مصطفیٰ آباد میں عمارت منہدم ہونے کے بعد کا منظر / قومی آواز / وپن
نئی دہلی: دہلی پردیش کانگریس کمیٹی کے صدر دیویندر یادو نے مصطفیٰ آباد میں عمارت گرنے کے حادثے پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ دہلی کے دیہی علاقوں، غیر مجاز کالونیوں اور از سر نو آباد کی گئی کالونیوں میں تعمیراتی نقشے پاس نہ ہونے کی وجہ سے غیر قانونی تعمیرات بڑھتی جا رہی ہیں، جس کے سبب اس طرح کے حادثات رونما ہو رہے ہیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ عمارت گرنے کے اس دل دہلا دینے والے حادثے کی اعلیٰ سطحی عدالتی تحقیقات کرائی جائے اور غیر مجاز تعمیرات کے لیے ذمہ دار افسروں کے خلاف سخت سے سخت کارروائی کی جائے۔
Published: undefined
یاد رہے کہ مصطفیٰ آباد میں چار منزلہ عمارت کے گرنے سے 11 افراد ہلاک اور 11 زخمی ہو گئے تھے۔ دیویندر یادو نے کہا کہ دہلی کی 70 فیصد سے زیادہ آبادی ایسی کالونیوں میں رہتی ہے جہاں عمارتوں کے نقشے منظور ہی نہیں کیے جاتے۔ یہاں تک کہ وہ کالونیاں جو 1977 میں منظور ہو چکی تھیں، آج تک ان میں بھی تعمیراتی نقشے پاس نہیں ہوتے، جو ایک افسوسناک امر ہے۔ انہوں نے کہا کہ دہلی چونکہ ملک کی راجدھانی ہے، اس لیے یہاں روزانہ کی بنیاد پر آبادی میں اضافہ ہو رہا ہے، لہٰذا بلڈنگ بائی لاز اور تعمیراتی قوانین میں بنیادی تبدیلیاں کی جائیں تاکہ لوگ قانونی طور پر اپنے مکانات بنا سکیں۔
دیویندر یادو نے بی جے پی اور عام آدمی پارٹی کو اس حادثے کا براہ راست ذمہ دار ٹھہراتے ہوئے کہا کہ 2015 میں یہاں بی جے پی، 2020 میں عام آدمی پارٹی اور 2025 میں دوبارہ بی جے پی کے ایم ایل اے منتخب ہوئے ہیں اور ان سبھی کے دور میں غیر مجاز تعمیرات اپنے عروج پر رہی ہیں۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ میونسپل کارپوریشن میں 15 سال تک بی جے پی کا کرپٹ راج رہا اور گزشتہ 3 سالوں سے عام آدمی پارٹی اقتدار میں ہے، دونوں جماعتوں کے دور میں غیر قانونی تعمیرات کو تحفظ ملا۔
Published: undefined
انہوں نے کہا کہ یہ سب کچھ میونسپل افسران اور سیاسی جماعتوں کی ملی بھگت سے ہوا ہے، جو بلڈنگ بائی لاز کی آڑ میں موٹی رشوت لیتے ہیں۔ دیویندر یادو نے انکشاف کیا کہ دہلی میں بی جے پی اور عام آدمی پارٹی کے کئی کونسلرز کو ’لینٹر مافیا‘ کے نام سے جانا جاتا ہے جو ہر فلور پر بھتہ وصول کرتے ہیں۔ یہ سب کچھ میونسپل اہلکاروں کی سرپرستی میں ہوتا ہے۔
انہوں نے خبردار کیا کہ دہلی چونکہ زلزلہ زون-4 میں واقع ہے، جو ہائی رسک زون مانا جاتا ہے، اس لیے یہاں اگر کبھی 7 یا 8 شدت کا زلزلہ آیا تو دہلی ملبے کا ڈھیر بن سکتی ہے۔ ایسے میں غیر مجاز تعمیرات کو روکنا نہایت ضروری ہے۔
Published: undefined
دیویندر یادو نے کہا کہ وزیر اعظم کی طرف سے دیے گئے 2-2 لاکھ روپے کے معاوضے ناکافی ہیں۔ آج کے مہنگائی کے دور میں یہ رقم کچھ بھی نہیں، اس لیے مرنے والوں کو کم از کم 10-10 لاکھ اور زخمیوں کو 2-2 لاکھ روپے فوری طور پر دیے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ صرف انکوائری رپورٹ منگوانے سے ذمہ داری ختم نہیں ہوتی، ریکھا گپتا حکومت متاثرین کو انصاف دلانے کے لیے عدالتی جانچ کرائے اور معاوضے کا فوری بندوبست کرے۔
انہوں نے یہ بھی بتایا کہ ہر سال کارپوریشن خطرناک عمارتوں کی نشاندہی تو کرتی ہے مگر اس کے بعد کوئی ٹھوس قدم نہیں اٹھایا جاتا۔ جنوری میں بُراڑی میں بھی ایک پانچ منزلہ زیر تعمیر عمارت گر گئی تھی، جس میں پانچ افراد ہلاک اور بارہ زخمی ہوئے تھے۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ آخر کب تک دہلی کے غریب اور متوسط طبقے کے لوگ غیر قانونی تعمیرات کی بھینٹ چڑھتے رہیں گے؟ کیا حکومت کی کوئی ذمہ داری نہیں؟
Published: undefined
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: undefined