قومی خبریں

کرناٹک: بچہ چوری کے الزام میں مسلم انجینئر کا قتل

اب کرناٹک کے بیدر سے ایک ایسا ہی واقعہ سامنے آیا ہے، یہاں بچہ چوری کی افواہ نے محمد اعظم نامی سافٹ ویئر انجینئر کا پیٹ پیٹ کر قتل کر دیا گیا۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا 

کرناٹک کے بیدر میں موب لنچنگ کا دل دہلا دینے والا واقعہ سامنےآیا ہے جہاں بچہ چوری کا الزام لگا کر ایک سافٹ ویئر انجینئر کا پیٹ پیٹ کر قتل کر دیا گیا ۔ بھیڑ کی طرف سے کئے گئے حملہ میں قطر ی شہری سمیت تین دیگر نوجوان بھی زخمی ہو ئے ہیں۔

مہلوک انجینئر کی شناخت حیدرآباد کے ایراکنٹا کے رہائشی محمد اعظم کے طور پر ہوئی ہے جو معروف امریکی کمپنی گوگل میں سافٹ ویئر انجینئر کے طور پر کام کرتا تھا۔32 سالہ محمد اعظم شادی شدہ تھا اور اس کا ایک 2 سال کا بیٹا بھی ہے۔

Published: 15 Jul 2018, 1:22 PM IST

ملک میں پہلے گئو رکشا کے نام پر موب لنچنگ کا سلسلہ شروع کیا گیا اور مسلمانوں اور دلتوں کو نشانہ بنایا گیا اور اب بچہ چوری کی افواہ پھیلا کر پیٹ پیٹ کر قتل کرنے کا سلسلہ شروع ہو گیا ہے۔ گزشتہ دنوں مہاراشٹر، گجرات، تریپورہ وغیرہ کی کئی ریاستوں سے لگاتار موب لنچنگ کے واقعات رونما ہوئے۔ تریپورہ میں تو قاتل بھیڑ نے تھانہ میں گھس کر مظفر نگر کے رہائشی زاہد کا قتل کر دیا تھا۔

ڈیکن کرونیکل کے مطابق محمد اعظم کے اہل خانہ نے بتایا کہ اعظم اور اس کے تین دوست قطر ی شہری سلام عید الکبیسی ، نور محمد اور سلمان بیدر کے مرکی گاؤں میں ایک دوست کے گھر کسی تقریب میں شامل ہونے کے لئے گئے تھے۔

Published: 15 Jul 2018, 1:22 PM IST

تصویر سوشل میڈیا

محمد اعظم کے بھائی کا کہنا ہے ’’ سلام قطر سے چاکلیٹ لایا تھا جنہیں اس نے گاؤں کے اسکول سے باہر آتے بچوں کو دینا چاہی ۔ اچانک ان کی طرف گاؤں والوں کا ایک گروہ لپکا۔ چاروں دوست وہاں سے بھاگ نکلنے میں کامیاب ہو گئے۔ لیکن انہیں آگلے گاؤں میں بھیڑ نے گھیر لیا اور حملہ کر دیا۔‘‘

کچھ نوجوانوں نے یہ واقعہ موبائل میں ریکارڈ کر لیا اور واٹس ایپ پر شیئر کردیا، بچہ چوری کی افواہ پھیلنے کے بعد گاؤں والوں نے محمد اعظم اور دیگر دوستوں کو روک لیا۔ آدھے گھنٹے کے اندر تقریباً 2000 لوگ جمع ہو گئے اور لاٹھی، ڈنڈوں سے انہیں پیٹنا شروع کر دیا۔

بیدر میں بھیڑ کے حملہ میں جان گنوا دینے والے محمد اعظم کے اہل خانہ کا مطالبہ ہے کہ تلنگانہ حکومت کو اس معاملہ میں مداخلت کرنی چاہئے اور کرناٹک حکومت سے معاملہ اپنے ہاتھ میں لے لینا چاہئے۔

Published: 15 Jul 2018, 1:22 PM IST

خاندان کے ایک فرد نے کہا ’’ہمارا مطالبہ ہے کہ واقعہ میں ملوث قصورواروں کو سزا ملنی چاہئے۔‘‘ ایک دوسرے فرد کا کہنا ہے کہ اعظم کی تین سال قبل شادی ہوئی تھی اس کا 2 سال کا بچہ ہے۔ خاندان گہرے صدمے میں ہے۔ محمد اعظم کے جسد خاکی کو ہفتہ یعنی 14 جولائی کی شام لایا گیا اور اس کی تدفین کر دی گئی۔

Published: 15 Jul 2018, 1:22 PM IST

محمد اعظم کے والد محمد عثمان نے کہا ’’وہ بیدر میں رہنے والے اپنے ایک دوست بشیر خان کے گھر تقریب میں شرکت کے لئے گیا تھا۔ سبھی نے ایک کار بک کی تھی اور یہاں سے صبح 10 بجے بیدر کے لئے نکل گئے تھے۔‘‘

قطری شہری سلام کی اہلیہ نے کہا، ’’میرے شوہر قطر میں رہتے ہیں ، وہ جمعہ کو بیدر اپنے دوستوں کے ساتھ گھومنے گئے تھے۔ راستہ میں انہوں نے اسکول کے باہر بچوں کو دیکھا تو انہیں چاکلیٹ دینے لگے۔ انہیں ہندوستان میں چل رہی موب لنچنگ کا کچھ پتہ نہیں تھا۔ چاکلیٹ دینے کا گاؤں والوں نے غلط مطلب نکال لیا اور ان پر حملہ کر دیا۔ ‘‘

Published: 15 Jul 2018, 1:22 PM IST

بیدر کے ایس پی ڈی دیوراجو نے ٹائمز آف انڈیا کو بتایا کہ پولس نے لوگوں کو بہت سمجھانے کی کوشش کی کہ یہ بچہ چور نہیں ہیں لیکن گاؤں والے نہیں مانے۔ نوجوانوں کو بچانے کے دوران ایک انسپکٹر اور ایک کانسٹیبل بھی زخمی ہو گئے ہیں۔

Published: 15 Jul 2018, 1:22 PM IST

پولس کے مطابق موب لنچنگ کے الزام میں 30 لوگوں کو گرفتار کیا گیا ہے۔ جبکہ واٹس ایپ پر بچہ چوری کی افواہ پھیلانے والے ایڈمن کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ مئی سے لے کر جولائی 2018 ہندوستان کے مختلف حصوں سے موب لنچنگ کے 14 واقعات رونما ہو چکے ہیں۔ حالانکہ قومی جرائم ریکارڈ بیورو (این سی آر بی) اس طرح کے واقعات کو علیحدہ سے درج نہیں کرتا، لیکن بھیڑ کی طرف سے قتل اور قانون کو اپنے ہاتھ میں لینے کے واقعات میں اضافہ ہو رہا ہے۔

Published: 15 Jul 2018, 1:22 PM IST

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔

Published: 15 Jul 2018, 1:22 PM IST