
تصویر سوشل میڈیا
اتر پردیش کے میرٹھ میں شوہر کا قتل کر کے اسے سانپ کے ڈسنے سے ہونے والی موت کا معاملہ ظاہر کرنے کی کوشش کرنے والی رویتا اور اس کے عاشق امر دیپ کو عدالت نے پھانسی کی سزا سنائی ہے۔ ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج جے ویر سنگھ ناگر نے جمعہ کو دونوں ملزمان کو سزائے موت سنائی۔ دونوں جیل سے ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے عدالت میں پیش ہوئے تھے۔
سزا سنائے جانے کے بعد عدالت میں جذباتی منظر دیکھنے کو ملا۔ سماعت کے دوران رویتا نے عدالت سے کہا کہ اس کے تین چھوٹے بچے ہیں، ان کا خیال رکھا جائے۔ وہیں امر دیپ نے کہا کہ اس کے والدین بوڑھے ہیں اور ان کی دیکھ بھال کرنے والا کوئی نہیں ہے۔ دونوں نے اپنے اہل خانہ کی دیکھ بھال کی اپیل کی۔ اس کے بعد دونوں خاموش ہو گئے اور پھوٹ پھوٹ کر رونے لگے۔
یہ معاملہ 17 اپریل 2025 کی رات کا ہے، جب رویتا نے اپنے عاشق امر دیپ کے ساتھ مل کر اپنے شوہر امت کشیپ کا گلا گھونٹ کر قتل کر دیا تھا۔ قتل کے بعد دونوں نے بستر پر ایک سانپ رکھ دیا، تاکہ امت کی موت سانپ کے ڈسنے سے ہونے کا تاثر دیا جا سکے۔ تاہم، پوسٹ مارٹم رپورٹ میں انکشاف ہوا کہ امت کی موت گلا گھونٹنے کی وجہ سے ہوئی تھی۔
قتل کے تقریباً 60 دن بعد پولیس نے عدالت میں چارج شیٹ داخل کی۔ گزشتہ 7 اکتوبر کو عدالت نے رویتا اور امر دیپ کو قتل کا مجرم قرار دیا تھا۔ جمعہ کو دونوں کو سزائے موت سنا دی گئی۔
میرٹھ میں یہ فیصلہ ایسے وقت میں آیا ہے، جب اسی شہر کے مشہور نیلے ڈرم قتل معاملے میں بھی عدالت نے بدھ کو مسکان رستوگی اور اس کے عاشق ساحل کو سزائے موت سنائی تھی۔ ضلع جج اروند کمار نے مسکان کے شوہر سوربھ راجپوت کے قتل کے معاملے میں دونوں کو پھانسی کی سزا سنائی۔ دونوں ملزمان جیل سے ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے عدالت میں پیش ہوئے تھے۔ سزا سنائے جانے کے دوران دونوں خاموش رہے۔
اس معاملے میں بھی تقریباً ڈیڑھ سال بعد عدالت نے سزا کا اعلان کیا۔ سماعت کے دوران استغاثہ کی جانب سے 22 گواہوں کے بیانات درج کرائے گئے۔ ان میں وہ افراد بھی شامل تھے، جن سے قتل میں استعمال ہونے والا چاقو اور لاش چھپانے کے لیے استعمال کیا گیا نیلا ڈرم خریدا گیا تھا۔ دیگر شواہد اور گواہوں کے بیانات کی بنیاد پر عدالت نے مسکان اور ساحل کو مجرم قرار دیا۔
مسکان رستوگی نے اپنے عاشق ساحل کے ساتھ مل کر شوہر سوربھ راجپوت کا قتل کیا تھا۔ قتل کے بعد لاش کے ٹکڑے کر کے انہیں نیلے ڈرم میں بھر دیا گیا تھا۔ اس واردات کے انکشاف کے بعد ملک بھر میں سنسنی پھیل گئی تھی۔ میرٹھ میں یکے بعد دیگرے دو قتل کے معاملات میں ملزمان کو سزائے موت سنائے جانے سے یہ دونوں مقدمات ایک بار پھر سرخیوں میں آ گئے ہیں۔
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔