
تصویر سوشل میڈیا @IndiaCoastGuard
ہندوستانی کوسٹ گارڈ نے بحیرۂ عرب میں منشیات کے بین الاقوامی نیٹ ورک کے خلاف بڑی کارروائی کی ہے۔ گجرات اے ٹی ایس کے ساتھ مشترکہ طور پر چلائے گئے آپریشن میں تقریباً 526 کلو ہیروئن اور میتھام فیٹامائن ضبط کیا گیا ہے۔ بین الاقوامی بازار میں اس کی قیمت تقریباً 3 ہزار کروڑ روپے بتائی جا رہی ہے۔ اس دوران 5 پاکستانی شہریوں کو بھی حراست میں لیا گیا ہے۔ اطلاع کے مطابق خفیہ ان پٹ کی بنیاد پر ہندوستانی کوسٹ گارڈ نے بحیرۂ عرب میں لکشدیپ کے مغرب میں مشکوک کشتی کی نگرانی شروع کر دی۔
سمندر اور فضا سے مسلسل نگرانی کے بعد 25 ستمبر کو ایرانی کشتی کا تعاقب کیا گیا اور اسے روک لیا گیا۔ اس کے بعد اس پر سوار 5 پاکستانی شہریوں کو حراست میں لیا گیا ہے۔ تلاشی مہم کے دوران کافی مقدار میں ہائی گریڈ ڈرگس بر آمد ہوئی۔ کشتی، پانچوں ملزمین اور ضبط شدہ منشیات کو حفاظتی حصار میں ممبئی لایا گیا۔ جہاں مشترکہ تفتیش اور مزید قانونی کارروائی کی جا رہی ہے۔ ہندوستانی کوسٹ گارڈ کے مطابق اس کارروائی سے سمندر کے راستے ہندوستان میں ڈرگ پہچانے والے بین الاقوامی نیٹ ورک کو بڑا جھٹکا لگا ہے۔ نشہ سے پاک ہندوستان مہم کے تحت سمندری راستوں سے منشیات کی اسمگلنگ پر قابو پانے میں اس کارروائی کو ایک اہم کامیابی قرار دیا جا رہا ہے۔
ہندوستانی کوسٹ گارڈ کے ایک آفیشیل بیان کے مطابق یہ آپریشنل کامیابی ہندوستانی کوسٹ گارڈ کا غیر متزلزل سمندری غلبہ، مضبوط نگرانی نیٹ ورک اور ہندوستان کے خودمختار آبی حدود اور توسیع شدہ سمندری علاقوں کے اندر غیر قانونی سرگرمیوں کے خلاف زیرو ٹالرنس برقرار رکھنے کے پختہ عزم کی مثال ہے۔ کوسٹ گارڈ نے کہا کہ یہ مشن مرکزی حکومت کی نشہ سے پاک ہندوستان مہم کے مطابق ہے، جس کا مقصد عوامی بیداری، صلاحیت سازی اور بازآبادکاری کے ذریعے نشہ سے پاک ہندوستان کی تعمیر کرنا ہے۔ آئی سی جی نے کہا کہ ہندوستانی کوسٹ گارڈ ملک کی سمندری سرحدوں کی حفاظت کرنے، ملک کے نوجوانوں کو منشیات کے پھیلاؤ سے بچانے اور سمندری علاقے میں مکمل سیکورٹی برقرار رکھنے کے لیے پوری طرح تیار ہے۔
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔