قومی خبریں

پولس تشدد کے ایک ماہ مکمل: ’پریورتن چوک‘ اور ’تحریر اسکوائر‘ نظر آیا جامعہ

حکومت عوام کو اصل مسائل سے بھٹکانا چاہتی ہیں، وہ بے روزگاری، غریبی اور معیشت کے مسائل پر بات نہیں کرنا چاہتی کیونکہ اس میں ان کی ناکامی نظر آتی ہے

تصویر نواب اختر
تصویر نواب اختر 
نواب علی اختر

نئی دہلی:قومی شہریت ترمیمی قانون(سی اے اے)،قومی شہریت رجسٹر (این آرسی) اورقومی آبادی رجسٹر(این پی آر) کے خلاف جامعہ ملیہ اسلامیہ کے طلباء کی جانب سے شروع کی گئی تحریک نے ایک قومی شکل اختیار کر لی ہے۔اس سلسلے میں ہر روز احتجاجی طلباء کو حمایت دینے والوں کی تعداد میں اضافہ ہورہا ہے جس کی وجہ سے جامعہ اور آس پاس علاقے میں احتجاجیوں کا جم غفیر نظر آرہا ہے۔ جامعہ میں سی اے اے کے خلاف ہو رہے احتجاج کا آج34 واں دن تھا۔ آج سے ٹھیک ایک ماہ قبل( 15دسمبر2019)جامعہ ملیہ اسلامیہ میں مظاہرین کے خلاف پولس کے ذریعہ کئے گئے تشدد اورطلباء وطالبات کے ساتھ بربریت کا ایک ماہ مکمل ہونے پرجامعہ کوآرڈنیشن کمیٹی نے ’چلو جامعہ‘ نام سے کال دی تھی جس میں دہلی سمیت ملک کی مختلف یونیورسٹیوں اور تعلیمی اداروں کے طلباء اور ان کے لیڈروں نے کثیر تعداد میں حصہ لیا۔ اس موقع پرجواہرلال نہرو یونیورسٹی، دہلی یونیورسٹی،امبیڈ کر یونیورسٹی، ایمس، جامعہ ہمدرد سمیت کئی تعلیمی اداروں کے طلباء نے بڑی تعداد میں شرکت کی اور طلباء تنظیموں کے لیڈروں نے مظاہرین کوخطاب کیا۔آج آس پاس کے لوگوں نے بھی مظاہرے میں بڑی تعداد میں شرکت کی اورالگ الگ اندازمیں سی اے اے،این آرسی اوراین پی آرکے خلاف احتجاج کرتے دیکھے گئے۔

Published: undefined

جامعہ کے سامنے روڈ پرجمع سینکڑوں مظاہرین کو خطاب کرتے ہوئے سینٹر آف انڈین ٹریڈ یونینس (سیٹو) کے سدھےشور شکلا نے حکومت پر نشانہ لگاتے ہوئے کہا کہ صنعت کار، مزدور، طلباء سبھی بری حالت میں ہیں اور حکومت سورہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر ضرورت ہوئی تو ہم آپ کی حمایت میں کارخانے ٹھپ کر دیں گے۔ نیشنل اسٹوڈنٹس یونین آف انڈیا (این ایس یوآئی) کے قومی صدر نیرج کندن نے کہا کہ آج جو بھی آدمی سی اے اے اوراین آرسی کی مخالفت کر رہا ہے اسے نکسلی کہا جا رہا ہے۔ حکومت عوام کو اصل مسائل سے بھٹکانا چاہتی ہیں، وہ بے روزگاری، غریبی اور معیشت کے مسائل پر بات نہیں کرنا چاہتی کیونکہ اس میں ان کی ناکامی نظر آتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ این ایس یو آئی کا ہر کارکن آپ لوگوں کے ساتھ ہے اور ساتھ لڑے گا، میں ان سبھی ستیہ گرہ کرنے والوں کو انقلابی سلام کرتا ہوں جو بھوک ہڑتال پر بیٹھے ہیں۔ علی گڑھ مسلم یونیورسٹی(اے ایم یو) کے سابق کابینہ رکن فرحان زبےری نے کہا کہ میں یہاں پر جمع ہوئے تمام لوگوں کو مبارکباد دیتا ہوں کیونکہ یہاں آپ سبھی اپنے حق کی لڑائی لڑنے آئے ہیں۔ اداکارہ دیپیکا پادکون کے جے این یو دورہ کے بعد فلم ’چھپاک‘ کے بائیکاٹ کے معاملے پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وہ کس طرح ’چھپاک‘ دیکھے بغیر اس کا بائیکاٹ کر سکتے ہیں۔ انہوں نے ہندوستانی مسلمانوں پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم صدیوں سے قوم پرست رہے ہیں اور ہم نے اس ملک کو ’انقلاب زندہ باد‘ کا نعرہ دیا ہے مگرایک طبقہ آج ہم سے شہریت کا ثبوت مانگ رہا ہے۔

Published: undefined

راجیہ سبھا کے ممبر پارلیمنٹ بنی وشوام نے مظاہرین کےجم غفیرسے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت طالب علموں کو طاقت کے بل پر روکنا چاہتی ہے لیکن طلباء جو حقیقی بھارت ہے، وہ انہیں پیچھے ہٹنے پر مجبور کر دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ مودی ہو، بی جے پی ہو یا آر ایس ایس ہو کوئی بھی ہندوستان کو شکست نہیں دے سکتا۔ انہوں نے کہا کہ یہ یونیورسٹی اپنے آپ میں ایک تاریخ رقم کررہی ہے،ہم سب ساتھ مل کر اس سیاہ قانون کو شکست دیں گے۔ جامعہ کے سابق طالب علم عمیق جامعی نے کہا کہ آپ نے جامعہ کو’پریورتن چوک‘ اور’ تحریر اسکوائر‘ میں بدل دیا ہے، جہاں سے بڑی بڑی تحریکوں اور انقلابات کا آغاز ہوا تھا۔ مظاہرے میں ہوئے تشدد کا ذکر کرتے ہوئے جامعی نے کہا کہ شام6 بجے کے بعد 50 شرابیوں کا ایک گروپ آتا ہے اور پرامن مظاہرین پر پتھر پھینکنے لگتا ہے اور وہ لوگ جے این یو میں بھی آتے ہیں تب بھی پکڑے نہیں جاتے۔ اترپردیش کے وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ پر حملہ کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یوگی ہی اس سب کے محرک ہیں۔

Published: undefined

علی گڑھ مسلم یونیورسٹی طلباء یونین کے سابق نائب صدر سجاد راٹھور نے کہا کہ یہ لڑائی ملک کو بچانے کی ہے اورآر ایس ایس اور بی جے پی مسلسل ہمیں توڑنے کی کوششیں کر رہے ہیں، ہم ملک کو ٹوٹنے نہیں دیں گے۔ حکومت چاہتی ہے کہ عوام ان پڑھ ہی رہ جائے تاکہ مستقبل میں بھی وہ حکمران کے طور پر بلا مقابلہ منتخب ہوتے رہیں۔ تحریک کو حمایت دینے کےلئے ایمس کے رضوان نے کہا کہ میں کیرالہ سے ہوں اور میری ہندی اتنی ہی بری ہے جتنی حکومت کی پالیسیاں ہیں۔ بانیان جامعہ کا ذکر کرتے ہوئے رضوان نے کہا کہ جب ادارے کے بانیوں نے اس یونیورسٹی کو قائم کیا تو انہوں نے نہ صرف ملک کے مستقبل کو محفوظ کیا تھا بلکہ اس ملک کے اصل اقدار کے دفاع کے لئے بھی ایک جگہ بنائی تھی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت مسلسل اقلیتوں کیلئے پالیسیاں بدل رہی ہے، آج تبدیلی کی بنیاد ایشٹ ہے ،کل کوئی اور رنگ ہوگا، جلد ہو گی۔ بجنور تشدد کے شکار ہوئے یو پی ایس سی کی تیاری کر رہے سلیمان کے بھائی نے جامعہ کے گیٹ پرسی اے اے،این آرسی اور این پی آرکے خلاف جاری احتجاج میں موجود طلباء و طالبات ،شہریوں، کارکنان کو خطاب کرتے ہوئے کہا کہ میرا بھائی جمعہ کی نماز پڑھنے کےلئے گیا تھا ، جب وہ مسجد سے باہر نکلا تو وہاں موجود آر ایس ایس اور پولس کے لوگ اسے اپنے ساتھ لے گئے اور مار ڈالا۔ جب لوگوں نے اسے اسپتال لے جانے کی کوشش کی تو پولس نے لے جانے نہیں دیا الٹا انہوں نے لوگوں سے کہا کہ’ٹھوک دیں گے!‘۔ اس کے بعد ملکی اورغیرملکی میڈیا نے ہماری مدد کی۔ انہوں نے حکومت پر سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ ہم یہ کیس لڑتے ہوئے ڈرتے ہیں۔

Published: undefined

جواہر لال نہرو یونیورسٹی (جے این یو) طلباء یونین کی صدرآئیشی گھوش نے ’بلڈی سنڈے‘ پر جامعہ ملیہ اسلامیہ کے طلباء وطالبات اور عام لوگوں سے خطاب کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں ڈرنے کی ضرورت نہیں ہے بلکہ شاہین باغ کی بہادر خواتین سے ترغیب لینے کی ضرورت ہے۔ جامعہ میں دہلی پولس کی طرف سے کئے گئے تشدد پرآئیشی نے کہا کہ سی اے اے اوراین آرسی کے خلاف احتجاج میں پولس مسجد اور لائبریری کس طرح توڑ سکتی ہے؟اس پر ہم خاموش نہیں بیٹھیں گے۔ وزیر داخلہ امت شاہ کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے آئیشی نے کہا کہ امت شاہ نے چند ماہ قبل کہا تھا کہ مسلم خواتین آزاد نہیں ہیں، آپ نے انہیں دکھا دیا کہ آپ کتنی طاقتور ہیں۔ کشمیر معاملے پر بیباکی سے اپنی بات رکھتے ہوئے آئشی گھوش نے کہا کہ ہم کشمیریوں کو پیچھے نہیں چھوڑ سکتے کیونکہ وہیں سے آئین پر حملہ شروع ہوا تھا۔ الہ آباد یونیورسٹی کے روی نے کہا کہ حکومت کو آخر مسلمانوں سے کیا پریشانی ہے ؟، اگر ہندو مسلم مل کر رہیں جےسے سب مل کر آزادی کےلئے لڑے تھے ویسے ہی آج ساتھ مل کر غریبوں کے حقوق کیلئے لڑ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میں سی اے اے اوراین آرسی کی مخالفت کرتا ہوں اور امید کرتا ہوں کہ بی جے پی کے ٹکڑے ٹکڑے ہوں گے۔اس موقع پرطلباء کی حمایت میںبھارتیہ کسان یونین پنجاب کے وفدنے بھی مظاہرے میں شرکت اور طلباء اپنی حمایت دی۔

Published: undefined

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔

Published: undefined