
مشاعرہ کے افتتاح کا منظر
تصویر: پریس ریلیز
نئی دہلی: کانگریس اقلیتی محکمہ کے میڈیا انچارج اور تلنگانہ انچارج سید عدنان اشرف نے حسن پور اسمبلی کے قصبہ ڈھکا میں ایک آل انڈیا مشاعرہ کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر عدنان اشرف نے کہا کہ جو لوگ مشاعروں کا انعقاد کرتے ہیں، وہ لوگ سیکولر مزاج کے ہوتے ہیں اور سماج میں ہندو-مسلم اتحاد کے پیروکار ہوتے ہیں۔ انھوں نے مزید کہا کہ جس طرح سے ملک کی آزادی کے وقت آزادی کے متوالے کو اشعار اور نظموں کو نعروں کی شکل دے کر جوش بھرنے کا کام کرتے تھے، اسے کوئی فراموش نہیں کر سکتا۔ اُردو کے جوشیلے نغموں کے ذریعہ مجاہدین آزادی نے کئی بڑی لڑائیاں لڑیں۔
Published: undefined
تقریب میں موجود لوگوں سے خطاب کرتے ہوئے عدنان اشرف نے کہا کہ آج اقلیتی طبقہ کے لوگوں کو چاہیے کہ وہ زیادہ سے زیادہ تعداد میں سیاسی میدان کی طرف بڑھیں، امت مسلمہ کو سیاست میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینا چاہیے اور اپنے بچوں کو سیاست میں بھیجنا چاہیے۔ اس سے وہ اپنی آواز بلند کر پائیں گے اور قوم و ملت کا سہارا بن سکیں گے۔ ملک سے نفرت کا ماحول ختم کرنے کا یہ ایک بہترین طریقہ ہے۔ کانگریس لیڈر نے لوگوں سے اپیل کی کہ بچوں کی تعلیم پر بھی توجہ دینے کی ضرورت ہے، ورنہ جو لوگ ’عبدل کے پنکچر‘ لگانے کی بات کرتے ہیں، وہ سچ ہوتی چلی جائے گی۔ تعلیم کے بغیر آپ ہر اعتبار سے اپنی زندگی میں پچھڑ جائیں گے۔ ہمیں ملک کے پہلے وزیر تعلیم مولانا ابوالکلام آزاد، شہید بہادر عبدالحمید، میزائل مین اے پی جے عبدالکلام اور ملک کی سرحد پر پڑوسی ملک پاکستان سے جنگ لڑنے والی کرنل صوفیہ قریشی کے کارناموں کو نہیں بھولنا چاہیے۔ تعلیم کی بدولت ہی انھوں نے ملک کے لیے اپنا تعاون پیش کیا۔
Published: undefined
اس مشاعرہ کے کنوینر مشہور صحافی وشال چودھری ایڈووکیٹ تھے، جنھوں نے اُردو زبان کے زوال پر اپنے شدید افسوس کا اظہار کیا۔ انھوں نے مشاعرہ میں شریک لوگوں سے کہا کہ آج جس طرح اردو زبان ختم ہوتی جا رہی ہے، وہ بے حد تکلیف دہ ہے۔ انھوں نے اُردو کے تئیں اپنائیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ’’اُردو ہماری اپنی زبان ہے۔ جن گھروں میں پہلے اُردو ترقی پاتی رہی، ان کنبوں میں نہ اب اردو پڑھی جاتی ہے اور نہ ہی وہ اپنے بچوں کو اُردو پڑھاتے ہیں۔ حد تو یہ ہے کہ لوگ 2 روپے کا اُردو اخبار بھی نہیں خریدتے۔‘‘
Published: undefined