تصویر یو این آئی
پریاگ راج: مہاکمبھ 2025 میں ایک اور افسوسناک حادثہ پیش آیا جب ہیلیم گیس سے بھرا ایک ہاٹ ایئر بیلون اچانک زور دار دھماکے سے پھٹ گیا، جس کے نتیجے میں بیلون کی باسکٹ میں سوار 6 عقیدت مند شدید طور پر جھلس گئے۔ یہ حادثہ مہاکمبھ میلہ علاقے کے سیکٹر 20 میں واقع اکھاڑا مارگ کے قریب پیش آیا جہاں بسنت پنچمی کے اسنان کے دوران بیلون فضا میں بلند ہو رہا تھا۔
Published: undefined
حادثہ اس وقت پیش آیا جب بیلون ہیلیم گیس بھرنے کے بعد زمین سے اٹھنے لگا اور اچانک زور دار دھماکے کے ساتھ پھٹ گیا۔ خوش قسمتی سے بیلون زیادہ بلندی پر نہیں پہنچا تھا، ورنہ حادثہ اور بھی زیادہ ہولناک ہو سکتا تھا۔
زخمیوں میں 27 سالہ پردیپ، 13 سالہ امن، 16 سالہ نکھل، 50 سالہ مینک، 32 سالہ للت اور 25 سالہ شوبھم شامل ہیں۔ ان میں پردیپ اور نکھل رِشیکیش کے رہائشی ہیں، امن ہرِدوار سے ہے، للت مدھیہ پردیش کے ضلع کھرگون سے تعلق رکھتا ہے، شوبھم اندور کا رہنے والا ہے جبکہ مینک پریاگ راج کا مقامی باشندہ ہے۔ زخمیوں میں سے ایک کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔
Published: undefined
حادثے کے فوری بعد ریسکیو ٹیموں نے موقع پر پہنچ کر زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد فراہم کی اور انہیں مہاکمبھ کے ذیلی مرکزی اسپتال منتقل کیا گیا۔ بعد ازاں حالت تشویشناک ہونے کے باعث انہیں میڈیکل کالج کے زیرِ انتظام سوروپ رانی نہرو اسپتال ریفر کر دیا گیا، جہاں ان کا علاج جاری ہے۔
Published: undefined
واضح رہے کہ اس سے قبل مہاکمبھ میں مونی اماواسیہ کے موقع پر بھگدڑ کے ایک افسوسناک واقعے میں 30 افراد جاں بحق ہو گئے تھے۔ یہ مسلسل دوسرا بڑا حادثہ ہے جس نے مہاکمبھ کے حفاظتی انتظامات پر سوالیہ نشان لگا دیا ہے۔
انتظامیہ نے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہے تاکہ حادثے کی اصل وجوہات معلوم کی جا سکیں اور مستقبل میں ایسے واقعات سے بچا جا سکے۔
Published: undefined
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: undefined