قومی خبریں

اہم خبریں: شری رام جنم بھومی تیرتھ چھیتر ٹرسٹ کے صدر نرتیہ گوپال داس کی طبیعت بگڑی

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا 

شری رام جنم بھومی تیرتھ چھیتر ٹرسٹ کے صدر نرتیہ گوپال داس کی طبیعت بگڑی

شری رام جنم بھومی تیرتھ چھیتر ٹرسٹ کے صدر اور منی رام داس چھاؤنی کے مہنت نرتیہ گوپال داس کی طبیعت اچانک بگڑنے کے بعد انہیں میندانتا اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔ یہ خبر وشو ہندو پریشد کے سرکل میڈیا انچارج شرد شرما نے دی اور بتایا کہ مہنت نرتیہ گوپال داس کی طبیعت خراب ہونے کے بعد انہیں لکھنؤ کے میدانتا اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ تقریباً 85 سالہ نرتیہ گوپال داس کو سینے میں درد ہے اور سانس لینے میں بھی تکلیف ہو رہی ہے۔ قابل ذکر ہے کہ حال ہی میں وہ کورونا سے شفایاب ہوئے ہیں، اور پھر طبیعت خراب ہونے سے ان کے شیدائیوں میں تشویش کا ماحول ہے۔

Published: 09 Nov 2020, 9:40 AM IST

پولیس کا پونچھ میں بھاری مقدار میں اسلحہ وگولہ بارود برآمد کرنے کا دعویٰ

جموں: پولیس نے صوبہ جموں کے ضلع پونچھ میں دوران شب ایک تلاشی آپریشن کے دوران بھاری مقدار میں اسلحہ و گولہ بارود برآمد کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔ پولیس کی طرف سے جاری ایک بیان میں کہا گیا کہ مصدقہ اطلاع موصول ہونے پر فوج کی 10 آسام رجمنٹ اور پولیس کے اسپیشل آپریشنز گروپ کی ایک مشترکہ ٹیم نے اتوار اور پیر کی درمیانی شب پونچھ کے کرنی علاقے میں تلاشی آپریشن شروع کیا۔

بیان میں کہا گیا کہ آپریشن کے دوران لائن آف کنٹرول کے نزدیک اسلحہ و گولہ باردو سے بھرا ہوا ایک بیگ برآمد کیا گیا۔ بیان کے مطابق برآمد شدہ ہتھیاروں میں 4 اے کے 56 رائفلیں، 4 اے کے میگزین، 141 اے کے راؤنڈس، 2 اے جی ایل گرینیڈ، 2 ہتھ گولے، 20 اسلامی ڈائریاں، ایک کیمل بیگ شامل ہے۔ پولیس بیان میں کہا گیا کہ ابتدائی تحقیقات کے مطابق یہ سامان لشکر طیبہ سے وابستہ ملی ٹنٹوں کے لئے کشمیر اسمگل کیا جا رہا تھا۔ بیان میں کہا گیا کہ اس ضمن میں پولیس اسٹیشن پونچھ میں ایک کیس درج کیا گیا ہے۔

Published: 09 Nov 2020, 9:40 AM IST

حکومت کسانوں، نوجوانوں سے جھوٹے وعدے کر رہی ہے: اجے کمار للو

بستی: اترپردیش کانگریس کے ریاستی صدر اجے کمار للو نے پیر کو یہاں کہا کہ مرکز و ریاست کی بی جے پی حکومت کسانوں، نوجوانوں سے جھوٹے وعدے کرکے ملک کے شہریوں کو گمراہ کر رہی ہے۔ ریاستی صدر نے یہاں میڈیا نمائندوں سے بات چیت میں کہا کہ مرکز وریاست کی بی جے پی حکومت کسانوں، نوجوانوں سے جھوٹے وعدے کر رہی ہے۔ کورونا بحران میں 23 لاکھ دینے کی بات حکومت عوامی پلیٹ فارم پر رکھے جس سے حقیقت کا پتہ چل سکے پوری ریاست کے نوجوان بے روزگاری کی مار جھیل رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ 2022 کے اسمبلی انتخابات میں اگر کانگریس اقتدار میں آئی تو التوا کا شکار نوکریوں کے لئے راستہ نکالا جائے گا اور ریاست کی چہار رخی ترقی ہوگی۔ حکومت کا دھیان بھدوہی کی قالین صنعت پر نہیں پڑ رہی ہے جو بند ہونے کے دھانے پر ہے۔ پوری ریاست میں نظم ونسق پٹری سے اتر چکا ہے۔ اس میں بہتری کے لئے پارٹی سڑک پر اتر کر احتجاج کرے گی۔

Published: 09 Nov 2020, 9:40 AM IST

ارنب گوسوامی کو بامبے ہائی کورٹ سے نہیں ملی عبوری ضمانت

ممبئی ہائی کورٹ نے ریپبلک ٹی وی کے ایڈیٹر ارنب گوسوامی کو عبوری ضمانت دینے سے انکار کردیا ہے۔ بامے ہائی کورٹ نے ارنب سے نچلی عدالت میں ضمانت کی درخواست دائر کرنے کو کہا ہے۔ اس کے بعد، ارنب گوسوامی کی جانب سے علی بابا سیشن کورٹ میں ضمانت کی درخواست دائر کی گئی ہے۔ 5 نومبر کو رائے گڑھ پولیس نے ارنب گوسوامی کو انوے نائک خودکشی کیس میں ممبئی سے گرفتار کیا تھا۔

Published: 09 Nov 2020, 9:40 AM IST

مہاراشٹر گورنر نے ارنب گوسوامی کی سیکورٹی کو لیکر وزیر داخلہ سے کی گفتگو

ممبئی: مہاراشٹر کے گورنر بھگت سنگھ کوشیاری نے آج یہاں وزیر داخلہ انیل دیشمکھ سے رپبلک انڈیا ٹی وی چینل کے مدیر ارنب گوسوامی کی سیکورٹی کو لیکر ٹیلی فون پر گفتگو کی اور احکامات جاری کیے کہ ان کے لئے سخت حفاظتی انتظامات کیے جائیں۔ واضح رہیکہ ارنب پر ایک انٹریر ڈیکوریٹر کو خودکشی پر مجبور کرنے کا معاملہ درج ہے اور وہ فی الوقت ممبئی سے متصلہ شہرنوی ممبئی کے تلوجہ جیل میں مقید ہے۔ گزشتہ روز ارنب نے الزام عائد کیا تھا کہ جیل میں ان کی جان کو خطرہ ہے اور انھیں پولیس نے تشدد کا نشانہ بنایا۔ ان خبروں کا نوٹس لیتے ہوئے گورنر نے وزیر داخلہ سے گفتگو کی، گورنر نے ارنب کے اہل خانہ کو جیل میں ملاقات کی اجازت دیئے جانے کے تعلق سے بھی بات چیت کی، اس دوران انیل دیشمکھ نے گورنر کو یقین دلایا کہ وہ اس سلسلے میں ضروری اقدامات کریں گے۔

Published: 09 Nov 2020, 9:40 AM IST

دیوالی کے موقع پر ممبئی میں پٹاخے جلانے پر پابندی

ممبئی: ممبئی مونسپل کارپوریشن نے آج یہاں دیوالی کے موقع پر عرس البلاد ممبئی میں پٹاخے جلانے پر پابندی عائد کر دی ہے۔ اس سلسلے میں کارپوریشن نے ایک مراسلہ جاری کیا ہے جس کے مطابق کارپوریشن کے حدود میں کسی بھی عوامی مقامات پر دیوالی کے موقع پر پٹاخے نہیں داغے جاسکتے ہیں بلکہ صرف دیوالی کے دن 14 نومبر کو ہی نجی رہائشی کالونیوں میں پھول جھڑی یا انار جیسے کم قوت والے پٹاخوں کو داغنے کی اجازت ھوگی۔ احکامات کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف کارپوریشن کے قانون کے مطابق کارروائی کی جائیگی۔

Published: 09 Nov 2020, 9:40 AM IST

راہل گاندھی نے تیجسوی یادو کو سالگرہ کی دی مبارکباد

نئی دہلی: کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی نے بہار میں گٹھ بندھن میں شریک راشٹریہ جنتا دل لیڈر تیجسوی یادو کو ان کی سالگرہ کی مبارکباد دی ہے اور ان کے روشن مستقبل کی تمنا کی ہے۔ راہل گاندھی نے ٹوئٹ کیا ’’تیجسوی یادو کو سالگرہ کی دلی مبارکباد اور روشن مستقبل کے لئے نیک خواہشات!‘‘ تیجسوی یادو اس وقت سرخیوں میں آئے جب بہار قانون ساز اسمبلی کے ایگزٹ پول کے بعد، ایگزٹ پول میں مہا گٹھ بندھ کو اقتدار کے قریب آتے ہوئے دکھایا، وہ گٹھ بندھن کے وزیراعلی کے عہدے کے امیدوار ہیں اور آج ان کی 31 ویں سالگرہ منائی جا رہی ہے جس کی راہل گاندھی نے مبارکباد دی ہے۔ بہار اسمبلی انتخابات کے نتائج منگل کو آئیں گے۔

Published: 09 Nov 2020, 9:40 AM IST

دہلی-این سی آر میں 30 نومبر تک پٹاخوں کی فروخت پر پابندی

نیشنل گرین ٹریبونل (این جی ٹی) نے دہلی-این سی آر میں آج آدھی رات سے 30 نومبر تک ہر طرح کے پٹاخوں کی فروخت اور استعمال پر پابندی عائد کردی ہے۔ اس کا مطلب یہ ہے کہ 30 نومبر تک دہلی میں آتش بازی کا کوئی کاروبار نہیں ہوسکتا ہے اور نہ ہی آتشبازی کی جا سکتی ہے۔

Published: 09 Nov 2020, 9:40 AM IST

فرانس میں کورونا کے 38619 نئے معاملے

پیرس: فرانس میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کے 38619 نئے معامنے سامنے آئے ہیں اور اس کی وجہ سے 270 مریضوں کی موت ہوئی ہے۔ محکمہ صحت کے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق اس وبا سے اب تک 1787324 افراد متاثر اور 40439 افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔ وہیں 822 مریضوں کے اضافے کے بعد مختلف اسپتالوں میں زیر علاج مریضوں کی تعداد 30243 ہوگئی ہے۔ واضح رہے کہ کووڈ ۔19 کو روکنے کے لئے فرانس نے 30 اکتوبر کو ایک بار پھر لاک ڈاؤن نافذ کرکے غیر ضروری سامان کی فروخت پر پابندی عائد کردی ہے۔ اس کے تحت کیفے اور ریستوراں بند رکھنے کی ہدایت دی گئی ہے۔

Published: 09 Nov 2020, 9:40 AM IST

سعودی شاہ اور شہزادے نے بائیڈن کو دی مبارکباد

سعودی شاہ اور شہزادے نے بائیڈن کو دی مبارکباد ریاض: سعودی عرب کے شاہ سلمان اور کراؤن پرنس محمد بن سلمان نے اتوار کو امریکہ کے صدارتی انتخابات میں جیت حاصل کرنے پر ڈیموکریٹک پارٹی کے امیدوار جو بائیڈن کو مبارکباد دی ہے۔ سعودی ریاستی خبررساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق انہوں نے امریکہ کے عوام کے لئے ترقی اور خوشحالی کی تمنا کی اور امریکہ۔ سعودی عرب تاریخی تعلقات پر زور دیا۔ دونوں لیڈروں نے جو بائیڈن کی معاون اور امریکہ کی تاریخ میں نائب صدر بننے والی کملا ہیرس کو بھی مبارکباد دی۔

Published: 09 Nov 2020, 9:40 AM IST

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔

Published: 09 Nov 2020, 9:40 AM IST