قومی خبریں

عام انتخاب 2019: دہلی کی 4 سیٹیں ہم عآپ کو دے رہے تھے لیکن کیجریوال نے ’یو ٹرن‘ لے لیا... راہل

ایک عوامی جلسے میں متنازعہ بیان دے کر سماج وادی پارٹی کے رہنما اعظم خاں برے پھنس گئے ہیں، ان کے خلاف متنازعہ بیان دینے کے معاملے میں ایک ایف آئی آر درج کر لی گئی ہے۔

راہل گاندھی
راہل گاندھی 

دہلی کی 4 سیٹیں ہم عآپ کو دے رہے تھے لیکن کیجریوال نے ’یو ٹرن‘ لے لیا: راہل

کانگریس اور عام آدمی پارٹی (عآپ) کے درمیان دہلی میں اتحاد سے متعلق راہل گاندھی نے ٹوئٹ کرتے ہوئے لکھا ہے کہ ’’دونوں پارٹیوں میں اتحاد ہونے کا مطلب ہے بی جے پی کا راستہ رک جانا۔ اس کے لیے ہم دہلی میں عآپ کو 4 سیٹیں دینے کے لیے تیار ہیں، لیکن کیجریوال نے ایک بار پھر یو ٹرن لے لیا ہے۔‘‘ انھوں نے مزید لکھا ہے کہ ’’ہمارے دروازے اب بھی کھلے ہیں، لیکن وقت نکلتا جا رہا ہے۔‘‘

Published: 15 Apr 2019, 11:10 AM IST

جموں و کشمیر: محبوبہ مفتی کے قافلے پر سنگ باری

اننت ناگ: جنوبی کشمیر کے ضلع اننت ناگ کے بجبہاڑہ علاقے میں پیر کے روز پی ڈی پی صدر محبوبہ مفتی کے قافلے پر سنگ باری ہوئی۔ موصولہ اطلاعات کے مطابق پی ڈی پی صدر اور سابق وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی پیر کے روز اننت ناگ میں واقع کھرم شریف پر حاضری دینے کے بعد بجبہاڑہ، جہاں انہیں ایک انتخابی جلسے سے خطاب کرنا تھا، کی طرف جارہی تھیں کہ سرہامہ پہنچتے ہی ان کے کارواں پر سنگ باری ہوئی۔

ایک سرکاری عہدیدار نے اس سلسلے میں بتایا کہ سنگ باری کے حملے سے اگرچہ محبوبہ مفتی کو کوئی گزند نہیں پہنچی تاہم کارواں میں شامل ایک گاڑی کو نقصان پہنچا۔ انہوں نے بتایا کہ پولس نے علاقے کو محاصرے میں لے کر محبوبہ مفتی کو بہ صحیح سلامت بجبہاڑہ پہنچایا جہاں انہوں نے پارٹی کارکنوں سے خطاب کیا۔

ادھر ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ محبوبہ مفتی کے کارواں پر ہوئے سنگ باری حملے میں ایک ایس ایس جی اہلکار زخمی ہوا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ پولس نے اس سلسلے میں کیس درج کر کے تحقیقات شروع کی ہے۔
بتادیں کہ پی ڈی پی صدر محبوبہ مفتی اننت ناگ پارلیمانی حلقہ انتخاب سے قسمت آزمائی کررہی ہیں۔ وادی کشمیر کا حساس ترین پارلیمانی حلقہ مانے جانے والے اننت ناگ میں تین مرحلوں میں ووٹنگ ہونی ہے۔

Published: 15 Apr 2019, 11:10 AM IST

یوگی آدتیہ ناتھ اور مایاوتی کی انتخابی تشہیر پر الیکشن کمیشن نے لگائی پابندی

انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کرنے کے الزام میں انتخابی کمیشن نے یو پی کے وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ اور بی ایس پی سربراہ مایاوتی کے خلاف کارروائی کی ہے۔ انتخابی کمیشن نے یوگی آدتیہ ناتھ پر 72 گھنٹے انتخابی تشہیر کرنے پر پابندی عائد کی ہے جب کہ حکم کے مطابق مایاوتی 48 گھنٹے انتخابی تشہیر میں حصہ نہیں لے سکتی ہیں۔ یہ حکم منگل کی صبح 6 بجے سے قابل عمل ہوگا۔ انتخابی کمیشن کے حکم کے مطابق اس دوران یوگی آدتیہ ناتھ اور مایاوتی کوئی بھی انتخابی تشہیر یا روڈ شو نہیں کریں گے۔ حتیٰ کہ یہ دونوں انٹرویو بھی نہیں دے سکتے ہیں۔

Published: 15 Apr 2019, 11:10 AM IST

بی جے پی کارکنان ماحول خراب کرنے کی کوشش کر رہے: اُرملا ماتونڈکر

ممبئی (نارتھ) سے کانگریس امیدوار ارملا ماتونڈکر نے پولس میں ایک شکایت درج کرائی ہے جس میں کہا گیا ہے کہ ان کی جان کو خطرہ ہے اس لیے پولس سیکورٹی دی جائے۔ دراصل ارملا ماتونڈکر نے اپنی انتخابی تشہیر کے دوران کانگریس کارکنان اور بی جے پی حامیوں کے درمیان ہوئی ہاتھا پائی کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ’’بی جے پی کارکنان کے ذریعہ ایک خوف پھیلانے کی کوشش ہو رہی ہے۔ جو ہاتھا پائی ہوئی ہے وہ صرف ایک شروعات ہے اور یہ تشدد کی شکل بھی اختیار کر سکتی ہے۔‘‘ ارملا ماتونڈکر نے مزید کہا کہ جو کچھ ہو رہا ہے اس سے میری جان کو خطرہ ہے، میں نے پولس میں شکایت درج کراتے ہوئے سیکورٹی انتظامات کے لیے کہا ہے۔

Published: 15 Apr 2019, 11:10 AM IST

پرینکا گاندھی نے کہا ’ایک خاتون نے ہیلی کاپٹر اڑایا، مجھے اس پر فخر ہے

پرینکا گاندھی نے ٹوئٹ کر کہا، ’’میں جس ہیلی کاپٹر میں تھی اسے ایک خاتون پائلیٹ اڑا رہی تھی، مجھے اس پر فخر ہے‘‘۔ دراصل پرینکا گاندھی ان دنوں انتخابی جلسوں کو لگاتار خطاب کر رہی ہیں، جس کے لئے وہ ہیلی کاپٹر استعمال کر رہی ہیں، جس ہیلی کاپٹر سے وہ انتخابی ریلی کو خطاب کرنے جا رہی تھیں، اسے ایک خاتون پائلٹ اڑا رہی تھی، انہوں نے ٹوئٹ کر خاتون پائلیٹ کی تصویر بھی شیئر کی ہے۔

Published: 15 Apr 2019, 11:10 AM IST

فتح پور سیکری میں راہل، پرینکا ’نیائے یاترا‘ کا آج کریں گے آغاز

کانگریس صدر راہل گاندھی اور پارٹی کی جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی آج اترپردیش کے فتح پور سیکری سے ’نیائے یاترا‘ کا تعارف کرائے گیں، ان کے ساتھ کانگریس جنرل سکریٹری جیوترادتیہ سندھیا بھی موجود رہیں گے۔ فتح پور سیکری سے راج ببر انتخابی میدان میں ہہیں۔ ’نیائے یاترا‘ کو ہری جھنڈی دکھانے کے بعد بَاہ اسمبلی حلقے کے جرار میں راج ببر کی حمایت میں راہل، پرینکا گاندھی اور سندھیا ایک اجتماع کو خطاب بھی كریں گے۔

Published: 15 Apr 2019, 11:10 AM IST

متنازعہ بیان کے معاملے میں اعظم خان کے خلاف ایف آئی آر درج

اس سے پہلے اعظم خان نے صفائی دیتے ہوئے کہا تھا کہ دراصل ان کی بات کو غلط طریقے سے پیش کیا جا رہا ہے، ان کا کہنا ہے کہ انہوں نے اپنی تقریر کے دوران کسی کا نام نہیں لیا تھا اور اگر وہ مجرم ثابت ہو گئے تو الیکشن نہیں لڑیں گے۔

Published: 15 Apr 2019, 11:10 AM IST

اعظم خاں کے بیان پر جیہ پردا نے کہا، ’’اعظم خان کا میرے خلاف اس طرح کا بیان کوئی نئی بات نہیں ہے، اس سے پہلے بھی وہ 2009 میں میرے خلاف اس طرح کے بیان دے چکے ہیں، جب میں ان کی پارٹی سے الیکشن لڑ رہی تھی، اس وقت کسی نے میرا ساتھ نہیں دیا تھا، جب انہوں نے میرے خلاف بیان دیا تھا، میں ایک عورت ہوں، میں ان الفاظ کو دوبارہ دہرا نہیں سکتی، مجھے نہیں پتہ کہ آخر وہ میرے خلاف ایسے الفاظ کا استعمال کیوں کرتے ہیں‘‘۔

جیہ پردا نے مزید کہا کہ ’’اعظم خان کو الیکشن نہیں لڑنے دینا چاہیے، اگر یہ شخص انتخاب جیتا تو جمہوریت کا کیا ہوگا؟ معاشرے میں خواتین کے لئے کوئی جگہ نہیں ہوگی، ہم کہاں جائیں گے؟ کیا میں مر جاؤں تبھی آپ مطمئن ہوں گے، آپ اگر یہ سوچ رہے ہیں کہ میں ڈر کر رامپور چھوڑ دوں تو میں ایسا نہیں کرنے والی‘‘۔

Published: 15 Apr 2019, 11:10 AM IST

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔

Published: 15 Apr 2019, 11:10 AM IST