قومی خبریں

ایئر انڈیا فلائٹ ٹربلنس معاملہ، پائلٹ کا ڈوپ ٹیسٹ مثبت، جانچ مکمل ہونے تک ہٹایا گیا

فوکیٹ سے دہلی واپس آ رہی ایئر انڈیا کی اے آئی 2379  پرواز کو 4 اگست کو اڈیشہ کے قریب شدید ٹربولنس کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ تیز ہواؤں کے درمیان طیارہ اچانک تقریباً 300 فٹ نیچے آ گیا تھا

<div class="paragraphs"><p>ایئر انڈیا علامتی تصویر</p></div>

ایئر انڈیا علامتی تصویر

 

فوکیٹ سے دہلی آ رہی ایئر انڈیا کی پرواز میں ٹربولنس کے واقعے کے بعد اب پائلٹ کے ڈوپ ٹیسٹ کے حوالے سے سوال اٹھ رہے ہیں۔ اے آئی2379 پرواز کے پائلٹ ’ان کمانڈ‘ کا سائیکوایکٹو مادے کا پہلا ٹیسٹ مثبت آیا ہے۔ حالانکہ اس ٹیسٹ کو حتمی نہیں مانا جا سکتا اور ایک دوسرے ٹیسٹ کا نتیجہ ابھی آنا باقی ہے۔ ایئر انڈیا نے پائلٹ کے ڈوپ ٹیسٹ مثبت آنے کی سرکاری طور پر تصدیق نہیں کی ہے۔ البتہ تحقیقات مکمل ہونے تک دونوں پائلٹس کو پرواز کی ڈیوٹی سے ہٹا دیا گیا ہے۔

فوکیٹ سے دہلی واپس آ رہی ایئر انڈیا کی اے آئی2379  پرواز کو 4 اگست کو اڈیشہ کے قریب شدید ٹربولنس کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ تیز ہواؤں کے درمیان طیارہ اچانک تقریباً 300 فٹ نیچے آگیا تھا۔ طیارے میں 137 مسافر اور 8 کریو ممبران سوار تھے۔ اس واقعے میں کئی مسافر زخمی بھی ہوئے تھے۔ دہلی پہنچنے کے بعد 13 مسافروں اور 4 کریو ممبران کو اسپتال میں داخل کرایا گیا تھا۔ واقعے کے بعد پرواز کے دوران پیش آنے والے حالات کی تحقیقات شروع کی گئی۔ اسی سلسلے میں پائلٹس کے ڈوپ ٹیسٹ بھی کرائے گئے۔

’دی ٹائمز آف انڈیا‘ کی رپورٹ کے مطابق پائلٹ کا ڈوپ ٹیسٹ دہلی پہنچنے کے بعد لیا گیا تھا۔ ’پائلٹ ان کمانڈ‘ کا سائیکوایکٹو مادے کا پہلا ٹیسٹ مثبت آیا ہے۔ حالانکہ یہ نتیجہ حتمی نہیں ہے۔ ایک اور ٹیسٹ کرایا گیا ہے، جس کے نتائج ابھی آنا باقی ہیں۔ اس لیے فی الحال یہ نتیجہ اخذ کرنا جلد بازی ہوگی کہ پائلٹ نے پرواز کے دوران کسی نشہ آور مادے کا استعمال کیا تھا۔ احتیاط کے طور پر دونوں پائلٹس کو تحقیقات مکمل ہونے تک پرواز کی ڈیوٹی سے ہٹا دیا گیا ہے۔ معاملے کی مختلف پہلوؤں سے تحقیقات کی جا رہی ہیں اورڈی جی سی اے بھی پورے واقعے کی تحقیقات کر رہا ہے۔ فی الحال تحقیقات مکمل ہونے اور باقی ٹیسٹ کے نتائج آنے کے بعد ہی صورتحال زیادہ واضح ہو سکے گی۔

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔