قومی خبریں

اب کوئی بھی ہندوستان کی طرف بری نظروں سے نہیں دیکھ سکتا: راجناتھ سنگھ

وزیر دفاع نے آج یہاں لکھنو میں برہموس میزائل یونٹ اور ڈیفنس ٹیکنالوجی اور ٹیسٹنگ سنٹر(ڈی آر ڈی او) کے لیب کا سنگ بنیاد رکھا۔ اس موقع پر وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ بھی موجود رہے۔

تصویر بشکریہ ٹوئٹر / @rajnathsingh
تصویر بشکریہ ٹوئٹر / @rajnathsingh 

لکھنؤ: لکھنو سے رکن پارلیمان و وزیر دفاع راجناتھ سنگھ نے اتوار کو کہا کہ ملک کے دفاعی شعبہ کو کافی تقویت ملی ہے اور اب کوئی بھی ہماری طرف بری نظروں سے نہیں دیکھ سکتا۔ ملک کے تحفظ کے لئے ملک کو جوہری ڈیٹرنٹ کی ضرورت ہے تاکہ کچھ پڑوسیوں کو دندان شکن جواب دیا جاسکے اور انہیں یہ معلوم ہوکہ ہم ہر طرح کے حالات سے نبردآزما ہونے کے اہل ہیں۔

وزیر دفاع نے آج یہاں لکھنو میں برہموس میزائل یونٹ اور ڈیفنس ٹیکنالوجی اور ٹیسٹنگ سنٹر(ڈی آر ڈی او) کے لیب کا سنگ بنیاد رکھا۔ اس موقع پر وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ بھی موجود رہے۔ راجناتھ سنگھ نے کہا کہ ہم برہموس میزائل دنیا میں کسی بھی ملک پر حملے کے لئے نہیں بنا رہے ہیں۔ ہم برہموس صرف اس لئے بنا رہے ہیں تاکہ ہندوستان کے دفاعی شعبے کو اتنا مضبوط اور خود کفیل بنایا جاسکے کہ دنیا کا کوئی بھی ملک ہماری طرف بری نگاہیں نہ اٹھا سکے۔

وزیر دفاع نے کہا کہ اب ملک کے دفاعی مینوفیکچرنگ صلاحیتوں میں اضافہ ہوا ہے اور دفاعی برآمدات کا آغاز ہوا ہے۔ حال ہی میں ہم نے دہلی میں روس کے وزیر دفاع سے ملاقات کی اور غیر ملکی دفاعی مینو فیکچرس کو اپنی جانب راغب کرنے کے لئے تین نکاتی نیا نعرہ دیا ہے۔ اور وہ ہیں آو۔میک ان انڈیا، آو۔انڈیا کے لئے بناؤ، آو۔ دنیا کے لئے بناؤ۔

انہوں نے کہا کہ برہموس کا نام ہندوستان کے برہمپتر اور روس کے موسکوا ندی کے نام پر رکھا گیا ہے۔ راجناتھ نے کہا کہ اب لکھنؤ میں بی آر ڈی او برہموس جیسی میزائل کو تیار کرے گا جو کہ ہندوستان کی سیکورٹی کا ضامن ہوگا۔ آج یوپی کی معیشت میں نئے باب کا اضافہ ہوا ہے۔ برہموس میزائل یونٹ اور ڈی آر ڈی او لیب کا قیام یوپی کے باشندوں کو روزگار فراہم کرے گا۔

اس موقع پر انہوں نے ریاست کے وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ کے ترقیاتی کاموں اور مرکزی حکومت کی اسکیمات کے نفاذ کے معاملے میں تعریف کرتے ہوئے کہا کہ میں وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ کا شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں جنہوں نے جیسے ہی میں نے اس پروجکٹ کے بارے میں ان سے ذکر کیا فوراً ہی بلاتاخیر 45 دنوں کے اندر ڈی آر ڈی او کو 200 ایکڑ زمین فراہم کر دی۔ وہیں وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ نے کہا کہ برہموس میزائل یونٹ لکھنؤ میں قائم کیا جائے گا۔ اس سے ریاست میں روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے۔ دفاعی شعبے میں نیا ہندوستان تیزی سے آگے بڑھ رہا ہے۔

Published: undefined

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔

Published: undefined