قومی خبریں

قانون ساز کونسل انتخابات: 4 ریاستوں کی 28 سیٹوں پر ووٹنگ شروع، اتر پردیش پر سبھی کی نظریں مرکوز

اتر پردیش کی جن 11 نشستوں پر انتخابات ہونے ہیں، ان میں گریجویٹ حلقوں کی پانچ اور اساتذہ حلقوں کی چھ نشستیں شامل ہیں۔

ووٹ، علامتی تصویر یو این آئی
ووٹ، علامتی تصویر یو این آئی 

اتر پردیش سے لے کر بہار، مہاراشٹر اور کرناٹک کی قانون ساز کونسلوں کی مجموعی طور پر 28 نشستوں پر آج ووٹنگ شروع ہو چکی ہے، جن میں سب سے زیادہ بحث اتر پردیش ایم ایل سی انتخابات کو لے کر ہے۔ اتر پردیش قانون ساز کونسل کے گریجویٹ اور اساتذہ حلقوں کی 11 نشستوں پر آج ووٹنگ ہو رہی ہے۔ صبح 8 بجے سے ووٹ ڈالنے کا عمل شروع ہوا ہے جو شام 4 بجے تک چلے گا۔

اتر پردیش کے چیف الیکٹورل افسر نویدیپ رنوا نے کہا ہے کہ ان انتخابات میں ووٹر لسٹ میں نام یا دیگر تفصیلات میں معمولی کتابتی یا طباعتی غلطیوں کی بنیاد پر کسی بھی اہل ووٹر کو ووٹ ڈالنے سے محروم نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ اس سلسلے میں تمام متعلقہ ضلع الیکشن افسران کو ہدایات جاری کر دی گئی ہیں، تاکہ کسی بھی اہل ووٹر کو اپنے حق رائے دہی کا استعمال کرنے میں پریشانی نہ ہو۔

ریاست کی جن 11 نشستوں پر انتخابات ہونے ہیں، ان میں گریجویٹ حلقوں کی پانچ اور اساتذہ حلقوں کی چھ نشستیں شامل ہیں۔ گریجویٹ نشستوں میں آگرہ حلقہ گریجویٹ، میرٹھ حلقہ گریجویٹ، الٰہ آباد-جھانسی حلقہ گریجویٹ، لکھنؤ حلقہ گریجویٹ اور وارانسی حلقہ گریجویٹ کی نشستیں شامل ہیں، جبکہ اساتذہ حلقوں میں لکھنؤ حلقہ اساتذہ، کاشی حلقہ اساتذہ، آگرہ حلقہ اساتذہ، گورکھپور-فیض آباد حلقہ اساتذہ، بریلی-مرادآباد حلقہ اساتذہ اور میرٹھ حلقہ اساتذہ کی نشستیں شامل ہیں۔

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔