
ہندوستان کے وزیر دفاع راجناتھ سنگھ نے پاکستان مقبوضہ کشمیر سے متعلق ایک بڑا دعویٰ کیا ہے۔ انھوں نے ایک میڈیا چینل سے خصوصی بات چیت کے دوران کہا کہ پاکستان مقبوضہ کشمیر (پی او کے) پر حملے کی کوئی ضرورت نہیں ہے، وہ خود سے ہی ہندوستان میں ملنے کی طرف بڑھ رہا ہے۔ ساتھ ہی انھوں نے یہ بھی کہا کہ انھوں نے اس تعلق سے ایک سال پہلے ہی پیشین گوئی کر دی تھی۔
راجناتھ سنگھ نے ’ٹی وی 9 بھارت وَرش‘ سے بات چیت کے دوران کہا کہ ’’ہم نے سال بھر پہلے سری نگر میں جا کر کہا تھا کہ پاکستان پر حملہ یا پی او کے پر قبضہ کرنے کی کوئی ضرورت نہیں ہے۔ پی او کے خود (ہندوستان میں ملنے کا) مطالبہ کرے گا۔ آج دیکھیے وہاں سے کتنا تیز مطالبہ آ رہا ہے۔ 70 سے 75 سال پہلے تو ہمارے ساتھ ہی تھا، پھر خود ہی آ جائے گا۔ آج انضمام کا مطالبہ تیز ہو رہا ہے۔‘‘
مرکزی وزیر دفاع راجناتھ سنگھ نے کہا کہ ہندوستان کو پاک مقبوضہ کشمیر سے متعلق کچھ کرنے کی ضرورت نہیں ہے۔ جس طرح سے پاکستان حکومت اس کو نظر انداز کر رہی ہے، اس سے خود بخود ایسا ماحول بنتا ہے وہ ہندوستان کے ساتھ ضم ہو جائے۔ لیکن میں واضح کر دینا چاہتا ہوں کہ ہم کسی خاص علاقہ پر قبضہ کر کے اس کو حاصل کرنے کی منشا نہیں رکھتے۔
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔