قومی خبریں

مہاراشٹر: بھنڈارا اور ناندیڑ میں سڑک حادثات نے 16 افراد کی لی جان، جائے وقوع پر چیخ و پکار کا عالم

مہاراشٹر کے بھنڈارا ضلع میں جمعہ کی صبح سویرے ہوئے خوفناک سڑک حادثہ میں 3 بچوں سمیت 8 افراد کی موت ہو گئی۔ پولیس کے مطابق یہ حادثہ صبح 4 بجے لکھنی تعلقہ میں مانے گاؤں اور پمپل گاؤں کے درمیان پیش آیا۔

<div class="paragraphs"><p>حادثہ علامتی تصویر/ آئی اے این ایس</p></div>

حادثہ علامتی تصویر/ آئی اے این ایس

 

مہاراشٹر میں 2 مختلف سڑک حادثوں میں کم از کم 16 لوگوں کی موت ہو گئی ہے، جبکہ کئی دیگر زخمی بھی ہوئے ہیں جن کا علاج مختلف اسپتالوں میں جاری ہے۔ ایک حادثہ جمعہ کی علی الصبح بھنڈارا ضلع میں ہوا جہاں ایک ٹرک اور ایس یو وی بولیرو کے درمیان خوفناک ٹکر دیکھنے کو ملی۔ اس حادثہ میں 8 لوگوں کی جانیں گئیں۔ دوسرا حادثہ جمعرات کی شب ناندیڑ ضلع میں پیش آیا۔ یہاں ٹکر ٹرک اور پک اَپ گاڑی کے درمیان ہوئی، جس میں پک اَپ گاڑی کے پرخچے اڑ گئے۔ اس حادثہ میں بھی 8 افراد جاں بحق ہوئے۔

مہاراشٹر کے بھنڈارا ضلع میں جمعہ کی صبح سویرے ہوئے خوفناک سڑک حادثہ میں 3 بچوں سمیت 8 افراد کے ہلاک ہونے کی اطلاع سامنے آ رہی ہے۔ پولیس نے بتایا کہ جمعہ کی صبح 4 بجے لکھنی تعلقہ میں مانے گاؤں اور پمپل گاؤں کے درمیان یہ حادثہ پیش آیا۔ موقع پر موجود ایک پولیس افسر نے کہا کہ ’’ایک بولیرو گاڑی آئشر ٹرک سے ٹکرا گئی۔ حادثے میں بولیرو میں سوار 8 افراد، جن میں 5 بالغ اور 3 بچے شامل تھے، کی موت ہو گئی۔‘‘ پولیس کے مطابق بولیرو میں سوار افراد چھتیس گڑھ کی راجدھانی رائے پور سے نیشنل ہائیوے 53 کے راستے ناگپور آ رہے تھے۔ اس معاملے میں مزید تحقیقات جاری ہیں۔

دوسری طرف مہاراشٹر کے ناندیڑ ضلع میں ہوئے ایک بھیانک سڑک حادثہ میں 8 افراد کی موت ہو گئی، جبکہ 7 دیگر زخمی ہوئے ہیں۔ حادثہ ناندیڑ-بھوکَر راستے پر واکد گاؤں کے قریب پیش آیا۔ یہاں تیز رفتار ٹرک اور پک اپ گاڑی کے درمیان آمنے سامنے زوردار ٹکر ہو گئی۔ ٹکر اتنی شدید تھی کہ پک اپ گاڑی کے پرخچے اڑ گئے اور وہ سڑک کے کنارے جا گری۔ حادثے کے بعد موقع پر چیخ و پکار مچ گئی۔

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔