
فائل تصویر / آئی اے این ایس
ملک بھر میں مانسون نے ایک بار پھر انتہائی شدت اختیار کر لی ہے۔ مانسون کی یہ سرگرمی کہیں راحت بخش بارش لے کر آ رہی ہے تو کہیں معمولات زندگی کو بری طرح متاثر کر رہی ہے۔ ہندوستانی محکمۂ موسمیات (آئی ایم ڈی) نے 16 اگست کے لیے ملک کی 22 سے زائد ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں میں موسلادھار بارش، آسمانی بجلی گرنے اور 40 سے 80 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چلنے والی تیز ہواؤں کا الرٹ جاری کیا ہے۔
ماہرین موسمیات کے مطابق شمال مغربی اتر پردیش اور اس کے آس پاس فضا کی نچلی سطحوں میں ایک مضبوط ’سائکلونک سرکولیشن‘ بنی ہوئی ہے۔ اس کے علاوہ جنوب مغربی راجستھان کے اوپر بھی اسی طرح کا ایک سائکلونک سسٹم نظام سرگرم ہے۔ ان 2 موسمی نظاموں کے باعث میدانی علاقوں سے لے کر پہاڑی اور ساحلی ریاستوں تک مانسونی ہوائیں انتہائی مضبوط ہو گئی ہیں۔
ہندی نیوز پورٹل ’ٹی وی9 بھارت ورش‘ پر شائع ایک رپورٹ کے مطابق محکمۂ موسمیات نے 16 اگست کو قومی راجدھانی خطے دہلی، نوئیڈا، گریٹر نوئیڈا، غازی آباد، فرید آباد اور گروگرام کے لیے خصوصی احتیاط برتنے کی وارننگ جاری کی ہے۔ دہلی اور آس پاس کے شہروں میں دن بھر گھنے بادل چھائے رہنے کا امکان ہے۔ 40 سے 50 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے تیز آندھی اور ہوائیں چلنے کی پیش گوئی کی گئی ہے۔ موسلادھار بارش اور ٹھنڈی مانسونی ہواؤں سے لوگوں کو حبس سے راحت تو ملے گی، تاہم درجۂ حرارت میں اتار چڑھاؤ ریکارڈ کیا جا سکتا ہے۔ راجدھانی میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت تقریباً 34 اور کم سے کم 28 ڈگری سیلسیس رہنے کا امکان ہے۔
اتر پردیش کے میرٹھ، مظفر نگر، گوتم بدھ نگر، علی گڑھ، متھرا، آگرہ، کانپور، بجنور، سہارنپور، شاملی، بدایوں، شاہجہاں پور، اٹاوہ، لکھیم پور کھیری، اوریا، جالون، ہمیرپور، فیروز آباد، ایودھیا، بستی، بلند شہر، غازی پور، گورکھپور، پریاگ راج اور دیوریا میں بارش کے ساتھ 60 سے 70 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے تیز ہواؤں کا الرٹ ہے۔ ریاستی راجدھانی لکھنؤ میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 31 اور کم سے کم 27 ڈگری سیلسیس رہنے کا امکان ہے۔ پنجاب کے پٹھان کوٹ، لدھیانہ، فریدکوٹ، کپور تھلا، فیروزپور، سنگرور، ہوشیارپور، امرتسر، بھٹنڈہ اور چنڈی گڑھ میں ہوا کی رفتار 70 کلومیٹر فی گھنٹہ تک پہنچ سکتی ہے۔ دوسری جانب ہریانہ کے میدانی علاقوں میں بھی آندھی اور طوفان کے ساتھ شدید بارش سے فصلوں کو نقصان پہنچنے کا خدشہ ہے۔
راجستھان کے الور، کرولی، باراں، جھالاواڑ، چورو، کوٹا، سوائی مادھوپور، بھرت پور، اجمیر اور بھیلواڑہ میں 40 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چلنے والی ہواؤں کے ساتھ شدید بارش کا امکان ہے۔ جے پور میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 33 اور کم سے کم 27 ڈگری سیلسیس رہنے کی پیش گوئی کی گئی ہے۔ مدھیہ پردیش کے بھوپال، اندور، دموہ، راج گڑھ، شیوپور، نیمچ، ودیشا، بالاغاٹ، کھنڈوا، سیونی، نرمداپورم، کھرگون اور شیوپوری میں 55 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چلنے والی ہوائیں معمولات زندگی کو متاثر کر سکتی ہیں۔
اتراکھنڈ کے نینی تال، رشی کیش، باگیشور، ہری دوار، الموڑہ، چمولی، پتھورا گڑھ، پوڑی گڑھوال اور رودر پریاگ میں 50 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہواؤں کے ساتھ شدید سے انتہائی شدید بارش کا الرٹ جاری کیا گیا ہے۔ دہرادون میں زیادہ سے زیادہ 28 اور کم سے کم 24 ڈگری سیلسیس درجہ حرارت رہنے کا اندازہ ہے۔ لینڈ سلائیڈنگ اور ندی نالوں میں پانی کی سطح اچانک بڑھنے کا قوی امکان ہے۔ ہماچل پردیش کے کلو، سرمور، کانگڑا، ہمیرپور، اونا، بلاسپور اور سولن میں 50 سے 55 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے تیز ہواؤں کے ساتھ موسلادھار بارش کا امکان ہے۔ منالی میں درجہ حرارت 17 ڈگری سیلسیس تک اور کم سے کم 11 ڈگری سیلسیس تک گر سکتا ہے۔ جموں و کشمیر کے کشتواڑ، میرپور، جموں، پونچھ، کپواڑہ، ریاسی، رام بن، ادھم پور، بانڈی پورہ، گاندربل اور شوپیاں میں 70 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے تیز ہوائیں چلنے کی پیش گوئی ہے۔ سری نگر میں زیادہ سے زیادہ 31 اور کم سے کم 20 ڈگری سیلسیس درجہ حرارت رہنے کی توقع ہے۔
بہار کی راجدھانی پٹنہ سمیت گیا، مغربی چمپارن، سیوان، گوپال گنج، سارن، مشرقی چمپارن، بھوجپور، بکسر، ویشالی، سمستی پور، دربھنگہ، مدھوبنی، پورنیہ، کشن گنج، ارریہ، کٹیہار، بھاگلپور، کھگڑیا اور بیگوسرائے میں 60 سے 65 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چلنے کا امکان ہے۔ پٹنہ میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 34 اور کم سے کم 28 ڈگری سیلسیس رہنے کی پیش گوئی ہے۔ جھارکھنڈ کے بوکارو، جمشیدپور، دمکا، ہزاری باغ، دھنباد، پلامو، رام گڑھ، کھونٹی، رانچی، سمڈیگا اور دیوگھر میں 16 اور 17 اگست کو 60 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہواؤں کے ساتھ آندھی کا الرٹ جاری کیا گیا ہے۔ مغربی بنگال کی راجدھانی کولکاتہ سمیت ہاوڑہ، جلپائی گوڑی، کالیم پونگ، مالدہ، علی پور دوار، درگاپور، دارجلنگ، مشرقی بردھمان، مغربی میدنی پور، بانکوڑا اور کوچ بہار میں 50 سے 60 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چلنے کا امکان ہے۔
شمال مشرقی ہندوستان اروناچل پردیش، آسام، میگھالیہ، ناگالینڈ، منی پور، میزورم اور تریپورہ میں 16 سے 21 اگست تک مانسونی سرگرمیاں انتہائی تیز رہنے کا امکان ہے۔ 17 سے 21 اگست کے دوران آسام اور میگھالیہ میں انتہائی شدید بارش اور آسمانی بجلی گرنے کا الرٹ جاری کیا گیا ہے۔ جنوبی ہندوستان میں بھی 16 سے 21 اگست کے درمیان بارش کا سلسلہ جاری رہے گا۔ ساحلی آندھرا پردیش، یانم، رائل سیما، شمالی اور جنوبی اندرونی کرناٹک اور تلنگانہ میں 16 اور 17 اگست کو 40 سے 60 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے تیز ہواؤں کے ساتھ ہلکی سے درمیانی بارش کا امکان ہے۔ جبکہ تمل ناڈو، پڈوچیری، کرائیکل، کیرلم اور ماہے میں 18 سے 20 اگست کے درمیان ساحلی علاقوں میں شدید بارش اور گرج چمک کا الرٹ جاری کیا گیا ہے۔
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔