آئی اے این ایس
پونے: مہاراشٹر کے جالنا اور اہلیانگر اضلاع میں گزشتہ دنوں ہوئی شدید بارش اور جے کواڑی باندھ سے پانی کے بڑے پیمانے پر اخراج کے سبب سیلابی صورتحال پیدا ہو گئی۔ اس مشکل گھڑی میں قومی آفات سے نمٹنے والی فورس (این ڈی آر ایف) کی پانچویں بٹالین نے کمانڈنٹ سنتوش بہادر سنگھ کی قیادت میں بروقت کارروائی کرتے ہوئے کامیاب ریسکیو آپریشن چلایا اور 102 شہریوں کی جان بچائی۔
Published: undefined
یہ کارروائیاں ریاستی آفات انتظامی اتھارٹی (ایس ڈی ایم اے) اور محکمہ موسمیات (آئی ایم ڈی) کی جانب سے جاری کی گئی پیشگی انتباہات کے بعد شروع کی گئیں۔ جالنا ضلع میں جے کواڑی باندھ سے 2,26,368 کیوسیک پانی کے اخراج اور مسلسل بارش کے باعث صورتحال نازک ہو گئی تھی۔ خطرے کو دیکھتے ہوئے این ڈی آر ایف نے 28 ستمبر کو شاہ گڑھ، تعلقہ امبد میں فوری طور پر اپنی ٹیم تعینات کی۔
اگلے ہی روز 29 ستمبر کو گھن سنگوی تحصیل کے منگلور گاؤں میں ریسکیو آپریشن کیا گیا۔ یہاں پانی کے تیز بہاؤ میں پھنسے 58 لوگوں کو محفوظ نکالا گیا جن میں 44 مرد اور 14 خواتین شامل تھیں۔ مقامی لوگوں نے بتایا کہ پانی کی سطح تیزی سے بڑھ رہی تھی اور اگر بروقت امداد نہ پہنچتی تو جانی نقصان یقینی تھا۔
Published: undefined
اسی دوران اہلیانگر ضلع کی تحصیل کرجت کے مال تھان گاؤں میں بھی سیلابی پانی نے تباہی مچائی۔ یہاں کیچڑ آلود زمین اور گنے کے کھیتوں کے درمیان کشتی چلانا ناممکن تھا۔ لیکن این ڈی آر ایف کی ٹیم نے ہمت اور مہارت دکھاتے ہوئے رسی پر مبنی خصوصی تکنیک استعمال کی اور ایک ایک فرد کو نکال کر محفوظ مقامات تک پہنچایا۔ اس مہم میں 44 افراد کو زندگی کی نئی امید ملی۔
کمانڈنٹ سنتوش بہادر سنگھ نے میڈیا کو بتایا کہ ان کی فورس ہر حال میں تیار رہتی ہے۔ چاہے کتنا ہی مشکل ماحول کیوں نہ ہو، انسانی جان بچانا ان کی پہلی ترجیح ہے۔ انہوں نے کہا کہ این ڈی آر ایف کی یہ کارروائی اس عزم کی تازہ مثال ہے کہ کسی بھی آفت کے وقت بروقت اور منظم ردعمل سے بڑی تباہی روکی جا سکتی ہے۔
Published: undefined
این ڈی آر ایف کی ٹیمیں مقامی انتظامیہ، ایس ڈی ایم اے، آئی ایم ڈی اور باندھ حکام کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہیں تاکہ مستقبل میں کسی بھی ہنگامی صورتحال سے فوری طور پر نمٹا جا سکے۔ پانچویں بٹالین کی اس کارروائی نے نہ صرف تکنیکی مہارت کو ثابت کیا بلکہ مشکل حالات میں انسانی ہمدردی اور جذبۂ خدمت کا بھی مظاہرہ کیا۔ مقامی باشندوں نے این ڈی آر ایف کے اس اقدام کو زندگی بچانے والا کام‘‘ قرار دیتے ہوئے دل سے شکریہ ادا کیا۔
Published: undefined
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: undefined