
بہار کے گیا ٹاؤن میں انتخابی جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے کانگریس صدر کھڑگے، تصویر ’ایکس‘ @INCIndia
’’راہل گاندھی عوام سے ملاقات کرتے ہیں، ان کے درمیان جاتے ہیں۔ حال ہی میں انھوں نے مکیش سہنی جی کے ساتھ ماہی گیر بھائیوں سے ملاقات کی اور ان کے مسائل کو سمجھنے کی کوشش کی۔ راہل گاندھی جیسی مثال ملک میں کہیں دوسری نہیں ہے۔‘‘ یہ بیان کانگریس صدر ملکارجن کھڑگے نے بہار کے گیا ٹاؤن میں ایک انتخابی جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے دیا۔ انھوں نے راہل گاندھی کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ وہ عوام کے مسائل کو نہ صرف سمجھنے کی کوشش کرتے ہیں، بلکہ اس کا حل بھی تلاش کرتے ہیں۔
Published: undefined
کھڑگے نے وزیر اعظم نریندر مودی کو راہل گاندھی کے برعکس قرار دیا، اور کہا کہ انھیں عوام سے کوئی مطلب نہیں ہے۔ کھڑگے نے لوگوں کی زبردست بھیڑ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ’’نریندر مودی کو صرف الیکشن سے مطلب ہے۔ جب انتخاب آتا ہے، تو وہ گھومتے ہی رہتے ہیں۔‘‘ وہ مزید کہتے ہیں کہ ’’لوگوں نے آپ کو (پی ایم مودی کو) ملک چلانے کے لیے وزیر اعظم بنایا تھا، میونسپلٹی کے الیکشن میں تشہیر کرنے کے لیے نہیں۔‘‘
Published: undefined
کانگریس صدر نے اپنی تقریر کے دوران بہار کے وزیر اعلیٰ نتیش کمار اور مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ کو موقع پرست ظاہر کیا۔ بطور ثبوت انھوں نے کہا کہ ’’بی جے پی سماج میں خوف، نفرت اور زہر پیدا کر رہی ہے۔ یہ ہماری جمہوریت اور آئین کے لیے سب سے بڑا خطرہ ہے۔ نتیش کمار نے یہ بات دسمبر 2023 میں قومی مجلس عاملہ کی میٹنگ میں کہی تھی۔ اب وہ بی جے پی کے ساتھ کھڑے ہیں۔‘‘ امت شاہ کے تعلق سے وہ کہتے ہیں کہ ’’امت شاہ نے کہا تھا ’نتیش کمار کے لیے بی جے پی کے دروازے ہمیشہ کے لیے بند ہیں‘۔ وہ بھی اپنی بات سے پلٹ چکے ہیں۔‘‘ کھڑگے کہتے ہیں کہ ’’مجموعی طور پر یہ لوگ موقع پرست ہیں، جو صرف اپنا فائدہ اور کرسی دیکھتے ہیں۔ اس لیے ہم سبھی کو ایسے لوگوں کو اقتدار سے ہٹانا ہے، نہیں تو ہمارا مستقبل برباد ہو جائے گا۔‘‘
Published: undefined
اپنی تقریر میں کانگریس صدر کھڑگے نے ’ووٹ چوری‘ کا بھی ذکر کیا۔ انھوں نے کہا کہ ’’راہل گاندھی نے پورے ملک کو دکھایا ہے کہ کس طرح ووٹر لسٹ میں گھوٹالہ ہو رہا ہے۔ الیکشن کمیشن بھی اس کھیل میں ملا ہوا ہے۔‘‘ وہ مزید کہتے ہیں کہ ’’ہر جگہ– مہاراشٹر، ہریانہ، مدھیہ پردیش میں چوری کی حکومت چل رہی ہے۔ بی جے پی اور الیکشن کمیشن بہار میں بھی ’ووٹ چوری‘ کرنے کی کوشش کریں گے، لیکن ہمیں محتاط رہنا ہے۔ ہمیں بہار میں ’ووٹ چوری‘ نہیں ہونے دینا ہے۔‘‘
Published: undefined
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: undefined
تصویر: پریس ریلیز