قومی خبریں

پارلیمنٹ دھکا مُکی معاملہ: ’میں راہل کو جانتا ہوں، کسی کے ساتھ غلط یا برا سلوک کرنا اس کے مزاج میں ہے ہی نہیں‘، عمر عبداللہ

عمر عبداللہ نے بی جے پی کی جانب سے کانگریس اور راہل گاندھی پر لگائے گئے الزامات کو سرے سے خارج کرتے ہوئے کہا کہ ’’یہ ممکن ہی نہیں ہے کہ راہل گاندھی کسی کے ساتھ اس طرح کا سلوک کریں۔‘‘

عمر عبداللہ / آئی اے این ایس
عمر عبداللہ / آئی اے این ایس 

جمعرات کو پارلیمنٹ کے احاطہ میں حکمراں جماعت اور اپوزیشن کے درمیان دھکا مُکی معاملے میں ملکی سطح پر سیاسی لیڈران کے ردعمل سامنے آ رہے ہیں۔ اسی سلسلے میں جموں و کشمیر کے وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ کا بھی ردعمل سامنے آیا ہے۔ انہوں نے بی جے پی کی جانب سے کانگریس اور راہل گاندھی پر لگائے گئے الزامات کو سرے سے خارج کر دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ ممکن ہی نہیں ہے کہ راہل گاندھی کسی کے ساتھ اس طرح کا سلوک کریں۔ سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر ایک پوسٹ شیئر کرتے ہوئے عمر عبداللہ نے لکھا کہ ’’میں راہل گاندھی کو جانتا ہوں، وہ رکن پارلیمنٹ تو کیا کسی عام آدمی کو بھی دھکا نہیں دے سکتے ہیں۔ کسی کے ساتھ غلط یا بُرا سلوک کرنا ان کے مزاج میں ہے ہی نہیں۔‘‘

Published: undefined

واضح ہو کہ حکمراں جماعت کا الزام ہے کہ کانگریس لیڈر راہل گاندھی نے احتجاجی مظاہرے کے درمیان بی جے پی رکن پارلیمنٹ پرتاپ سارنگی اور مکیش راجپوت کو دھکا دے دیا تھا جس کی وجہ سے وہ دونوں زخمی ہو گئے۔ حالانکہ کانگریس نے بی جے پی کے الزام کو بے بنیاد اور جھوٹا بتایا ہے۔ کانگریس نے دعویٰ کیا ہے کہ بی جے پی کے اراکین پارلیمنٹ نے ہی کانگریس صدر ملکارجن کھڑگے کو دھکا دیا اور راہل گاندھی کے ساتھ بھی دھکا مُکی کی۔

Published: undefined

قابل ذکر ہے کہ پارلیمنٹ میں ہوئے اس ہائی وولٹیج ڈرامے کے بعد ایک طرف جہاں بی جے پی لیڈر بانسوری سوراج اور انوراگ ٹھاکر نے سنسد مارگ پولیس اسٹیشن میں حزب اختلاف کے قائد راہل گاندھی کے خلاف شکایت درج کرائی ہے، وہیں دوسری جانب کانگریس کی خاتون اراکین پارلیمنٹ سمیت کئی مرد اراکین پارلیمنٹ بھی سنسد مارگ پولیس اسٹیشن پہنچے اور بی جے پی کے خلاف شکایت درج کرائی۔ علاوہ ازیں کانگریس کے کئی اراکین پارلیمنٹ نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے پارلیمنٹ احاطہ میں پیش آئے واقعہ کی تفصیل پیش کی ہے۔ پرمود تیواری اور دگ وجئے سنگھ جیسے سینئر لیڈران نے کہا ہے کہ کانگریس لیڈران تو ہر دن کی طرح آج بھی پرامن احتجاجی مظاہرہ کر رہے تھے، لیکن بی جے پی اراکین پارلیمنٹ لاٹھی ڈنڈے کے ساتھ ان کا راستہ روکنے لگے۔ انھوں نے بی جے پی پر الزام عائد کیا کہ یہ سب ایک منصوبہ بند سازش تھی تاکہ امت شاہ کو بچایا جا سکے۔

Published: undefined

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔

Published: undefined