
ماروتی سوزوکی انڈیا، تصویر/آئی اے این ایس
ماروتی سوزوکی انڈیا نے مسلسل بڑھتے ہوئے لاگت کے دباؤ کے درمیان اپنی چنندہ گاڑیوں کی قیمتوں میں ایک بار پھر اضافے کا اعلان کیا ہے۔ کمپنی نے اتوار (22 نومبر) کو بتایا کہ نئی قیمتیں 22 نومبر 2026 سے نافذ ہو گئی ہیں اور اس سے گاڑیوں کی قیمتوں میں اوسطاً 0.31 فیصد اضافہ ہوگا۔ ’اسٹاک ایکسچینج‘ کو دی گئی اطلاع میں ملک کی سب سے بڑی کار بنانے والی کمپنی نے کہا کہ مسلسل لاگت کے چیلنجز اور مہنگائی کے دباؤ کو دیکھتے ہوئے یہ قدم اٹھانا پڑا ہے۔ کمپنی نے کہا کہ وہ لاگت کم کرنے کے لیے مسلسل کوشش کر رہی ہے، لیکن بڑھتے ہوئے اخراجات کا کچھ بوجھ صارفین پر ڈالنا ضروری ہو گیا ہے۔ کمپنی کے مطابق قیمتوں میں اضافے کو جہاں تک ممکن ہو سکا محدود رکھنے کی کوشش کی گئی ہے تاکہ صارفین پر اس کا اثر کم سے کم ہو۔ حالانکہ کمپنی نے ان ماڈلز کی تفصیلات جاری نہیں کی ہیں جن کی قیمتوں میں اضافہ کیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ رواں سال یہ ماروتی سوزوکی کی جانب سے قیمتوں میں کیے گئے متعدد اضافوں میں سے ایک ہے۔ ستمبر میں کمپنی نے بڑھتی ہوئی لاگت کا حوالہ دیتے ہوئے کچھ ماڈلز کی قیمتوں میں 20 ہزار روپے تک کا اضافہ کیا تھا۔ اس سے قبل اگست میں ایرینا اور نیکسا رینج کی گاڑیوں کی قیمتیں 30 ہزار روپے تک بڑھائی گئی تھیں۔ جون 2026 میں بھی کمپنی نے اپنی مسافر گاڑیوں کی رینج میں 30 ہزار روپے تک کا اضافہ نافذ کیا تھا۔
قیمتوں میں یہ نیا اضافہ ایسے وقت میں کیا گیا ہے جب کمپنی کی آمدنی تو بڑھ رہی ہے، لیکن منافع پر دباؤ برقرار ہے۔ مالی سال 27-2026 کی جولائی تا ستمبر سہ ماہی میں ماروتی سوزوکی انڈیا کا اسٹینڈ اَلون خالص منافع سالانہ بنیاد پر 26.9 فیصد گھٹ کر 2415 کروڑ روپے رہ گیا۔ اس کے برعکس کمپنی کی آپریٹنگ آمدنی 26 فیصد بڑھ کر 53340 کروڑ روپے تک پہنچ گئی، جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں 42332 کروڑ روپے تھی۔
سہ ماہی کے دوران کمپنی کی ’ای بی آئی ٹی ڈی اے‘ 6.3 فیصد گھٹ کر 4764 کروڑ روپے رہ گئی۔ دوسری جانب آپریٹنگ مارجن کم ہو کر 8.9 فیصد رہ گیا، جو ایک سال قبل 12 فیصد تھا۔ کمپنی کی دیگر آمدنی میں بھی نمایاں کمی درج کی گئی۔ یہ گھٹ کر 430 کروڑ روپے رہ گئی، جبکہ گزشتہ سال اسی مدت میں 966 کروڑ روپے تھی۔ حالانہ ٹیکس کا خرچ 988 کروڑ روپے سے کم ہو کر 751 کروڑ روپے رہ گیا۔
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔