
ممبئی: ریاست مہاراشٹر میں 21 اکتوبر کو ہونے والے اسمبلی انتخابات کی انتخابی مہم کا ہفتہ کی شام اختتام ہو گیا۔ ریاست کے کل 8 کروڑ 97 لاکھ رائے دہندگان اپنے جمہوری حقوق کا پیر کے روز استعمال کریں گے۔
اسمبلی نشستوں کے اعتبار سے ملک کی دوسری سب سے بڑی ریاست مہاراشٹر میں شیوسینا بی جے پی ، کانگریس این سی پی ، مجلس اتحادالمسلمین سمیت علاقائی پارٹیوں و آزاد امیدوار انتخابی مہم میں اترے ہوئے ہیں اور کل تین ہزار 239 امیدوار 288 اسمبلی نشستوں کیلئے قسمت آزمائی کر رہے ہیں ۔
شیو سینا بی جے پی متحدہ محاذ نے جہاں نے قومیت کے نام پر رائے دہندگان کو متوجہ کرنے کی کوشش کی جبکہ کانگریس اور این سی پی کے لیڈروں نے بی جے پی کی ریاستی اور مرکزی حکومت پر عوام مخالف پالیسیاں چلانے کا الزام عائد کر کے لوگوں سے اپنے حق میں رائے دہی کرنے کی اپیل کی۔
وزیر اعظم نریندر، وزیر داخلہ و بی جے پی صدر امیت شاہ ، وزیر اعلی دیویندر فڈنویس ، شیوسینا سربراہ ادھو ٹھاکرے ، ان کے فرزند آدتیہ ٹھاکرے ، ریاست کے مختلف مقامات پر متعدد میٹنگوں سے خطاب کیا۔ راشٹروادی کانگریس کے صدر شردپوار نے بھی ریاست بھر میں انتخابی مہم میں حصہ لیا۔
شیوسینا بی جے پی نے کشمیر سے آرٹیکل 370 کے خاتمہ ، بالاکوٹ ہوائی حملہ ، ترقیاتی کاموں کے نام پر ووٹ مانگا جبکہ ساورکر، مہاتما پھولے اور ساوتری بائی پھولے کو بھارت رتن ایوارڈ دینے کا اعلان کیا ۔ اسی طرح سے شیوسینا نے دس روپیہ میں پیٹ بھر کھانا اور ایک روپیہ میں طبی معائنہ کرنے کا اعلان کرتے ہوئے رائے دہندگان کو متوجہ کرنے کی کوشش کی ۔
مجلس اتحادالمسلمین کے سربراہ اسدادین اویسی نے کئی مقامات پر جلسہ عام سے خطاب کیا لیکن ان کے چھوٹے بھائی اور مجلس کے شعلہ بیان مقرر اکبرالدین اویسی نے مہاراشٹر میں کسی انتخابی مہم سے خطاب نہیں کیا ۔ اسد الدین اویسی نے طلاق ثلاثہ ، بابری مسجد اور اتحادملت جیسے عنوانات کو لیکرمسلمانوں کے دل میں گھر کرنے کی کوشش کی۔
کانگریس این سی پی نے ریاست اور ملک میں اقتصادی بحران ،بے روزگاری ، دیہی علاقوں میں سہولیت کا فقدان اور دیگر مسائل کو لیکر حکومت پر حملہ بولا۔ سابق وزیر اعظم ڈاکٹر منموہن سنگھ نے بھی ممبئی میں دانشوروں اورتاجروں سے ایک میٹنگ سے خطاب کیا اور کہا کہ ہر بری چیز کو کانگریس سے منسوب کر دینے سے کام نہیں چلے گا۔
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔