
ممتا بنرجی فائل فوٹو، یو این آئی
لوک سبھا میں آج اپوزیشن کے ہنگامہ کے درمیان ’وی بی-جی رام جی‘ بل کو منظوری مل گئی۔ مودی حکومت نے یہ بل پہلے سے جاری ’منریگا‘ منصوبہ کو نیا نام دینے اور کچھ تبدیلی کرنے کے مقصد سے پیش کیا ہے، لیکن اپوزیشن پارٹیاں اس سے شدید ناراض ہیں۔ ناراضگی کی وجہ یہ ہے کہ ’منریگا‘ یعنی ’مہاتما گاندھی نریگا‘ منصوبہ کا نام بدلنے کی کوئی ضرورت نہیں تھی، پھر بھی مودی حکومت نے ایک اہم منصوبہ سے مہاتما گاندھی کا نام ہٹانے جیسا قدم اٹھایا۔ ایک طرف مودی حکومت نے ’منریگا‘ سے مہاتما گاندھی کا نام ہٹا دیا ہے، دوسری طرف مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی نے ایک بڑا اعلان کر وزیر اعظم نریندر مودی اور ان کی حکومت کو سخت جواب دیا ہے۔
Published: undefined
دراصل ممتا بنرجی نے اعلان کیا ہے کہ ان کی حکومت دیہی روزگار گارنٹی منصوبہ ’کرم شری‘ کا نام بدل کر مہاتما گاندھی کے نام پر رکھے گی۔ انھوں نے مودی حکومت کو ہدف تنقید بناتے ہوئے کہا کہ منریگا منصوبہ سے مہاتما گاندھی کا نام ہٹایا جانا شرمناک ہے۔ اگر وہ بابائے قوم کو احترام نہیں دے سکتے، تو ہم دیں گے۔
Published: undefined
ممتا بنرجی نے ’بزنس اینڈ انڈسٹری کنکلیو‘ میں بی جے پی کا براہ راست نام لیے بغیر کہا کہ اگر کچھ سیاسی پارٹیاں ہماری قومی علامتوں کا احترام کرنے میں ناکام رہتی ہیں، تو ہم ان (علامتوں) کا احترام کریں گے۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ مجھے شرم آتی ہے کہ انھوں نے منریگا پروگرام سے مہاتما گاندھی کا نام ہٹانے کا فیصلہ کیا ہے۔ ہم اب بابائے قوم کو بھی فراموش کر رہے ہیں۔ اب ہم اپنی ریاست کے ’کرم شری‘ منصوبہ کا نام مہاتما گاندھی کے نام پر رکھیں گے۔ ’کرم شری‘ منصوبہ کے تحت حکومت کا دعویٰ ہے کہ وہ استفادہ کنندگان کو 75 دنوں تک کا کام دیتی ہے، اس کے باوجود کہ مرکزی حکومت منریگا کے تحت فنڈ روک رہا ہے۔
Published: undefined
وزیر اعلیٰ کا کہنا ہے کہ ریاست کا ہدف مستقبل میں ’کرم شری‘ کے تحت کام کے دنوں کی تعداد بڑھا کر 100 کرنا ہے۔ انھوں نے کہا کہ ’’ہم نے پہلے ہی ’کرم شری‘ کے تحت بہت سارے کام کے دن بنائے ہیں، جسے ہم اپنے وسائل سے چلا رہے ہیں۔ اگر مرکزی فنڈ بند بھی ہو جاتے ہیں تو ہم یہ یقینی بنائیں گے کہ لوگوں کو کام ملے۔ ہم بھکاری نہیں ہیں۔‘‘
Published: undefined
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: undefined