
تصویر اے آئی
بہار میں مظفر پور ضلع کے ایک عام خاندان سے تعلق رکھنے والے محمد احتشام رضوی اٹلی میں منعقد ہونے والے باوقار مقابلے میں ہندوستان کی نمائندگی کریں گے۔ کھڑونا میں واقع جواہر نوودیہ ودیالیہ کے بارہویں سائنس اسٹریم کے طالب علم احتشام کا انتخاب ’انٹرنیشنل ارتھ سائنس اولمپیاڈ‘ (آئی ای ایس او) کے لیے ہندوستانی ٹیم میں ہوا ہے۔ یہ مقابلہ 20 سے 27 اگست 2026 کے درمیان منعقد ہوگا۔ اس مقابلے کے لیے پورے ملک سے صرف 4 طلبہ کا انتخاب کیا گیا ہے۔ اس سے اندازہ ہوتا ہے کہ اس کا کمپیٹیشن کتنا سخت ہوتا ہوگا۔ احتشام کے علاوہ بہار کا ایک اور طالب علم بھی اس فہرست میں شامل ہے۔
Published: undefined
احتشام کے والد محمد سراج انصاری ایک پرائیویٹ کمپنی میں مزدوری کر کے خاندان کی کفالت کرتے ہیں۔ والدہ گھریلو خاتون ہیں۔ احتشام کو ملا کر گھر میں 3 بھائی بہن ہیں۔ دادا نور الحسن انصاری مظفر پور کلب، کمپنی باغ میں ہیڈ کلرک تھے۔ ان کے انتقال کے بعد خاندان کی مالی حالت بگڑ گئی۔ خاندان بچوں کی پڑھائی جاری رکھنے کے لیے کلب کے احاطے میں ہی رہ رہا ہے۔
Published: undefined
احتشام نے بتایا کہ انہیں ارتھ سائنس اولمپیاڈ کی معلومات سب سے پہلے اپنے اسکول سے ملی۔ جواہر نوودیہ ودیالیہ میں وقت فوقتاً مختلف مقابلے منعقد ہوتے رہتے ہیں، جن میں وہ باقاعدگی سے حصہ لیتے رہے ہیں۔ اسی دوران ان کے فزکس کے استاد نے انہیں ارتھ سائنس اولمپیاڈ کے بارے میں بتایا۔ انہوں نے گیارہویں جماعت سے ہی اس کی تیاری شروع کر دی تھی۔ اس کے بعد انہوں نے درخواست دی اور پوری لگن کے ساتھ تیاری شروع کر دی۔ انہوں نے بتایا کہ 24 جنوری 2026 کو اسکول کی سطح پر امتحان منعقد کیا گیا تھا۔ اس امتحان میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے 5 طلبہ کا انتخاب اگلے مرحلے کے لیے کیا گیا۔ منتخب طلبہ کو گجرات کے وڈودرا میں منعقدہ ’نیشنل ٹریننگ اینڈ اسیسمنٹ کیمپ‘ میں بھیجا گیا۔
Published: undefined
احتشام نے بتایا کہ وڈودرا میں تقریباً 20 دنوں تک جاری رہنے والے کیمپ میں کئی طرح کی تعلیمی اور عملی سرگرمیاں منعقد کی گئیں۔ اس دوران شرکاء کو زمین کی ساخت، چٹانوں کی تہوں، ارضیاتی ساخت، ماحولیات اور ارتھ سائنس سے جڑے مختلف موضوعات کی گہری معلومات دی گئیں۔ کیمپ میں فیلڈ ورک، پریکٹیکل ٹیسٹ، تحریری امتحان اور وائیوا بھی لیا گیا۔ تمام شرکاء کو الگ الگ موضوعات دیے گئے تھے۔ کئی سطحوں کے امتحانات، پریکٹیکل اور تشخیصی عمل مکمل ہونے کے بعد ملک بھر سے 4 طلبہ کا حتمی انتخاب کیا گیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ ’’میں بے حد خوش ہوں کہ مجھے بین الاقوامی اسٹیج پر ہندوستان کی نمائندگی کرنے کا موقع ملا ہے۔ میں پوری محنت کے ساتھ مقابلے میں حصہ لوں گا اور ملک کے لیے میڈل جیت کر لوٹنے کی کوشش کروں گا۔‘‘
Published: undefined
’ای ٹی وی بھارت‘ کی رپورٹ کے مطابق احتشام کی ابتدائی تعلیم سکرا کے سرکاری اسکول میں ہوئی۔ اس کے ساتھ ہی انہوں نے سکرا میں واقع ’ہولی گارڈن پریپ پبلک اسکول‘ سے ایکسٹرا گائیڈنس بھی حاصل کی۔ چھٹی جماعت میں جواہر نوودیہ ودیالیہ میں داخلہ لینے کے بعد انہوں نے مسلسل شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ پڑھائی کے ساتھ ساتھ انہوں نے این سی سی بھی جوائن کی۔ وہ ایک اچھے کیڈٹ رہے اور قومی سطح پر اسکول کا نام روشن کر چکے ہیں۔ ان کا خواب مستقبل میں نیشنل ڈیفنس اکیڈمی (این ڈی اے) میں شامل ہو کر ملک کی خدمت کرنے کا ہے۔
Published: undefined
احتشام کی والدہ چاند تبسم نے کہا کہ بہت فخر محسوس ہوتا ہے کہ ان کا بیٹا ملک کی نمائندگی کرے گا۔ تبسم کہتی ہیں کہ ’’یہ فخر کی بات ہے کہ ہمارا بیٹا ملک کے لیے کچھ اچھا کر رہا ہے۔ اسے اس مقام تک پہنچانے کے لیے ہم نے بہت جدوجہد کی ہے۔ اس جدوجہد کو چند لفظوں میں بیان کرنا آسان نہیں ہے۔‘‘ احتشام کی دادی سعدیہ خاتون اپنے پوتے کی کامیابی کے بارے میں بات کرتے ہوئے جذباتی ہو گئیں۔ انہوں نے کہا کہ ’’ہم سب بہت خوش ہیں۔ اسے اتنی شاندار کامیابی حاصل کرتے ہوئے دیکھنے کے لیے ہم نے بہت جدوجہد کیا ہے۔ آج اس نے جو مقام حاصل کیا ہے، وہ اس کی اپنی سخت محنت کا نتیجہ ہے۔‘‘
Published: undefined
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: undefined