قومی خبریں

مہاراشٹر: ادھو ٹھاکرے کی حلف برداری تقریب میں شرکت کے لیے 400 کسانوں کو خصوصی دعوت

وزیر اعلیٰ دیویندر فڑنویس کے استعفیٰ کے بعد گورنر بھگت سنگھ کوشیاری نے 27 نومبر کی صبح 8 بجے اسمبلی کا خصوصی اجلاس بلایا۔ سبھی اراکین اسمبلی اس وقت اسمبلی میں موجود ہیں۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا 

ادھو ٹھاکرے کی حلف برداری تقریب کے لیے 400 کسانوں کو دی گئی دعوت: ونایک راؤت

شیوسینا رکن پارلیمنٹ ونایک راؤت نے میڈیا سے بات چیت کے دوران کہا کہ جمعرات کو ادھو ٹھاکرے کی حلف برداری تقریب کے لیے مہاراشٹر کے مختلف اضلاع کے تقریباً 400 کسانوں کو مدعو کیا گیا ہے۔ کسانوں کو عزت دینے کے لیے، ان کسانوں کی فیملی کے رکن جنھوں نے خودکشی کی ہے، انھیں بھی مدعو کیا گیا ہے۔

Published: 27 Nov 2019, 8:31 AM IST

ادھو ٹھاکرے کی حلف برداری تقریب میں شرکت کے لیے سونیا گاندھی مدعو

شیوسینا لیڈر ایکناتھ شندے نے میڈیا سے بات چیت کے دوران کہا کہ پارٹی نے کانگریس صدر سونیا گاندھی کو ادھو ٹھاکرے کی حلف برداری تقریب میں شرکت کے لیے دعوت نامہ بھیجا ہے۔ انھوں نے کہا کہ شیوسینا چاہتی ہے کہ سونیا گاندھی اس تقریب میں شامل ہوں اور ادھو ٹھاکرے کے لیے اپنی نیک خواہشات کا اظہار کریں۔

Published: 27 Nov 2019, 8:31 AM IST

کابینہ میں شامل کرنے یا نہ کرنے سے متعلق فیصلہ ادھو ٹھاکرے کریں گے: اجیت پوار

حیرت انگیز طور پر بی جے پی کے ساتھ مل کر نائب وزیر اعلیٰ کا حلف لینے والے اجیت پوار اس عہدہ سے استعفیٰ دے کر ایک بار پھر شرد پوار کے قدموں میں ضرور آ گئے ہیں لیکن انھوں نے جو کچھ کیا ہے اس سے پارٹی لیڈران اب بھی ناراض ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ اجیت پوار کو ادھو ٹھاکرے کی کابینہ میں شامل کیا جائے گا یا نہیں، اس پر اب بھی تذبذب کی حالت بنی ہوئی ہے۔ اجیت پوار سے جب میڈیا نے اس سلسلے میں سوال کیا تو انھوں نے کہا کہ کابینہ میں شامل کیا جائے یا نہیں، اس بارے میں فیصلہ ادھو ٹھاکرے کریں گے۔

Published: 27 Nov 2019, 8:31 AM IST

شیوسینا لیڈروں نے ادھو ٹھاکرے کے وزیر اعلیٰ بننے سے پہلے پارلیمنٹ احاطہ میں منایا جشن

شیوسینا لیڈروں میں اس بات کو لے کر خوشی ہے کہ شیوسینا سربراہ ادھو ٹھاکرے کے لیے مہاراشٹر کا وزیر اعلیٰ بننے کا راستہ ہموار ہو گیا ہے۔ اس خوشی میں شیوسینا لیڈروں نے دہلی واقع پارلیمنٹ احاطہ میں لوگوں کا ’منھ میٹھا‘ کرایا۔ شیوسینا لیڈروں نے آپس میں مٹھائی کھلا کر خوشی کا اظہار کیا اور اس بات کا بھروسہ بھی ظاہر کیا کہ ادھو حکومت ریاستی عوام کے حق میں بڑے فیصلے لے گی۔

Published: 27 Nov 2019, 8:31 AM IST

شرد پوار کے گھر ہو رہی میٹنگ میں شامل ہونے پہنچے کانگریس لیڈر احمد پٹیل

این سی پی سربراہ شرد پوار کے گھر پر انتہائی اہم میٹنگ ہو رہی ہے جس میں شمولیت کے لیے کانگریس کے سینئر لیڈر احمد پٹیل بھی پہنچ چکے ہیں۔ بتایا جا رہا ہے کہ شرد پوار کے گھر ہو رہی اس میٹنگ میں کئی ایشوز پر بات چیت ہوگی اور یہ بھی طے کیا جائے گا کہ کس پارٹی کو کون سی وزارت ملے گی اور ادھو ٹھاکرے کابینہ کی شکل و صورت کیا ہوگی۔

Published: 27 Nov 2019, 8:31 AM IST

اسمبلی میں اکثریت ثابت ہونے تک ہوٹل میں ہی رہیں گے شیوسینا، کانگریس اور این سی پی کے اراکین اسمبلی

میڈیا ذرائع سے موصول ہو رہی خبروں کے مطابق جب تک شیوسینا، کانگریس اور این سی پی کی مشترکہ حکومت مہاراشٹر میں تشکیل نہیں پا جاتی اور اکثریت اسمبلی میں ثابت نہیں ہو جاتی، اس وقت تک ان تینوں پارٹیوں کے ہی اراکین اسمبلی کو ہوٹل میں رکھا جائے گا۔ بتایا جا رہا ہے کہ شیوسینا، کانگریس اور این سی پی تینوں ہی پارٹیاں کوئی جوکھم مول نہیں لینا چاہتیں اور اپنے اراکین اسمبلی پر سخت نظر رکھے ہوئی ہیں۔

Published: 27 Nov 2019, 8:31 AM IST

اراکین اسمبلی کو حلف دلا رہے ہیں پروٹیم اسپیکر کالی داس کولمبکر

مہاراشٹر اسمبلی میں پروٹیم اسپیکر کالی داس کولمبکر سبھی اراکین اسمبلی کو رازداری کا حلف دلا رہے ہیں۔ صبح 8 بجے سے ہی یہ سلسلہ جاری ہے اور کل 287 اراکین اسمبلی کو حلف دلایا جانا ہے۔ قابل ذکر ہے کہ ریاست کے گورنر بھگت سنگھ کوشیاری نے منگل کے روز اعلان کیا تھا کہ بدھ کی صبح 8 بجے اسمبلی کا خصوصی اجلاس بلایا جائے گا۔ اس کے بعد آج صبح سے ہی اراکین اسمبلی کو حلف دلایا جا رہا ہے۔ ادھو ٹھاکرے ریاست کے وزیر اعلیٰ کے طور پر جمعرات کی شام حلف لیں گے۔

Published: 27 Nov 2019, 8:31 AM IST

ٹھاکرے کابینہ کو شکل دینے کے لیے تینوں پارٹیوں کی میٹنگ شرد پوار کے گھر

این سی پی سربراہ شرد پوار کے گھر پر تینوں پارٹیوں (این سی پی، کانگریس، شیوسینا) کی میٹنگ 12 بجے شروع ہو گئی۔ تینوں پارٹیوں کے بڑے لیڈران اس میٹنگ مین شامل ہوئے ہیں۔ کانگریس کی طرف سے ملکارجن کھڑگے، احمد پٹیل اور کے سی وینوگوپال کے شامل ہونے کی خبریں موصول ہو رہی ہیں۔ خبروں کے مطابق میٹنگ میں ادھو ٹھاکرے کی حلف برداری تقریب میں کسے مدعو کیا جائے، اس پر بات چیت ہوگی۔ بتایا جا رہا ہے کہ حلف برداری تقریب میں اپوزیشن کے سبھی بڑے لیڈران اور مختلف ریاستوں کے وزرائے اعلیٰ کو شامل ہونے کی دعوت دی جائے گی۔

میڈیا ذرائع کے مطابق میٹنگ میں ادھو ٹھاکرے کابینہ کی شکل و شباہت کے تعلق سے بھی بات چیت ہوگی اور یہ فیصلہ لیا جائے گا کہ کون سے لیڈر وزارتی عہدہ کے لیے حلف لیں گے۔ اجیت پوار ٹھاکرے کابینہ میں شامل ہوں گے یا نہیں، اس سلسلے میں بھی میٹنگ میں غور و خوض ہو سکتا ہے۔

Published: 27 Nov 2019, 8:31 AM IST

سی پی ایم کا کہنا ہے کہ وہ مہاراشٹر حکومت کا حصہ نہیں ہوگی

مہاراشٹر میں ادھو ٹھاکرے کے ذریعہ وزیر اعلیٰ عہدہ کا حلف لینے سے پہلے مہاراشٹر سی پی ایم کا ایک بیان سامنے آیا ہے۔ سی پی ایم نے اس بیان میں کہا ہے کہ وہ حکومت کا حصہ نہیں ہوگی، لیکن فلور ٹسٹ کے دوران شیوسینا-کانگریس-این سی پی کی مخالفت بھی نہیں کرے گی۔ واضح رہے کہ مہاراشٹر میں سی پی ایم کا ایک ہی رکن اسمبلی ہے۔

Published: 27 Nov 2019, 8:31 AM IST

ادھو ٹھاکرے کی حلف برداری تقریب میں شرکت کے لیے شرد پوار خود سونیا کو دیں گے دعوت

ادھو ٹھاکرے کی حلف برداری تقریب میں شرکت کے لیے شرد پوار خود سونیا گاندھی کو دعوت دیں گے۔ حلف برداری 28 نومبر کو ہوگی اور اس سے پہلے احمد پٹیل کے ساتھ کے سی وینوگوپال ممبئی پہنچ گئے ہیں۔ آج دوپہر تقریباً 2 بجے تینوں پارٹیوں (شیوسینا، کانگریس، این سی پی) کی میٹنگ ہوگی۔ خبروں کے مطابق اس میٹنگ میں وزارتوں کی تقسیم کو لے کر بات چیت ہو سکتی ہے۔

Published: 27 Nov 2019, 8:31 AM IST

شرد پوار کی رہنمائی اور سونیا گاندھی کے تعاون سے بالا صاحب ٹھاکرے کا خواب پورا ہوا: نیلم گورہے

اسمبلی کے خصوصی اجلاس میں شریک ہونے پہنچیں شیوسینا کی سینئر لیڈر نیلم گورہے نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ’’ہمیں کافی خوشی ہے کہ آخر بالا صاحب ٹھاکرے کا خواب پورا ہونے جا رہا ہے۔‘‘ انھوں نے مزید کہا کہ ’’مہا وکاس اگھاڑی کے لیڈر ادھو ٹھاکرے رہیں گے۔ شرد پوار کے بتائے راستے اور سونیا گاندھی کے تعاون کے سبب اب ہم مہاراشٹر کے لیے بہتر کام کر سکیں گے۔‘‘

Published: 27 Nov 2019, 8:31 AM IST

نائب وزیر اعلیٰ کے لیے کانگریس میں ابھی کوئی نام فائنل نہیں: بالا صاحب تھوراٹ

مہاراشٹر کانگریس کے صدر بالا صاحب تھوراٹ نے میڈیا سے بات چیت کے دوران کہا کہ فی الحال نائب وزیر اعلیٰ کے لیے پارٹی میں کوئی نام فائنل نہیں ہوا ہے۔ واضح رہے کہ شیوسینا کی طرف سے ادھو ٹھاکرے کے بطور وزیر اعلیٰ نام فائنل ہو گیا ہے جب کہ کانگریس اور این سی پی کی طرف سے ایک ایک نائب وزیر اعلیٰ بنائے جانے کی بات ہے اور ان دونوں پارٹیوں نے ابھی کوئی فائنل نام ظاہر نہیں کیا ہے۔

Published: 27 Nov 2019, 8:31 AM IST

اسمبلی میں اجیت پوار کا سپریا سولے نے کیا استقبال، گلے مل کر کیا مسرت کا اظہار

آج اسمبلی میں جب این سی پی لیڈر اجیت پوار پہنچے تو ان کا استقبال ان کی چچازاد بہن اور این سی پی لیڈر سپریا سولے نے کیا۔ اجیت پوار نے سپریا کو گلے لگایا اور پھر ایک ویڈیو میں سپریا سولے اجیت پوار کا پیر چھوتی ہوئی بھی نظر آئیں۔ قابل ذکر ہے کہ اجیت پوار کے بی جے پی سے ہاتھ ملانے کی خبر کے بعد سپریا سولے کافی مایوس تھیں۔

Published: 27 Nov 2019, 8:31 AM IST

اسمبلی میں مہاراشٹر کے نومنتخب اراکین اسمبلی کی ہو رہی حلف برداری

مہاراشٹر کے گورنر بھگت سنگھ کوشیاری کے ذریعہ بلائے گئے خصوصی اسمبلی اجلاس میں ریاست کے نومنتخب اراکین اسمبلی کو حلف دلایا جا رہا ہے۔ این سی پی لیڈر اور سابق نائب وزیر اعلیٰ اجیت پوار کے ساتھ ساتھ بی جے پی لیڈر اور سابق وزیر اعلیٰ دیویندر فڑنویس نے حلف لے لیا ہے۔

Published: 27 Nov 2019, 8:31 AM IST

اسمبلی کا خصوصی اجلاس شروع، آج اراکین اسمبلی کی ہوگی حلف برداری

وزیر اعلیٰ دیویندر فڑنویس کے استعفیٰ کے بعد گورنر بھگت سنگھ کوشیاری نے 27 نومبر کی صبح 8 بجے اسمبلی کا خصوصی اجلاس بلایا۔ سبھی اراکین اسمبلی اس وقت اسمبلی میں موجود ہیں۔ شیوسینا سربراہ ادھو ٹھاکرے اور ان کے بیٹے آدتیہ ٹھاکرے نے اسمبلی پہنچنے سے پہلے سدھی ونایک مندر میں پوجا کی۔ این سی پی لیڈر اجیت پوار اور سپریا سولے بھی اسمبلی پہنچ چکے ہیں۔ سپریا نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ہم پر ایک بہت بڑی ذمہ داری آ گئی ہے اور مہاراشٹر کی عوام امید بھری نظروں سے ہماری طرف دیکھ رہی ہے۔ عوام کے حق میں اقدام کیے جائیں گے۔

Published: 27 Nov 2019, 8:31 AM IST

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔

Published: 27 Nov 2019, 8:31 AM IST