این سی ای آر ٹی نے درجہ آٹھویں کے لیے تیار سماجیات کی کتاب میں مراٹھا سلطنت کے نقشہ سے متعلق جاری تنازعہ پر ایکسپرٹ کمیٹی بنانے کا فیصلہ کیا ہے۔ کتاب میں راجستھان کے کچھ حصوں کو مراٹھا سلطنت کے تحت دکھایا گیا ہے۔ اسے کچھ لوگوں نے تاریخی اعتبار سے غلط بتایا ہے۔ خصوصاً جیسلمیر کے سلسلے میں کہا گیا ہے کہ وہاں کبھی مراٹھوں کا قبضہ یا اثر تھا ہی نہیں۔
Published: undefined
این سی ای آر ٹی کا کہنا ہے کہ ایسی حالت میں جب کسی کتاب کے مواد پر سخت رد عمل ملتا ہے، تو ہمیشہ ایک اعلیٰ سطحی ماہرین کی کمیٹی تشکیل دی جاتی ہے۔ یہ کمیٹی دستیاب مواد کی بنیاد پر سبھی جانکاری کی جانچ کرے گی اور مناسب قدم اٹھانے کی سفارش کرے گی۔ اس بار بھی یہی طریقۂ کار اختیار کیا جائے گا اور رپورٹ جلد از جلد تیار کی جائے گی۔
Published: undefined
قابل ذکر ہے کہ اس تنازعہ کی شروعات اُس وقت ہوئی تھی جب جیسلمیر میں شاہی کنبہ کے چیتنیہ راج سنگھ نے سوشل میڈیا پر کہا کہ درجہ آٹھویں کی کتاب میں جو مارکنگ کی گئی ہے، وہ تاریخ کے خلاف ہے۔ کوئی بھی قابل اعتبار ذرائع یہ نہیں بتاتے کہ جیسلمیر پر کبھی مراٹھا راج تھا، یا مراٹھوں کی کوئی حکومت وہاں تھی۔ انھوں نے اسے غیر مدلل اور سنگین طور پر قابل اعتراض بتایا تھا۔
Published: undefined
این سی ای آر ٹی کے محکمہ سماجیات (سوشل سائنس ڈپارٹمنٹ) کے سربراہ مشیل ڈینینو نے کہا کہ نقشہ کی سرحد درست ہے یا نہیں، اس پر مزید تحقیق چل رہی ہے۔ اگر کوئی غلطی پائی گئی تو مستقبل میں کتاب میں ترمیم کی جائے گی۔ نقشہ پرانے اور عوامی طور سے دستیاب نقشوں کی بنیاد پر بنایا گیا ہے، جو مراٹھا بالادستی والی جگہوں سمیت ان ریاستوں کو بھی ظاہر کرتے ہیں جو مراٹھوں کو ٹیکس دیتے تھے، یا ان کے ساتھ کسی معاہدے میں تھے۔ ڈینینو نے یہ بھی اعتراف کیا کہ نقشہ میں کچھ حدود طے کر پانا آسان نہیں ہوتا، کیونکہ اس وقت کے سیاسی حالات بہت پیچیدہ تھے۔ اس لیے ایک نقشہ پوری کہانی نہیں بتا سکتا۔ انھوں نے یہ بھی کہا کہ وقت کی کمی کے سبب کتاب کے مصنف ہر بنیادی مآخذ پر نئی تحقیق نہیں کر پاتے اور بھروسہ مند سیکنڈری مآخذ پر انحصار کرتے ہیں۔
Published: undefined
دلچسپ بات یہ ہے کہ درجہ ساتویں کی کتاب میں موجود نقشہ کے اوپر لکھا گیا ہے کہ ’نقشے کی حدود تخمینی ہیں‘، لیکن درجہ آٹھ کی کتاب میں یہ الرٹ شامل نہیں کیا گیا ہے۔ ڈینینو نے اعتراف کیا کہ سبھی نقشوں کے اوپر یہ الرٹ ہونا چاہیے تھا، تاکہ پڑھنے والے اسے سمجھ سکیں۔
Published: undefined
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: undefined
تصویر بشکریہ محمد تسلیم
تصویر: پریس ریلیز