ملکارجن کھڑگے، تصویر ’ایکس‘ @INCIndia
نئی دہلی: کانگریس صدر ملکارجن کھڑگے نے فکّی (ایف آئی سی سی آئی) کے صد سالہ اجلاس میں وزیر اعظم نریندر مودی کی تقریر پر سخت ردعمل ظاہر کرتے ہوئے مرکز کی بی جے پی حکومت کو نشانہ بنایا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم نے اپنی حکومت کی ناکامیوں کا ذمہ دار صنعت و تجارت کے شعبے کو ٹھہرا دیا، جبکہ گزشتہ 12 برسوں میں حکومت کی پالیسیوں نے ملک کی معیشت کو نقصان پہنچایا ہے۔
ملکارجن کھڑگے نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اپنی پوسٹ میں کہا کہ کانگریس پارٹی اقتصادی لبرلائزیشن (معاشی اصلاحات) کی بانی ہے اور ملک میں دہائی وار اوسط اقتصادی ترقی کی بلند ترین شرح کانگریس اور یو پی اے حکومت کے دور میں ہی درج کی گئی تھی۔
انہوں نے وزیر اعظم مودی کی تقریر پر طنز کرتے ہوئے کہا کہ ایسا محسوس ہوا جیسے وزیر اعظم اپوزیشن لیڈر ہوں اور 12 برس بعد نیند سے جاگے ہوں۔ کھڑگے نے الزام لگایا کہ مودی نے فکّی کے اجلاس میں اپنی ناکامیوں کا بوجھ صنعت و تجارت کے شعبے پر ڈالنے کی کوشش کی۔
کانگریس صدر نے کہا کہ ان کی پارٹی ہمیشہ معیشت میں سبھی کو یکساں مواقع فراہم کرنے اور صحت مند مسابقت کے حق میں آواز اٹھاتی رہی ہے۔ اس سلسلے میں حکومت کو بار بار متنبہ بھی کیا گیا، لیکن مودی حکومت نے ملک کے تمام وسائل ایک یا دو سرمایہ دار دوستوں کے حوالے کرنے کا کام کیا۔ اس پالیسی سے چھوٹی صنعتوں اور تاجروں کو شدید نقصان پہنچا ہے۔
کھڑگے نے کہا کہ صحت مند مسابقت کی کمی نے ملک میں اختراع (انوویشن) کے عمل کو متاثر کیا ہے۔ اس کے نتیجے میں مصنوعات کے معیار سے سمجھوتہ ہوا اور عالمی منڈی میں ہندوستانی مصنوعات کی ساکھ اور برانڈ ویلیو کمزور ہوئی ہے۔
انہوں نے ملک کی موجودہ اقتصادی صورت حال پر تشویش ظاہر کرتے ہوئے الزام لگایا کہ آج ملک میں روزگار کے مواقع کم ہیں، لوگوں کی بچت گھٹ رہی ہے اور مہنگائی عروج پر ہے۔ ان کے مطابق، سرکاری شعبے کے اداروں کو ختم کیا جا رہا ہے اور حکومت کی ’میک اِن انڈیا‘ مہم اب ’بائی فرام چائنا‘ (چین سے خریداری) میں تبدیل ہو گئی ہے۔
کانگریس صدر نے بی جے پی پر مزید حملہ کرتے ہوئے کہا کہ پارٹی نے اپنے مفادات کے لیے ہندوستانی معیشت کا ڈھانچہ چند منتخب سرمایہ داروں کے حوالے کر دیا ہے۔ انہوں نے اسے ملک کی معیشت کے لیے سب سے بڑا چیلنج اور اقتصادی تباہی قرار دیا۔
کھڑگے کے اس بیان کو فکّی کے صد سالہ اجلاس میں وزیر اعظم مودی کی تقریر کے بعد کانگریس کی جانب سے حکومت کی اقتصادی پالیسیوں پر ایک سخت سیاسی حملے کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔