
ہندوستان-چین، تصویر آئی اے این ایس
چین کے ساتھ ہندوستان کا تجارتی خسارہ ریکارڈ 83 ارب ڈالر تک پہنچ گیا ہے۔ اس معاملہ میں کانگریس نے مرکز کی مودی حکومت کو کٹہرے میں کھڑا کر دیا ہے۔ اپوزیشن پارٹی نے الزام لگایا ہے کہ وزیر اعظم نریندر مودی نے ’آتم نربھر بھارت‘ (خود کفیل ہندوستان) کا جملہ ضرور دیا، لیکن ہندوستان کو ’چین نربھر‘ (چین پر منحصر) بنا کر رکھ دیا ہے۔
کانگریس نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر ’بزنس اسٹینڈرڈ‘ کی ایک خبر کا تراشہ شیئر کیا ہے، جس میں چین کے ساتھ ہندوستانی تجارتی خسارہ ریکارڈ سطح پر پہنچنے کی اطلاع دی گئی ہے۔ اس میں بتایا گیا ہے کہ مالی سال 2027 کے ابتدائی 7 مہینوں میں چین کے ساتھ ہندوستان کا تجارتی خسارہ 83 ارب ڈالر پہنچ گیا ہے، اور پورے مالی سال میں یہ خسارہ 150 ارب ڈالر تک پہنچ سکتا ہے۔ اس تراشہ کو شیئر کرتے ہوئے کانگریس نے لکھا ہے کہ ’’یہ اعداد و شمار گزشتہ مالی سال کے مقابلے 30 فیصد زیادہ ہے۔‘‘
چین کے ساتھ ہندوستان کے حالیہ تجارتی خسارہ کو پیش نظر رکھتے ہوئے کانگریس نے شدید تشویش ظاہر کی ہے۔ اس کا کہنا ہے کہ اگر ایسا ہی چلتا رہا تو مالی سال 2027 میں چین کے ساتھ ہندوستان کا تجارتی خسارہ 150 بلین ڈالر کے قریب پہنچ جائے گا، جو مالی سال 2026 میں 112 ارب ڈالر تھا۔ ساتھ ہی کانگریس نے لکھا ہے کہ ’’یہ ظاہر کرتا ہے کہ ہندوستان جم کر چین سے سامان خرید رہا ہے اور وہاں کا مینوفیکچرنگ سیکٹر بوم کر رہا ہے۔ جبکہ ہندوستان کے ایم ایس ایم ای تباہ ہو رہے ہیں اور دن بہ دن روزگار کا بحران پیدا ہو رہا ہے۔‘‘
اس سوشل میڈیا پوسٹ میں کانگریس نے وزیر اعظم نریندر مودی پر حملہ آور رخ اختیار کرتے ہوئے لکھا ہے کہ ’’نریندر مودی نے عوام کو ’آتم نربھر بھارت‘ کا جملہ تو دیا، لیکن حقیقت میں ہندوستان کو ’چین نربھر‘ بنا دیا۔ گویا کہ نریندر مودی اپنی گھٹیا پالیسیوں سے ہندوستان کی معیشت کا کباڑا کر ملک کا نقصان کر رہے ہیں۔‘‘