضبوط قیادت کی علامت، ہندوستان کی آئرن لیڈی اور سابق وزیر اعظم محترمہ اندرا گاندھی جی کے یوم پیدائش پر انہیں صد بار خراج عقیدت پیش کرتا ہوں۔‘‘ وہ مزید لکھتے ہیں کہ ’’ملک کی یکجہتی، سالمیت اور خودمختاری کے تحفظ کے لیے انہوں نے اپنی زندگی قربان کر دی۔ قوم کے تئیں ان کی لگن، خدمات، مضبوط قوت ارادی اور فیصلہ کن قیادت ہمیشہ ہمارے لیے مشعل راہ ہے۔‘‘
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔